دنیا نیوز ہیڈلائنز 6 بجے
1
چین کا خطے کی بدلتی صورتحال پر پاکستان سے قریبی رابطے پر اتفاق،بھارتی شرانگیزی کے بعد چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ ہنگامی مشاورت کے لیے دفتر خارجہ پہنچے، چینی سفیر نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے اہم ملاقات کی جس میں پہلگام واقعہ کے بعد خطے کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار نے چینی سفیر کو نہ صرف بھارت کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا بلکہ بھارت کی حالیہ اشتعال انگیزیوں، بالخصوص سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور پانی روکنے کی دھمکیوں سے بھی آگاہ کیا۔اسحاق ڈار نے واضح الفاظ میں کہا کہ پانی روکنا کسی بھی طور قابل قبول نہیں اور اسے اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔چینی سفیر نے اس موقع پر پاکستان کے مؤقف کو سنا اور باہمی تعاون، سفارتی مشاورت اور خطے میں امن و استحکام کے لیے چین کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
2
عمران خان حملہ کیس: مرکزی ملزم کو دو بار عمر قید اور جرمانے کا حکم، گوجرانوالہ کی انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی حملہ کیس کا محفوظ فیصلہ سنایا، مرکزی ملزم کو اقدام قتل اور دہشتگردی کی دفعات کے تحت الگ الگ عمر قید کی سزا سنائی ہے، ملزم کو 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے،عدالت نے اس کیس میں نامزد دیگر 2 ملزمان وقاص اور طیب کو باعزت بری کردیا ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں فائرنگ سے جاں بحق معظم کو قتل کرنے کے جرم میں ایک مرتبہ عمر قید اور دہشت گردی ایکٹ کا جرم ثابت ہونے پر ایک مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی جبکہ چار افراد کو زخمی کرنے کے جرم میں مجرم نوید کو تین سے پانچ سال تک قید کی سزا سنائی گئی ۔مجرم نوید پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا، عدالت نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے بانی پی ٹی آئی کے الزام میں ملزمان کو سزا نہیں سنائی،مقدمہ میں عمران خان کا حق صفائی ختم کر دیا گیا، مقدمہ کے زخمی گواہ بانی پی ٹی آئی کی عدم پیروی پر حق صفائی ختم کیا گیا۔
3
بھارتی آبی جارحیت! بغیر بتائے دریائے جہلم میں پانی چھوڑ دیا، مظفرآباد میں ایمرجنسی نافذ،ذرائع کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے نکل کر اڑی سے چکوٹھی میں داخل ہونے والے دریائے جہلم میں اچانک شدید طغیانی آگئی اور دریا میں پانی کی سطح اچانک بلند ہو گئی جس سے مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔دریا کے کنارے بستیوں میں مساجد میں اعلانات شروع کر دیئے گئے ہیں۔بھارت کی اس حرکت نے عالمی قوانین اور دریائی معاہدوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے، بغیر اطلاع پانی چھوڑ کر بھارت نے پاکستان کے شہریوں کی جان و مال کو خطرے میں ڈالا اور اپنی بدنیتی کو ایک بار پھر بےنقاب کر دیا، یہ اقدام نہ صرف غیر اخلاقی ہے بلکہ بین الاقوامی اصولوں کی بھی سنگین پامالی ہے۔ پاکستانی عوام ایک بار پھر بھارتی آبی جارحیت کے خلاف متحد ہو گئے ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں کہ عالمی برادری بھارت کی اس خطرناک روش کا نوٹس لے۔
4
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ’ایئر پنجاب‘ پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔لاہور میں وزیرِ اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا جس میں پہلی صوبائی ایئر لائن ’ایئر پنجاب‘ کا پراجیکٹ پیش کیا گیا، ’ایئر پنجاب‘ کے لیے فوری طور پر 4 ایئر بس طیارے لیز پر لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مریم نواز نے ’ایئر پنجاب‘ کو ملک کی بہترین ایئر لائن بنانے کے لیے انتظامات کی ہدایت بھی کی ہے۔اجلاس میں لاہور ییلو لائن اور ماس ٹرانزٹ لائن گوجرانوالہ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا جبکہ جناح ٹرمینل ٹھوکر نیاز بیگ تا ہربنس پورہ ییلو لائن پراجیکٹ سٹڈی 30 مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔
5
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی اسحاق ڈار سے ملاقاتِ علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں علاقائی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسحاق ڈار نے علاقائی امن اور سلامتی کو یقینی بناتے ہوئے اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
6
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ مودی نے ہمارا پانی بند کیا ہم سانس بند کردیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ کشمیریوں کو شہید کیا جاچکا ہے، بھارت برما، انگلینڈ ، کینیڈا اور امریکا میں دہشت گردی میں ملوث رہا ہے، کینڈا کا وزیراعظم پارلیمنٹ میں مودی کو مورد الزام ٹھہراتا ہے۔ گجرات کے مودی کا خون مسلمانوں کے ہاتھوں سے رنگا ہے، ہم نے شاہین، غوری بھارت کیلئے رکھے ہیں ، ہمارے تمام مزائلوں کا رخ بھارت کی طرف ہے، بھارت نے پہلگام کا بہانہ بنا کر سندھ طاس معاہدہ کو نشانہ بنایا گیا، ہم ہر قسم کے حالات کا مقابلے کرنے کیلئے تیار ہیں۔جڑواں شہروں میں پریس کانفرنس
7
بھارت نے 60 خواتین کو زبردستی بھارت میں روک لیا، یہ خواتین انڈین شہری ہیں جن کی شادیاں پاکستانی شہریوں سے ہوئی ہیں اور یہ خواتین اپنے خاندان اور رشتہ داروں سے ملنے بھارت گئی تھیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان جانے والی 60 خواتین کو ملک چھوڑنے سے روک دیا ہے، بھارت کی جانب سے روکے جانے والی 60 خواتین کی شادیاں پاکستانی شہریوں سے ہوئی ہیں، ان خواتین کے پاس پاکستان کے طویل المدتی ویزے موجود ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی خواتین کے ساتھ ساتھ ان کے بچوں کو بھی پاکستان واپسی سے روک دیا گیا ہے، بھارتی خواتین اپنے اہل خانہ عزیز و اقارب سے ملنے بھارت گئیں تھیں، ان خواتین کو بھارتی شہر امرتسر کی انتظامیہ نے پاکستان واپسی سے روکا ہے۔
8
مودی کی مسلم دشمنی مہم، اپنے ہی لوگ چیخ اٹھے، پہلگام حملے کے فالز فلیگ آپریشن کے بعد بی جے پی کی نفرت انگیز سیاست کھل کر سامنے آگئی۔ہندو مسلم فساد کو ہوا دے کر مودی سرکار مسلمانوں کے حقوق سلب کرنے میں مصروف، کشمیری مسلمانوں کو بدنام کر کے ان کے گھروں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔اتراکھنڈ میں بلڈوزر کے ذریعے متعدد مساجد اور گھر مسمار کر دیئے گئے، دہشتگردی کا جھوٹا لیبل لگا کر سیکڑوں کشمیری مسلمانوں کے گھر مسمار کر دیئے۔سیاسی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ مودی کا نفرت انگیز بیانیہ بھارتی عوام کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر بھی مسترد کر دیا گیا ہے، مذہبی منافرت کو سیاسی طاقت بنانے پر مودی کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔
9
شرح سود میں کمی کی الٹی گنتی شروع، سٹیٹ بینک 5 مئی کو نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرے گا، مالیاتی اداروں نے شرح سود میں کمی کا عندیہ دیدیا۔مالیاتی اداروں کی جانب سے بڑے سروے کے دوران 69 فیصد شرکا نے شرح سود میں کم از کم 50 بیسز پوائنٹس کمی کا اشارہ دیا۔30 فیصد شرکا نے کہا شرح سود میں 100 بیسز پوائنٹس کمی ہوگی، ایک فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ شرح سود میں 150 بیسز پوائنٹس گھٹ جائیں گے۔سروے میں شرکاء نے پیش گوئی کر دی کہ پالیسی ریٹ دسمبر 2025 تک 9 سے 8 فیصد پر ہوگا، کرنسی مارکیٹ میں ڈالر روپے کے مقابلے میں 280 روپے سے 290 روپے کے درمیان رہے گا۔


