کراچی(ای پی آئی )بلوچستان کے علاقے نوشکی میں ہونے والے آئل ٹینکر دھماکے سے جھلس کر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 6 ۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے بعد تیل سے بھرے ٹرک میں دھماکا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جھلس کر زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے کے بعد علاج کے لیے کراچی منتقل کیے گئے زخمیوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔ مجموعی طور پر 40 سے زائد زخمیوں میں سے 2 پہلے ہی انتقال کر چکے تھے جب کہ مزید 4 افراد گزشتہ شب دورانِ علاج جانبر نہ ہو سکے۔جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 18 سالہ سلمان ، 17 سالہ وزیر احمد ، 26 سالہ در محمد، 25 سالہ عبدالباسط کے ناموں سے ہوئی۔ چاروں کی لاشیں ایدھی ہوم سراب گوٹھ سرد خانے منتقل کردی گئی ہیں۔
یاد رہے کہ 2 روز قبل بھی طیب شاہ اور جہانزیب دوران علاج جاں بحق ہوگئے تھے۔قبل ازیں شدید زخمی 24 افراد کو خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی ائیر بیس منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے ایمبولینسوں کے ذریعے نجی اسپتالوں میں علاج کے لیے داخل کیا گیا تھا۔
واقعے کے 17 زخمی کراچی کے مختلف نجی اسپتالوں میں تاحال زیر علاج ہیں۔