کراچی(ای پی آئی ) وزیر توانائی ترقیات و منصوبہ بندی سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت کابینہ کی سب کمیٹی برائے فنانس کا اجلاس ، اجلاس میں وزیر داخلہ، قانون، پارلیمانی افیئرز ضیاء الحسن لنجار نے بھی شرکت کی ۔
اجلاس میں سندھ کے مختلف اداروں کو درپیش مالی مشکلات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا اور انکے حل کیلئے تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیر توانائی ناصر شاہ نے کہا کہ 25 کروڑ روپے کی لاگت سے کیڈٹ کالج پٹارو کو سولرائیز کیا جائے گا تاکہ کالج کے طلباء کو اپنی تعلیم و تربیت کیلئے بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور انھیں پرسکون تدریسی ماحول فراہم کیا جاسکے۔
صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ اور ضیاء الحسن لنجار نے اجلاس کے موقع پر کمیٹی کی جانب سے سفارش پر(کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی )فیز ٹو کے منصوبے کیلئے 885 ملین روپے کی بھی منظوری دی۔
صوبائی وزراء نے اس موقع پر کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن اور وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات پر عوام کو ریلیف دینے اور وسیع تر مفاد کے منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل اور ان منصوبوں میں حائل اور درپیش مشکلات کو دور کرنے کیلئے کابینہ کی سب کمیٹی برائے فنانس کی تشکیل دی گئی ہے، اسی لئے اس کمیٹی میں جائزہ لے کر اور کمیٹی کے تمام ممبران کی مشترکہ رضامندی سے فیصلے جلد از جلد کئے جاتے ہیں لیکن وہی منصوبے منظور کئے جاتے ہیں جوکہ تمام تر قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہیں۔
ناصر حسین شاہ اور ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ آج کے اجلاس میں ملیر کیلئے واٹر سپلائی اسکیم کے منصوبے اور یو ایس ایڈ پروگرام کے جاری منصوبوں کی تکمیل کیلئے بھی فنڈ کی منظوری دی گئی۔