1
مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی جھڑپ میں بھارتی فوج کا اہلکار ہلاک،بھارتی میڈیا کے مطابق پہلگام حملے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کو الرٹ کردیا گیا تھا۔ضلع اودھم پور میں سیکیورٹی آپریشن کے لیے جانے والی بھارتی فوج کی ٹیم پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی۔دو طرفہ فائرنگ کے دوران اب تک ایک بھارتی فوج کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ جھڑپ اب بھی جاری ہے۔جائے وقوعہ پر ایمبولینسوں کو جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔
2
پراپرٹی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم کرنے کی سمری کابینہ کو ارسال،رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا، سمری کے مطابق فائلرز پر 3٪، لیٹ فائلرز پر 5٪، نان فائلرز پر 7٪ ایف ای ڈی عائد کی گئی تھی، ایف ای ڈی سے رئیل اسٹیٹ لین دین میں نمایاں کمی آئی۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم پہلے ہی ایف ای ڈی ہٹانے کی منظوری دے چکے ہیں، عدالت میں ایف ای ڈی کے خلاف کیس زیر سماعت ہے۔ذرائع نے کہا کہ ایف بی آر کو پراپرٹی ٹرانزیکشن سے ایف ای ڈی کی وصولی کے درست اعداد و شمار نہیں ملے، پراپرٹی ویلیوایشن ٹیبلز میں بجٹ کے بعد تبدیلی ہوگی۔
3
قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس؛ ہزاروں جعلی پاسپورٹس بننے کا انکشاف،سینیٹر فیصل سلیم کی زیرصدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا، جس میں خیبر پختونخوا میں سکیورٹی کی صورت حال پر بھی بات چیت کی گئی۔سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ کے لیے وزیرداخلہ کو ہونا چاہیے تھا۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ ہم نے پختونخوا کے ہوم سیکرٹری اور آئی جی کو بلایا تھا، دونوں ہی نہیں آئے، جس پر اسپیشل ہوم سیکرٹری کے پی نے بتایا کہ آئی جی کے پی اور ہوم سیکرٹری کابینہ میٹنگ میں ہیں، اس لیے نہیں آ سکے۔ چیئرمین کمیٹی نے اس ایجنڈے کو آئندہ اجلاس تک مؤخر کردیا۔
4
پاکستان کی جانب سے واہگہ بارڈر تاحال کھلا، بھارت سے شہریوں کی واپسی شروع،ذرائع کے مطابق پاکستان کی طرف سے واہگہ سرحد اوپن ہے اور انڈیا میں موجود پاکستانی شہریوں کی آج سے واپسی کا امکان ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے عام ویزا کے حامل پاکستانیوں کو یکم مئی تک بھارت چھوڑنے کی مہلت دی گئی ہے۔اسی طرح سارک ویزا کے حامل پاکستانیوں کو 48 گھنٹے کی مہلت دی گئی اور ان کی آج واپسی کا امکان ہے۔تازہ صورت حال کے پیش نظر واہگہ بارڈر پر امیگریشن اور سکیورٹی حکام متحرک ہیں دوسری جانب پاکستان میں موجود بھارتی شہریوں کی واپسی کا بھی امکان ہے۔
5
شادی کی تقریب میں فائرنگ سے فرسٹ ایئر کے امتحان کی تیاری کرتی 19 سالہ طالبہ گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئی۔نیوکراچی کے علاقے میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر 19 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی ، مقتولہ کی لاش 3 گھنٹے سے زائد دیر تک گھر کی چھت پر پڑی رہی ہے اور کسی کو پتا نہیں چلا جب کہ باراتی فائرنگ کرتے ہوئے بارات لے کر حیدرآباد چلے گئے ۔پولیس کے مطابق سیکٹر الیون ڈی مکان نمبر 70 /06 کی چھت پر فائرنگ کی زد میں آکر 19 سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی ، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ، جہاں اس کی شناخت 19 سالہ لائبہ دختر احمد علی کے نام سے کی گئی ۔
6
25 اپریل کو آسمان پر ’مسکراتے چہرے‘ کا حیرت انگیز قدرتی مظہر رونما ہوگا۔ناسا کے مطابق رواں ہفتے سیارہ زہرہ، زحل، اور چاند 25 اپریل کو طلوع فجر سے پہلے آسمان میں "مسکراتے چہرے” کی شکل اختیار کریں گے۔یہ نظارہ مقامی وقت کے مطابق صبح 5:30 بجے طلوع آفتاب سے عین قبل مشرقی افق کے قریب واقع ہوگا۔اس مظہر میں سیارہ زہرہ آسمان میں اونچے مقام پر ہوگا اور اس کے نیچے زحل اور ایک پتلا ہلال جو مثلث کو تھوڑا سا شمال کی طرف مکمل کرے گا۔ تینوں ایک مسکراتے ہوئے چہرے کی طرح ایک بصری اثر پیدا کریں گے۔تاہم دیکھنے کا وقت مختصر ہے کیونکہ سورج تقریباً ایک گھنٹے بعد طلوع ہوجائے گا۔


