1
مسلم لیگ (ن ) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اسرائیل کی پالیسی پر چلتے ہوئے مودی مقبوضہ کشمیر کو غزہ بنانے کی کوشش کررہا ہے۔ بھارت اب سب سے بڑی جمہوریت نہیں، مسلمان اور دیگر اقلیتوں کی سب سے بڑی قتل گاہ بن چکا ہے۔ پاکستان کا پانی بند کرنے کی دھمکی دینے والے بھارت کو معلوم ہونا چاہئیے کہ ہمارے دریاؤں کا گلا گھوٹنے کے لئے کسی رکاوٹ، کسی ڈیم پر لگنے والی پہلی اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائے گااس کا رد عمل وہی ہوگا جو کسی اعلان جنگ کاہونا چاہئیے۔
2
190 ملین پاؤنڈز کیس؛ عمران خان اور بشریٰ بی بی کی فیصلے کیخلاف اپیلیں سماعت کیلیے مقرر،ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کے فیصلے کے خلاف بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردیں۔قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف 30 اپریل کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی اپیلوں پر سماعت کریں گے۔
3
سری لنکن کرکٹر ہنی مون چھوڑ کر آئی پی ایل کھیلنے پہنچ گئے۔سری لنکا کے ابھرتے ہوئے آل راؤنڈر کامندو مینڈس آئی پی ایل کے رواں سیزن میں سن رائزرز حیدرآباد کی نمائندگی کررہے ہیں، انہوں نے چنائی سپر کنگز کیخلاف میچ میں ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔گزشتہ روز چنائی کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر سن رائزرز حیدرآباد نے 5 وکٹوں سے شکست دی، اس میچ میں دھونی کی ٹیم محض 154 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی جبکہ حریف نے فرنچائز نے ہدف محض 18.4 اوورز میں حاصل کرلیا۔
4
عازمین حج کے لیے وزارت مذہبی امور نے ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب روانگی سے قبل لازمی ویکسین لگانی ضروری ہیں۔وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو کی ویکسین نزدیکی حاجی کیمپ سے مفت لگوائیں، ویکسینیشن کے بعد حاجی کیمپ سے پیلا کارڈ لازمی حاصل کریں، ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کے بغیر سعودی عرب میں داخلہ ممکن نہیں۔ 65 سال سے زائد عمر کے عازمین اپنا پرانا کرونا ویکسین کارڈ لازمی ہمراہ رکھیں، کارڈ نہ ہونے کی صورت میں صرف 65 سال سے زائد العمر عازمین نزدیکی حاجی کیمپ سے کورونا ویکسین لگوا کر کارڈ حاصل کریں۔
5
مقبوضہ کشمیر میں پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی میڈیا نے دو قومی نظریے کو نشانہ بنالیا اور مخالف پروپیگنڈا شروع کردیا ہے۔دو قومی نظریہ ہمیشہ سے پاکستان کے وجود کی بنیاد رہا ہے کیوں کہ مسلمانوں اور ہندوؤں کے مذہب، تہذیب، زبان، ثقافت اور تاریخ یکسر مختلف ہے۔ دو قومی نظریہ پر کسی بھی پاکستانی کو رتی بھر بھی شک نہیں۔حقائق کو اپنے جھوٹ اور پروپیگنڈا سے چھپاتے ہوئے بھارتی گودی میڈیا نے دو قومی نظریے کو مسخ کرنے کی مذموم کوشش شروع کردی ہے اور دو قومی نظریہ کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹا کر ہندو کارڈ کے طور پر استعمال کرنے کی ناکام کوشش شروع کردی ہے۔


