1
انڈونیشیا کا فرانس سے 42 رافیل طیاروں کی خریداری کا 8.1 ارب ڈالر کا معاہدہ اس وقت عوامی اور سیاسی حلقوں میں تنقید کا نشانہ بن گیا ہے جب پاکستان نے حالیہ جھڑپ میں بھارت کے تین رافیل طیارے مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔7 مئی کو پاکستان آرمی نے اعلان کیا تھا کہ اس نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے ہیں جن میں تین رافیل بھی شامل ہیں۔ یہ فضائی جھڑپ چینی ساختہ J-10C طیاروں کے ذریعے لڑی گئی، جو PL-15 طویل فاصلے کے میزائلوں سے لیس تھے۔اگرچہ بھارت نے سرکاری طور پر کسی رافیل کے نقصان کی تصدیق نہیں کی، لیکن بھارتی ایئر مارشل اے کے بھارتی نے صحافیوں سے کہا، ’’نقصانات جنگ کا حصہ ہوتے ہیں‘‘۔سی این این نے بعد میں ایک فرانسیسی انٹیلی جنس اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کم از کم ایک رافیل کے نقصان کی تصدیق کی، جسے رافیل کا پہلا ممکنہ جنگی نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
2
وفاقی بجٹ 2 جون کو پیش کیے جانے کا امکان,جس پر آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان ورچوئل تکنیکی مذاکرات جاری ہیں۔پالیسی سطح کی بات چیت 19 مئی سے شروع ہو کر 23 مئی تک جاری رہے گی۔ذرائع کے مطابق اگلے مالی سال میں مجموعی آمدنی 200 کھرب روپے تک پہنچ سکتی ہے، قرضوں کی ادائیگی کے لیے اخراجات پر سخت کنٹرول ضروری ہے۔آئی ایم ایف کی پیشگوئی ہے کہ اقتصادی ترقی 3.6 فیصد اور افراطِ زر 7.7 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔اگلے سال کے لیے حکومت کی آمدنی کا ہدف 190 کھرب 900 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، ایف بی آر کی وصولیوں کے ساتھ زرعی آمدنی پر ٹیکس اہم کردار ادا کرے گا۔اگلے سال اخراجات 260 کھرب 570 ارب روپے تک پہنچنے کا امکان ہے۔مالیاتی خسارہ 5.6 فیصد سے کم کر کے 5.1 فیصد تک لانا ہوگا جبکہ حکومت کو 20 کھرب 100 ارب روپے کا بنیادی سرپلس برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
3
چاغی کے عوام نے یوم تشکر کے موقع پر مسلح افواج کے حق میں ریلی نکالی اور بھارت سے فتح کا جشن منایا۔سابق مشیر وزیراعلیٰ میر اعجاز سنجرانی کی جانب سے ریلی کا اہتمام کیا گیا، جس میں شرکا نے ہاتھوں میں پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے اور وہ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔وائس چیئرمین ڈسٹرکٹ چاغی اسفندیار خان اور عوام کی بڑی تعداد ریلی میں شریک تھی۔ ریلی میں شریک افراد چاغی کی مرکزی شاہراہ پر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔ بلوچستان میں عسکری کارروائیوں کی پشت پر بھی بھارتی بدنام زمانہ ایجنسی را کھڑی ہے۔ مسلح افواج پاکستان کے انچ انچ کا دفاع کرنا جانتی ہیں۔
4
راولپنڈی؛ منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، خاتون سمیت دو ملزمان گرفتار,ترجمان کے مطابق ملزمان سے مجموعی طور پر 1 کلو 360 گرام سے زاہد آئس برآمد ہوئی۔ڈائریکٹر ایکسائیز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول راولپنڈی عمران اسلم اور ای ٹی او راولپنڈی گل شیر کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر روات کے قریب جی ٹی روڈ پر ناکہ بندی کی گئی۔انسپکڑ جہانگیر خان کی سربراہی میں ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی ٹیم نے مسافر وین میں سوار مسماتہ کنزہ شہزادی سے 360 گرام آئس برآمد کرلی جبکہ دوسری کارروائی کے دوران بس میں سوار عمران شہزاد نامی ملزم سے ایک کلو گرام سے زاہد آئس برآمد کی گئی۔ملزمان منشیات اندرون پنجاب اسمگل کرنا چاہتے تھے لیکن دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کے بعد روات پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
5
حکومت کا بجٹ میں درآمدی ٹیکسز میں کمی کا فیصلہ,جس کا مقصد معیشت کو بیرونی مسابقت کے لیے کھولنا ہے، تاہم ٹیکسوں میں اس کمی سے بیرونی مالی توازن بگڑنے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف نے اس ہفتے یہ منصوبہ منظور کیا جبکہ وزارتِ صنعت اور وزارتِ تجارت کے اعتراضات کو مسترد کر دیا۔2 وفاقی وزرا نے ایکسپریس ٹریبیون کو بتایا کہ ان وزارتوں نے خبردار کیا تھا کہ یہ فیصلہ مقامی صنعت اور ادائیگیوں کے توازن پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزارت تجارت کی جانب سے محصولات کی سطح 5سے بڑھا کر 6کرنے کی تجویز کو مسترد کر کے انھیں چار سطحوں تک محدود کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
6
رہنما تحریک انصاف نعیم حیدر پنجوتا کا کہنا ہے کہ آپ نے دیکھا کہ جب بھارت نے اٹیک کیا تو اس پر عمران خان صاحب کے جس طرح قومی یکجہتی کے حوالے سے کہ ہم ایک قوم ہیں، مودی کے اس وار کے بعد ہم متحد ہو گئے ہیں، تو پہلا بیان ان کی طرف سے ہی آیا تھا، نواز شریف صاحب کی طرف سے ابھی بھی نہیں آیا۔ جب انھوں نے دیکھاکہ جنگ ختم ہو گئی ہے اس کے بعد وہ مبارک باد کی ٹویٹ کرتے ہیں، اس سوال پر کہ نواز شریف کے پاس کوئی عہدہ نہیں کہ جواب میں انھوں نے کہا کہ عمران خان کے پاس کون سا عہدہ ہے حکومتی؟تجزیہ کار شوکت پراچہ نے کہا کہ جو فوج کا بیان آیا، اس پوری ایفرٹ کے بعد ، اس قربانی کے بعد، جیت کے بعد جو بھی ہم کہیں، پاک فوج نے تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا ہے، پاک فوج کے بیان میں پاکستان کی یوتھ کا شکریہ ادا کیا گیا ہے، پاک فوج کی طرف سے پوری میڈیا کا شکریہ ادا کیا گیا ہے، پاکستان فوج کی طرف سے حکومت کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔