پشاور (ای پی آئی ) خیبرپختونخوا ک کے علاقہ اپر کوہستان میں اربوں روپے کے کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات میں پیش رفت ، محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے اسکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث 10 افسران کو معطل کر دیا ۔

ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ کے مطابق معطل کیے گئے افسران میں ایک گریڈ 18 کے افسر کے علاوہ تین گریڈ 17 کے افسران شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گریڈ 16 کے پانچ اور اسکیل 11 کے ایک سرکاری ملازم کو بھی معطل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کرپشن کیس میں دیگر محکمے بھی کارروائی کر رہے ہیں۔ سی اینڈ ڈبلیو (کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ) نے بھی اسکینڈل میں ملوث 7 ملازمین کو معطل کر دیا ہے، جبکہ اکاؤنٹنٹ جنرل آفس کی جانب سے 2 ملازمین کو معطل کیا گیا ہے۔

محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر اپر کوہستان کے 40 ارب روپے کے میگا کرپشن اسکینڈل میں اب تک 19 سرکاری ملازمین معطل کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات اور کارروائیاں جاری ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکینڈل سے متعلق تحقیقات میں کئی نئے پہلو سامنے آ رہے ہیں، اور امکان ہے کہ مزید افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔