کشمور (حاکم نصیرانی) دریائے سندھ پر متنازع نہروں کے خلاف وکلاء اتحاد آل پارٹیز موومینٹ سمیت برادریوں کی جانب سے کندھ کوٹ گولا موڑ انڈس ہائی وے پر لگایا گیا دھرنا چھٹے روز بھی وکیل عبدالغنی بجارانی، اکرم باجکانی، دلمراد ڈاھانی، ظریت ساگر بجارانی، ڈاکٹر میھر چند ،حاجی حضور بخش مغل ودیگر کی قیادت میں جاری رہا۔

کندھ کوٹ دھرنے میں ایس یو پی کے مرکزی صدر سید زین شاھ نے قافلے کی صورت میں خصوصی طور پر شرکت کر کے اپنی یکجہتی کا ثبوت دیا۔ دھرنے کو خطاب کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سید زین شاھ نے کہا کہ کندھ کوٹ کے دھرنے نے پنجاب کے راستے مکمل طور پر بند کر دیئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دریائے سندھ سے متنازع نہریں کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہیں۔ سی سی آئی والے کون ہوتے ہیں جو کروڑوں سندھیوں کا فیصلہ کریں۔ سندھ کے کروڑوں لوگوں نے اپنا فیصلہ دیتے ہوئے نہروں کو مسترد کر دیا ہے۔ ا

ن کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کے لوگ پُرامن طریقے سے احتجاجی تحریک چلا رہے ہیں۔ اگر جبری طور پر نہریں بنائی گئیں تو وہ نقصان وفاق کو ہوگا ۔ صوبوں میں نفرتیں پیدا ہو جائینگی ہمارا ایک ہی مطالبہ ہے کہ فوری طور نہروں کا منصوبہ ختم کیا جائے دوسری صورت میں احتجاجی تحریک اس طرح چلتی رہے گی۔