سماء نیوز ہیڈلائنز 6بجے
1
بھارتی فوج کشمیریوں کو اغواء کرنے کے بعد اذیت دے کر قتل کر دیتی ہے، عاصم افتخار کی سلامتی کونسل میں بریفنگ،بھارت مظالم چھپانے کے لیے اجتماعی قبروں کی تحقیقات سے گریز کر رہا ہے۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں لاپتا افراد کا مسئلہ سنگین صورتحال اختیار کر چکا ہے۔بھارت نے حالیہ دہشتگردی کو جواز بنا کر دو ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ بھارتی افواج پہلے کشمیریوں کو اغوا کرتی ہیں، پھر اذیت دے کر قتل کر دیا جاتا ہے۔عاصم افتخار نے عالمی برادری کو بتایا کہ بھارت سات ہزار سے زائد اجتماعی قبروں کی فرانزک تحقیقات کرانے سے مسلسل گریزاں ہے۔ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو ریاستی طاقت سے کچلنے کی کوشش کر رہا ہے۔
2
چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کا بنوں کا دورہ، جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ چیف جسٹس نے عدالتی اصلاحات، قانونی تربیت، اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کی اہمیت پر زور دیا۔چیف جسٹس نے مشکل حالات میں خدمات انجام دینے والے ججز سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی خودمختاری کو انصاف کی مؤثر فراہمی کیلئے ناگزیر قرار دیا۔دورے کے دوران چیف جسٹس نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس ایس ایم عتیق شاہ سے ملاقات کی، جس میں عدلیہ اور وکلا کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے عدالتی نظام میں آٹومیشن اور مصنوعی ذہانت کے نفاذ کی فوری ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کم ترقی یافتہ علاقوں کو فنڈز کی ترجیحی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ان علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ججز کو تربیتی مواقع اور مراعات فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔
3
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کا اجلاس فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں تعزیرات پاکستان کے سیکشن 323، 330 اور 331 میں ترمیمی بل پر غور کیا گیا۔ یہ بل سینیٹر ثمینہ زہری کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔بل میں تجویز دی گئی ہے کہ کسی کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے سے متعلق جرائم میں دیت کی رقم کو دو کلو سونے کے برابر کر دیا جائے۔تاہم وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ دیت کی رقم اس حد تک بڑھانا ظالمانہ لگتا ہے، پہلے ہی کسی کو پتھرماردینےیاجان بوجھ کرنقصان پہنچانےکےجرائم میں جیلیں بھری ہوئی ہیں. بہتر ہو گا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کو بلا کر اس پر رائےلےلیں، اگر کسی کی آنکھ ضائع ہو جائے یا ناک کٹ جائے تو دیت کی نصف رقم ادا کرنا پڑتی ہے، اس لیے معاملے میں احتیاط کی ضرورت ہے۔
4
پاکستان کی فضائی حدود کی بندش نے بھارتی ایئرلائنز کی کمر توڑ کر رکھ دی، فضائی بندش کے باعث کے ترکیہ کی فضائی کمپنی کو فائدہ ہونے لگا۔ بھارت ترکیہ کو دھمکیاں دینے کے بجائے اس کے سامنے گٹھنے ٹیکنے لگا، بھارتی ایئرلائن انڈیگو ایئر نے ترکش ایئرلائن سے نیا کوڈ شیئر معاہدہ کرلیا۔پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی جانب سے اقدامات پر پاکستان نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فضائی حدود بند کردی تھیں، جس نے بھارتی ایئرلائنز کی کمر توڑ کر رکھ دی۔پاکستان کے اس اقدام سے ترکیہ کی فضائی کمپنی کو فائدہ ہونے لگا، بھارت اب پاکستان کی مدد پر ترکیہ کو دھمکیاں دینے کے بجائے اس کے سامنے گٹھنے ٹیکنے لگا ہے۔رپورٹ کے مطابق بھارتی ایئرلائن انڈیگو ایئر نے ترکش ایئرلائن سے نیا کوڈ شیئر معاہدہ کرلیا، کوڈ شیئرز سے بھارت سے انڈیگو ایئر کے مسافروں کو ترکش ایئرلائن استنبول پہنچائے گی۔
5
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کے انتہائی قریب پہنچ چکا ہے، ہمیں ہر حال میں اسے روکنا ہوگا، امید کرتے ہیں یہ پُرامن طریقے سے بات چیت کے ذریعے ہوگا۔امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے فاکس نیوز کو انٹرویو میں کہا کہ ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کو اس سے بہتر موقع نہیں ہوسکتا، صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ڈیل کو اپنی ترجیح بنالی ہے۔ ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کے انتہائی قریب پہنچ چکا ہے، ہمیں ہر حال میں اسے روکنا ہوگا، امید کرتے ہیں یہ پرامن طریقے سے بات چیت کے ذریعے ہوجائے گا۔
6
راولپنڈی میں گیس سلنڈر دھماکے میں تین افراد جھلس کر زخمی ہوگئے، زخمیوں میں دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہیں۔راولپنڈی کے علاقے عظیم کالونی میں گیس سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا، واقعے میں 3 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں 2 خواتین اور کمسن بچہ شامل ہیں، ریسکیو کے مطابق زخمیوں میں سمعیہ شاہد، صدف اور زوہان شامل ہیںجنہیں ہولی فیملی اسپتال کے برن یونٹ منتقل کردیا گیا ہے۔
7
سونے کی قیمت میں مسلسل کمی کے بعد اضافہ ہوگیا، فی تولہ سونا 900 روپے اور فی اونس 9 ڈالر مہنگا ہوگیا۔آل پاکستان صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق عالمی منڈی میں فی اونس سونا 9 ڈالر مہنگا ہوکر 3177 ڈالر کا ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں اضافے کے باعث پاکستان میں 24 قیراط فی تولہ سونے کے دام 900 روپے بڑھکر 3 لاکھ 36 ہزار 100 روپے ہوگئے۔اعداد و شمار کے مطابق دس گرام سونے کے بھاؤ 772 روپے کے اضافے سے 2 لاکھ 88 ہزار 151 روپے ہوگئے۔
8
جیولن تھروور نیرج چوپڑا بھی بھارتی انتہاء پسندوں کے دباؤ میں آگئے، ارشد ندیم کے ساتھ دوستی سے انکار کردیا۔بھارت کے اسٹار جیولن تھروور نیرج چوپڑا بھی بھارتی انتہاء پسندوں کے دباؤ میں آگئے، پاکستان کے ایتھلیٹ ارشد ندیم کے ساتھ دوستی سے انکار کردیا۔نیرچ چوپڑا نے جیولن مقابلے کیلئے ارشد ندیم کو بھارت آکر ٹورنامنٹ کھیلنے کی دعوت دی تھی، تاہم بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث یہ ایونٹ ملتوی کردیا گیا۔


