اسلام آباد(ای پی آئی )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی امت مسلمہ کے لیڈر ہیں اور امید ہے ہمیں انصاف ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں سے ہمیشہ درخواست کی ہے جو لوگ عدالتوں کا حکم نہیں مانتے ان کے خلاف ایکشن لیں، ملک میں کوئی قانون تو ہے ہی نہیں۔ ہم نے انصاف کے لیے جو دروازے ہیں وہ کھٹکھٹانے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ قومی سلامتی اجلاس میں شرکت بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ہی ممکن ہے، عمران خان ہمارے لیڈر ہیں ان سے ہدایت لینے کے لیے ہی اڈیالہ میں ملاقات کرنی ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا کہ مودی کے مظالم پر بانی پی ٹی آئی نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے اور مودی کو بھی پتہ ہے عمران خان اڈیالہ جیل میں ہیں۔ مودی جیسے شیخص سے کچھ بھی توقع کی جا سکتی ہے۔

بعدازاں، وزیراعلیٰ کے پی نے بانی پی ٹی آئی کی پےرول پر رہائی کے لیے درخواست دائر کر دی۔ علی امین گنڈاپور نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرنے کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کروائی۔

علی امین گنڈا پور نے لطیف کھوسہ اور شہباز کھوسہ کے ذریعے درخواست دائر کی۔ درخواست میں بانی پی ٹی آئی کی پے رول پر رہائی کی استدعا کی گئی ہے۔