اسلام آباد(ای پی آئی) ۔پاکستان کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی زونگ فورجی نے ڈیجیٹل خلا کو کم کرنے کے لیے ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے اسلام آباد ماڈل اسکول ایف سکس تھری (کوہسار سکول) میں ڈیجیٹل لرننگ لیب کو جدید خطوط پر استوار کر دیا ہے۔ یہ اقدام زونگ فورجی کے اس مشن کا حصہ ہے جس کے تحت پسماندہ طبقات کو اسمارٹ ایجوکیشن جیسی جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
اسلام آباد کی مشہور کوہسار مارکیٹ میں واقع یہ اسکول تقریباً 400 طلباء کو تعلیم فراہم کرتا ہے جن میں سے 70 فیصد سے زائد کا تعلق پسماندہ طبقات سے ہے۔ مختلف چیلنجز کے باوجود یہ سکول شہر کے سرکاری تعلیمی نظام کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ مستقبل میں یہاں روبوٹکس لیب، آرٹ اسٹوڈیو اور ٹیک لرننگ سینٹر جیسے خصوصی شعبے قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔
سکول کے لیے اپ گریڈ کی گئی ڈیجیٹل لیب کو جدید آلات سے لیس کیا گیا ہے جو کھیل پر مبنی اور انٹرایکٹو لرننگ کو فروغ دیتے ہیں۔پرائمری جماعتوں کے ایسے طلباء جنہیں ٹیکنالوجی تک رسائی میسر نہیں ہے وہ اس اقدام کی بدولت جدید انداز میں ڈیجیٹل ایجوکیشن سے مستفید ہو رہے ہیں۔
زونگ فورجی کی ترجمان عندلیب اسلم نے اس اقدام کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ،”ڈیجیٹل ٹولز کو کلاس روم کا حصہ بناکر ہم نا صرف تعلیمی معیار کو بہتر بنا رہے ہیں بلکہ مختلف پس منظرسے تعلق رکھنے والے ہر بچے کو ڈیجیٹل ایجوکیشن تک رسائی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کی بنیاد بھی رکھ رہے ہیں۔“
زونگ فورجی کے ان اقدامات کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل دنیا میں کوئی بچہ پیچھے نہ رہ جائے۔ کمپنی پسماندہ طبقات میں ڈیجیٹل ایجوکیشن کو فروغ دے کر سماجی شمولیت، صنفی مساوات اور پائیدار ترقی کی بنیاد رکھ رہی ہے۔جس طرح کوہسارسکول نے اپنا انفراسٹرکچر بہتر بنایا ہے اس سے ثابت ہوتاہے کہ ایسی شراکت داریاں ایک جامع اور ٹیکنالوجی سے بھرپور مستقبل کی تشکیل میں کلیدی کردار ادا کررہی ہیں۔