ایکسپریس نیوز ہیڈلائنز 6بجے
1
پاکستان کی بندرگاہوں کے چارجز خطے میں سب سے زیادہ ہونے کا انکشاف، اراکین کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ گوادر کی ترقی چاہیے تو اس کو ٹیکس فری زون ہونا چاہیے۔پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کی سینیٹر قرات العین مری کی زیر صدارت سینیٹ منصوبہ بندی کمیٹی کا اجلاس ہوا جہاں حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان کی بندرگاہوں کے چارجز خطے کی سب بندرگاہوں سے زیادہ ہیں اور گوادر پورٹ کے شپنگ چارجز سب سے زیادہ ہیں۔چیئرپرسن کمیٹی قرات العین مری نے سوال کیا کہ ہماری بندرگاہوں پر اتنے چارجرز کون لگاتا ہے، جس پر حکام نے بتایا کہ یہ چارجز کسٹم اور گوادر پورٹ اتھارٹی والے لگاتے ہیں۔کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ گوادر کی ترقی چاہیے تو اس کو ٹیکس فری زون ہونا چاہیے، کوئی باہر سے کیوں آئے یہاں جب ٹیکس اتنا ہوگا، یہ سلسلہ چلتا رہا تو گوادر اسی طرح پڑا رہے گا۔
2
بنیان مرصوص: سینیٹ میں پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد متقفہ منظور، سینیٹ کے اجلاس میں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے پاک بھارت حالیہ جنگ میں پاکستانی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد ایوان میں پیش کی۔قرار داد میں بھارت کو منہ توڑ جواب پر پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین کیا گیا ہے۔ متن میں پاکستان کا علاقائی اور عالمی امن کے مکمل عزم کا اعاد کیا گیا ہے۔ قرارداد میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا جبکہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی کی مسترد کرتے ہوئے اسے پاکستان کی سلامتی کا مسئلہ قرار دیا گیا ہے۔
3
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ہم نے کسی سے سیز فائر کی درخواست نہیں کی پہلے امریکی وزیر خارجہ کا فون آیا کہ بھارت جنگ بندی چاہتا ہے تو ہم نے رضامندی ظاہر کی پھر سعودی عرب، ترکی اور چین سے فون آئے۔ جنگ سے قبل ہی ہم دوست ممالک سے رابطے میں تھے، ہم نے دوست ممالک کو اپنے تحمل سے آگاہ کیا، تمام ممالک نے یہی کہا کہ دونوں ممالک ایٹمی قوت ہیں اس لیے تحمل کا مظاہرہ کریں، ہم نے ہر ملک کے سربراہ و وزیر خارجہ سے کہا کہ ہم حملے میں پہل نہیں کریں گے مگر بھارت کے کارروائی کی تو جواب ضرور دیں گے۔پہلگام واقعہ ہوتے ہی بھارتی میڈیا نے پاکستان پر الزام عائد کردیا، پلوامہ کی طرح پہلگام پر بھی انٹرنیشنل میڈیا کو بھارت نے یہی بتایا کہ اس میں پاکستان ملوث ہے حالاں کہ پلوامہ میں بھی ثابت نہیں کرسکے تھے، اس بار پاکستان نے انڈیا کا موقف بکنے نہیں دیا، ہم نے طے کیا کہ اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، وزیراعظم نے پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی مگر بھارت نہیں مانا اور کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا۔سینیٹ میں اظہار خیال
4
وفاقی حکومت نے 25 مئی سے آم برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔ وزارت تجارت نے باقاعدہ سرکلر جاری کیا ہے اس سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ کراپ سیزن2025 سے پیدا ہونیوالے آم 25 مئی2025 سے برآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔اس کیلئے ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں ترمیم کی گئی ہے، سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ آموں کی برآمد کیلئے ایکسپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں دی گئی باقی تمام شرائط اسی طرح لاگو رہیں گی۔
5
معرکہ حق: حکومت کا کل قومی سطح پر یوم تشکر منانے کا اعلان،رپورٹ کے مطابق یوم تشکر کے موقع پر دن کا آغاز مسجدوں میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے کیا جائے گا، وفاقی درالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارلحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی۔مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا، پرچم کشائی کی تقریبات وفاقی اور صوبائی دارالحکومت میں منعقد کی جائیں گی۔ملک بھر میں یادگار شہدا پر پھول رکھے جائیں گے اور دعائیہ تقریب منعقد ہو گی، آپریشن بنیان مرصوص کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے لواحقین سے خصوصی ملاقاتیں کی جائیں گی۔یوم تشکر کی نمایاں تقریب کل رات پاکستان مونومنٹ اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔
6
شان مسعود کو قومی ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے ہٹائے جانے امکان،میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے قومی ٹیسٹ ٹیم کے موجودہ نائب کپتان سعود شکیل کو کپتانی سپرد کی جاسکتی ہے، جس کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) جلد کردے گا۔رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ تقریباً حتمی شکل اختیار کرچکا ہے۔قیادت میں تبدیلی اِیسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گزشتہ روز خبر سامنے آئی تھی کہ مصباح الحق کو ٹیسٹ ٹیم کا نیا ہیڈکوچ بنایا جارہا ہے تاہم بورڈ نے تاحال تصدیق نہیں کی ہے۔
7
بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین صرف عمران خان ہیں، کسی کو شک ہے تو کیا کرسکتی ہوں، احکامات عمران خان ہی دیتے ہیں بیرسٹر گوہر کو صرف پیغام رسانی کے لیے تعینات کیا ہے۔ خبریں ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کی مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ڈیل ہو رہی ہے مجھے سمجھ نہیں آرہی ہے یہ خبر کہاں سے آئی ہے؟ بانی سے ہم نے یہی سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ نہیں۔ نون لیگ کے ساتھ بانی پی ٹی آئی کس چیز پر بات کریں گے، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے سارا مینڈیٹ چوری کیا تھا، چوروں کے ساتھ بیٹھ کر ہم بانی کی طرف سے کیا بات کریں گے؟ بانی پنجاب کی جیل میں ہیں، سارے ظلم اور کیسز پنجاب میں ہو رہے ہیں، آپ ان سے بات چیت میں کیا مانگیں گے؟26 ویں ترمیم خاص طور پر لائی گئی تاکہ بانی پی ٹی آئی کو انصاف نہ مل سکے، 26ویں ترمیم ہٹانی پڑے گئی تب ہی ججز کے پاس اختیارات آئیں گے، ہم تو ججز اور انصاف کے ساتھ کھڑے ہیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو
8
وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کا بجٹ 290 روپے فی ڈالر ریٹ پر بنانے کا تخمینہ لگایا ہے۔ذرائع کے مطابق ریٹ تعین کرنے کا مقصد بیرونی امداد، ادائیگیوں اور قرضوں کا تخمینہ روپوں میں لگانا ہے جبکہ رواں مالی سال 25-2024 کا وفاقی بجٹ 295 روپے فی ڈالر ریٹ پر بنایا گیا تھا۔بجٹ میں لگ بھگ 8.5 ٹریلین قرضوں پر سود ادائیگیوں کے لیے تخمینہ لگایا گیا ہے۔ رواں مالی سال کی نسبت آئندہ بجٹ کے لیے ڈالر ریٹ میں 5 روپے کی کمی کی گئی ہے۔آئندہ مالی سال ڈیٹ سروسنگ کا حجم کم، امپورٹ بل اور مہنگائی کنٹرول میں رہ سکے گی۔ کرنسی مستحکم اور پالیسی ریٹ میں کمی کے باعث رواں مالی سال ڈیٹ سروسنگ کم ہوگی۔