کشمور (حاکم نصیرانی) تحصیل کندھ کوٹ اے سیکشن تھانہ کی پولیس عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ اغوا برائے تاوان رہزنی ڈکیتی بھتہ خوری اور فائرنگ روز کا معمول کا بن چکے ہیں.

نامعلوم مسلح افراد نے کشمور ضلع کے واحد مشہور ای این ٹی اسپیشلسٹ و سماجی کارکن ڈاکٹر سریش کمار کے گھر پر بھتہ نہ دینے کی وجہ سے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ فائرنگ میں ڈاکٹر اپنے اہل خانہ سمیت معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ فائرنگ کے بعد مسلح افراد باآسانی بلا روک ٹوک کے بیچ شہر سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ڈاکٹر سریش کمار نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکوٶں نے ہفتہ قبل میرے بیٹے کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں منتھلی دیں ورنہ نتائج برے نکلیں گے۔ ہم نے پولیس کو اطلاع دی لیکن پولیس نے سنی ان سنی کر کے ہمارے خاندان کی حفاظت کیلئے کوئی حفاظتی اقدام نہیں اٹھائے جس کی وجہ سے آج یہ واقعہ پیش آیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں ایک ڈاکٹر ہونے کے ستھ سماجی کارکن بھی ہوں ہر کسی کے دکھ سکھ میں ساتھ دینے کی کوشش کرتا ہوں اگر میرے ساتھ یہ ظلم ہے تو عام انسان کے ساتھ کیا ہوتا ہوگا؟ انہوں نے ایس ایس پی کشمور سے اپیل کی کہ ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے اگر پولیس تحفظ نہیں دیگی تو مجبوراً ہم یہاں سے ہجرت کر کے چلے جائیں گے۔