1
”مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا،“ سینیٹ میں بھارت کیخلاف قرارداد منظور،چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس کی معمول کی کارروائی معطل کی گئی، سینیٹ اجلاس کی کارروائی کے دوران بھارتی اقدامات کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی، سینیٹ میں قرارداد نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے پیش کی۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ہرقسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑجواب دیا جائے گا، بھارت کے تمام الزامات مسترد کرتے ہیں۔سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد ہم انتظار کر رہے تھے کہ آگے کیا بات چلے گی، انہوں نے پاکستان کا براہ راست نام نہیں لیا، کوئی شواہد نہیں کہ پاکستان کو اس واقعے سے لنک کیا جاتا۔سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ معطل نہیں کیا جاسکتا، معاہدے میں لکھا ہے کہ اسے ختم کرنا ہے تو اتفاق رائے سے ہو گا، پانی 24 کروڑ پاکستانیوں کی لائف لائن ہے، قومی سلامتی کمیٹی کہہ چکی پانی بند کرنا جنگ کے مترادف ہو گا، اس خطے میں امن، ترقی نہیں ہو رہی، اس کی ایک بڑی وجہ بھارت ہے، سارک چاہتا ہے ترقی ہو لیکن ایک ملک کی ہٹ دھڑمی اس کو آگے نہیں جانے دیتی۔
2
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا ہے کہ بھارت کے یکطرفہ رویے سے علاقائی امن و استحکام کو نقصان کا اندیشہ ہے، انڈیا نے پانی روکا تو بھرپور جواب دیا جائے گا، پانی روکنے کی کسی بھارتی کارروائی کو جنگی اقدام سمجھا جائے گا۔کل قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے ہوئے، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان نے بھارت کو جوابات دیئے۔ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی ہندوستان کا غیر ذمہ دارانہ اقدام ہے، بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا، بھارت کے یکطرفہ رویے سے علاقائی امن و استحکام کو نقصان کا اندیشہ ہے، بھارتی اقدامات نے دوقومی نظریے پر مہر ثبت کر دی۔بھارت نے پانی روکا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا، پانی روکنے کی کسی بھارتی کارروائی کو جنگی اقدام سمجھا جائے گا، پاکستان کی مسلح افواج ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔
3
پہلگام واقعے کے بعد اقوام متحدہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔نیویارک میں بریفنگ کے دوران اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، تاہم تاحال ان کا اسلام آباد یا نئی دہلی سے براہِ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا۔اقوام متحدہ نے بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھارت اور پاکستان کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔انہوں نے دونوں ملکوں کو متنبہ کیا کہ موجودہ کشیدہ فضا میں کسی بھی قسم کی غیر ذمے دارانہ کارروائی خطے کے امن کو مزید نقصان پہنچا سکتی ہے، اقوام متحدہ کا مؤقف واضح ہے کہ پاکستان اور بھارت کو تمام مسائل پرامن بات چیت سے حل کرنے چاہئیں اور کسی بھی یکطرفہ قدم سے گریز کیا جانا چاہیے۔
4
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے تمام فیصلے قوم کے دل کی آواز ہیں، پوری قوم سلامتی کمیٹی کے فیصلوں اور اقدامات کے ساتھ کھڑی ہے۔صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ نے اہم ملاقات کی جس میں محسن نقوی نے پہلگام واقعہ کے بعد بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات کے تناظر میں تفصیلی بریفنگ دی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے بارے بریف کیا، آصف علی زرداری نے قومی سلامتی کمیٹی کے بروقت، فوری اور دور اندیش قومی اقدامات اور فیصلوں کو سراہا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان کا دفاع الحمداللہ ناقابل تسخیر ہے۔
5
دو ایٹمی طاقتیں تناؤ کی حالت میں آمنے سامنے کھڑی ہیں، چنانچہ جنگ ہوئی تو کسی کا کچھ نہیں بچے گا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھارتی فالس فلیگ آپریشن کے پاکستانی ردعمل پر اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ پہلگام حملے پر بغیر ثبوت و تحقیق پاکستان پر الزام تراشی انتہا پسند مودی حکومت کا غیر دانشمندانہ عمل ہے۔انڈس واٹر سسٹم ٹریٹی کی غیر قانونی منسوخی سمیت پاکستان مخالف بھارتی اقدامات نے علاقے میں ٹینشن بڑھا دی ہے جبکہ پاکستانی اقدامات جوابی کارروائی ہیں، دو ایٹمی طاقتیں تناؤ کی حالت میں آمنے سامنے کھڑی ہیں چنانچہ جنگ ہوئی تو کسی کا کچھ نہیں بچے گا، ہم پہل نہیں کریں گے لیکن حملہ ہوا تو پوری قوت سے جواب دیا جائے گا۔
6
اقوام متحدہ کے تمام پلیٹ فارمز پر تعمیری کردار جاری رکھیں گے۔عالمی یوم کثیرالجہتی اور امن کیلئے سفارت کاری پر اپنے پیغام میں وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان کے اقوام متحدہ کے چارٹر پر غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے تمام پلیٹ فارمز پر تعمیری کردار جاری رکھے گا۔ہدنیا کو اقوام متحدہ کے چارٹر پر عملدرآمد کی ضرورت ہے، پرانے تنازعات کے حل کیلئے کثیرالجہتی کوششیں تیز کی جائیں، پائیدار ترقی اور امن کیلئے عالمی تعاون ناگزیر ہے۔
7
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کا ماتحت عدالتوں میں سائلین کو مکمل سہولیات فراہمی کا حکم،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم سائلین کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے تاریخی اقدامات کررہی ہیں، موسم میں تبدیلی یعنی گرمی کے موسم میں شدت آتے ہی دور دراز سے آنیوالے سائلین کو عدالتوں میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو اس حوالے سے چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے احکامات جاری کردیئے۔انہوں نے ہدایت کی ہے کہ سائلین کے لیے پینے کے ٹھنڈے اور صاف پانی کا فوری بندوبست کیا جائے جبکہ سائلین کے لیے پنکھوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے۔علاوہ ازیں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے پنجاب بھر کے سیشن ججز سے اس حوالے سے فوری عمل درآمد رپورٹ بھی طلب کر لی۔
8
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کر دیاپارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کا اجلاس چیئرمین فتح اللہ خان کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس کے آغاز پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی والدہ اور بھابھی کے انتقال پر فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔کمیٹی نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور اشتعال انگیز قرار دیا۔کمیٹی نے اپنے اعلامیے میں زور دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ہمیشہ خطے میں امن کے قیام کیلئے سنجیدہ کوششیں کرتا رہا ہے اور دہشت گردی کا خود شکار رہا ہے، تاہم اگر بھارت کی جانب سے کوئی بلاجواز اقدام کیا گیا تو پاکستان اس کا مناسب اور مؤثر جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔اجلاس میں کمیٹی نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی، اٹاری بارڈر کی بندش، سفیروں کی واپسی جیسے اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات خطے کے دو ایٹمی ریاستوں کے درمیان کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔
9
پاک بھارت معاملات کو بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں: امریکا کا پہلگام واقعہ پر ردعمل،ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں کہا کہ جموں و کشمیر کے معاملے پر فوری طور پر کوئی پوزیشن نہیں لے رہے، دونوں ممالک کے درمیان صورتحال تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ٹیمی بروس نے کہا کہ بھارت میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہیں، امریکا بھارت کے ساتھ کھڑاہے، حملے میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
10
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کے بم ڈسپوزل سکواڈ کی گاڑی کےقریب بم دھماکے میں 4 سکیورٹی اہلکار شہید اور 3 زخمی ہوگئے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکا کوئٹہ کے نواحی علاقے مارگٹ میں سکیورٹی فورسز کے بم ڈسپوزل سکواڈ کی گاڑی کے قریب ہوا، شہید ہونے والوں میں صوبیدار شہزاد امین، نائب صوبیدار عباس، سپاہی خلیل اور سپاہی زاہد جبکہ زخمیوں میں لانس نائیک ظفر، لائنس نائیک فاروق اور سپاہی خرم سلیم شامل ہیں۔دھماکے کے بعد فورسز کی بھاری نفری اور ریسکیو ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئیں، شہید اہلکاروں کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا،
11
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ نہروں کے معاملے پر چھوٹے صوبوں کے مفادات کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ مشترکہ مفادات کونسل میں خیبرپختونخوا کے چشمہ رائٹ بینک لفٹ کینال منصوبے کو نئے نہری منصوبوں سے نتھی کرنے سے گریز کیا جائے، چشمہ رائٹ بینک کینال (لفٹ کم گریویٹی منصوبہ) کی منظوری 1991 میں مشترکہ مفادات کونسل نے دی تھی۔مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کی روشنی میں تینوں صوبوں میں نہریں نکالی گئیں، تاہم خیبر پختونخوا میں تاحال اس منصوبے پر عملدرآمد نہیں ہو سکا، خیبرپختونخوا نے 35 فیصد فنڈنگ کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔
12
توشہ خانہ ٹو کیس: عمران اور بشریٰ کی بریت کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم،اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے کیس جلد مقرر کرنے کی متفرق درخواست منظور کر لی۔وکیل خالد یوسف چودھری نے استدعا کی کہ کیس سماعت کیلئے مقرر کرنے کی تاریخ دے دیں جس پر جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے کہ میں نے آرڈر کر دیا ہے آفس کیس سماعت کیلئے مقرر کر دے گا۔
13
کورونا وبا کے باعث معطل کی جانے والی مسافر ٹرین خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو 5 سال بعد بحال کر دیا گیا۔پشاور تا کراچی چلنے والی ٹرین کو خصوصی طور پر رنگ برنگی جھنڈیوں سے سجایا گیا اور بھکر میں سٹیشن پر لوگوں کی بڑی تعداد نے ٹرین کا شاندار استقبال کیا۔ریلوے حکام کے مطابق خوشحال ایکسپریس واحد ایسی مسافر ٹرین ہے جو چاروں صوبوں سے گزرتی ہے اور لاکھوں مسافروں کو براہِ راست سفری سہولیات فراہم کرتی ہے۔ٹرین پشاور سے کراچی کے درمیان چلائی جا رہی ہے اور اس کا روٹ بھکر، کوٹری، دادو، لاڑکانہ، جیکب آباد، کندھ کوٹ، کشمور، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، کوٹ ادو، کوٹ سلطان، لیہ، کندیاں، میانوالی، جنڈ، اٹک سٹی جنکشن، نوشہرہ اور پشاور شامل ہے، اس طویل راستے پر سفر کرتے ہوئے یہ ٹرین مختلف ثقافتوں اور علاقوں کو آپس میں جوڑنے کا ذریعہ بنتی ہے۔
14
کے پی حکومت کا سولرائزیشن منصوبہ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ،ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کی سرکاری عمارتوں پر سولر لگانے کے فیصلے پر عملی اقدامات شروع کر دیئے گئے، ابتدائی مرحلے میں صوبے کی جیلوں میں سولر لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں مخصوص علاقوں میں سٹریٹ لائٹ اور دیگر سرکاری عمارتوں پر سولر لگایا جائے گا۔منصوبہ شروع کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے لیے وقت مخصوص کر دیا گیا ہے، ابتدائی مراحل مکمل کرنے کے لیے محکمہ پی اینڈ ڈی 2 ماہ کے اندر ٹھیکیداروں سے بولی طلب کرے گا، انرجی ڈیپارٹمنٹ 15 دن میں اس پراجیکٹ کو کابینہ میں پیش کرے گا۔
15
مودی سرکار کی ناکام پالیسیاں، مقبوضہ کشمیر شدید اقتصادی بحران کا شکار،خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بعد نہ صرف وادی کی خودمختاری متاثر ہوئی بلکہ اس کے معاشی ڈھانچے کو بھی ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔کشمیر چیمبر آف کامرس کے مطابق وادی کی معیشت کو اب تک 400 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہو چکا ہے جبکہ سیاحتی شعبے کو 100 کروڑ روپے کا خسارہ برداشت کرنا پڑا، تجارتی سرگرمیوں پر مسلسل قدغن اور بندشوں کے باعث کشمیری تاجروں کی آمدنی میں 60 فیصد تک کمی آ چکی ہے۔آرٹیکل 370 کی تنسیخ کے بعد نافذ کیے گئے مواصلاتی بلیک آؤٹ اور کرفیو نے لاکھوں افراد کو بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم کر دیا، تعلیمی اداروں کی بندش کے باعث کشمیری نوجوانوں کا مستقبل غیر یقینی کا شکار ہے جبکہ زرعی مصنوعات پر عائد پابندیوں نے کسانوں کو بدترین مالی بحران سے دوچار کر دیا۔کشمیر میں بے روزگاری کی شرح 2019 کے بعد سے بڑھ کر 20 فیصد تک جا پہنچی ہے جو خطے میں معاشی تباہی کا منہ بولتا ثبوت ہے، مقامی تاجر، کسان، مزدور اور نوجوان سبھی معاشی بدحالی کے اثرات کا شکار ہیں۔
16
کراچی میں 3 سالہ بچہ والدین کے مبینہ تشدد سے جاں بحق،پولیس حکام کے مطابق بچے کے والدین کو حراست میں لے لیا گیا، اہل محلہ نے بھی گواہی دی کہ ماں اور باپ دونوں ہی بچے کو اکثر تشدد کا نشانہ بناتے تھے، بچے کی والدہ نے دوسری شادی کی تھی۔پولیس حکام نے مزید بتایا کہ بدھ کی رات بچے کی حالت خراب ہونے پر ہسپتال لیجایا گیا، ہسپتال میں بچے کے بارے میں سیڑھیوں سے گرنے کا بتایا گیا، تفتیش کے دوران ضرورت پڑنے پر قبر کشائی بھی کرائی جائے گی۔
17
پاکستان سٹاک مارکیٹ شدید مندی کے بعد ایک بار پھر مثبت زون میں آ گئی۔کاروباری ہفتے کے پانچویں اور آخری روز سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر تیزی دیکھنے میں آئی، 800 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 15 ہزار 844 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔