دنیا نیوز ہیڈلائنز 6بجے
1
قومی اسمبلی میں انکم ٹیکس ترمیمی بل، پاکستان شہریت ایکٹ میں ترامیم، تحویل ملزمان بل، چائلڈ میرج پر پابندی کا بل، اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز بل اور ٹریڈ آرگنائزیشن بل کثرت رائے سے منظور کر لیے گئے جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے بلوں کی مخالفت کی گئی۔انکم ٹیکس ترمیمی بل 2024 کثرت رائے سے منظور کیا گیا، پیپلز پارٹی کی شرمیلا فاروقی کی جانب سے پیش کیا گیا چائلڈ میرج پر پابندی سے متعلق بل بھی منظور ہوگیا۔اس کے بعد فرح ناز اکبر نے فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ترمیمی بل 2024 منظوری کے لیے قومی اسمبلی میں پیش کیا، وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے بل کی شق 3، 4 اور 6 میں ترامیم پیش کیں جو کثرت رائے سے منظور کی گئیں، اس طرح ایف بی آئی ایس ای ترمیمی بل 2024 بھی کثرے رائے سے منظور کر لیا گیا۔قومی اسمبلی میں تحویل ملزمان ترمیمی بل 2025، عطائے شہریت ترمیمی بل 2024، سول سرونٹ ترمیمی بل 2025 اور انسداد اغراق و محصولات ترمیمی بل 2025 بھی منظور کر لیا گیا۔پاکستان شہریت ایکٹ میں مزید ترمیم سے متعلق دو بل قومی اسمبلی سے منظور کیے گئے، قومی اسمبلی سے منظور قوانین کے تحت پاکستان شہریت ایکٹ کی سیکشن 14اے اور سیکشن چار میں ترمیم کی گئی۔علی موسیٰ گیلانی نے ٹریڈ آرگنائزیشن ترمیمی بل 2025 قومی اسمبلی میں پیش کیا جسے منظور کر لیا گیا، اس کے علاوہ قومی اسمبلی رول 288 میں ترمیم کثرت رائے سے منظور کر لی گئی۔قومی اسمبلی نے وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کا پیش کردہ نیچلائزیشن ترمیمی بل 2024 بھی منظور کیا، وفاقی وزیر تجارت جام کمال کا پیش کردہ اینٹی ڈمپنگ ڈیوٹیز ترمیمی بل 2025 بھی پاس کر لیا گیا۔علاوہ ازیں قومی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کی رکن اسمبلی نوشین افتخار کی سی ایس ایس امتحانات میں عمر کی حد 5 سال بڑھانے کی قرارداد منظور کرلی۔قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ کسی بھی امیدوار کو پانچ مرتبہ مقابلے کی امتحان میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے، زیا دہ سے زیا دہ عمر کی حد 30 کی بجائے 35 سال کی جائے۔قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام پانچ بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
2
وزیراعظم کا برآمدات، سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ٹیرف میں نمایاں کمی کا فیصلہ،وزیراعظم کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف پالیسی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے درآمدی محصولات (ٹیرِف) میں بتدریج مگر نمایاں کمی کی منظوری دے دی ہے۔اس اقدام کو معاشی بہتری کے حصول کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے جو کہ برآمدات پر مبنی ترقی کو ممکن بنائے گا، زیرِ نظر فیصلے سے نہ صرف بیروزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ مہنگائی کی شرح کو بھی قابو میں رکھا جا سکے گا۔مزید برآں اس کے نتیجے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا، جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، حکومت عوام کو روزگار کی فراہمی اور خاص طور پر تعلیم یافتہ نوجوانوں کو باعزت روزگار مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔وزیر اعظم کے اس تاریخی فیصلے سے معیشت غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے کھلے گی اور ملکی صنعتوں کو خام مال، درمیانی اشیاء اور سرمایہ جاتی سامان بآسانی اور سستے داموں دستیاب ہوگا۔اس کے علاوہ مسابقت میں اضافے کی وجہ سے مقامی صنعتیں زیادہ مؤثر اور مسابقتی بنیں گی، جو ملک کیلئے برآمدی آمدنی بڑھانے میں مدد دے گا، اس طرح مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں کمی پر قابو پانے میں بھی مدد ملے گی۔
3
اسحاق ڈار نے برطانوی وزیرخارجہ کی ملاقات، پاک بھارت جنگ بندی پر تبادلہ خیال،وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ کو پاکستان میں خوش آمدید کہا، ملاقات میں پاک بھارت جنگ بندی سمیت علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ دو نوں رہنمائوں نے خطے کی صورتحال پر بات چیت کی ہے جبکہ اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ کو بھارت کے عالمی قوانین اور اقوام متحدہ چارٹر کی خلاف ورزی کے بارے میں آگاہ کیا۔نائب وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت اپنا جوابی حق استعمال کیا،انہوں نے پاک بھارت کشیدگی میں کمی کے لئے برطانوی کاوشوں کو سراہا۔
4
امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ بھارت کا غرور خاک میں مل گیا، کشمیر اور پاکستان یک جان ہیں۔یوم تشکر منانے کے لیے حافظ نعیم الرحمان آزاد کشمیر کنڑول لائن پر پہنچ گئے، کشمیریوں کے ساتھ مل کر کنٹرول لائن عباس پور پر یوم تشکر منایا، اُن کا آزاد کشمیر میں جگہ جگہ والہانہ استقبال کیا گیا اور پاکستان زندہ آباد کے نعرے لگائے گئے ۔اللہ کا شکر ہے کہ بھارت کا غرور خاک میں مل گیا، پاکستان کو فتح ملی، کشمیر اور پاکستان یک جان ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ حکومت پاکستان کنٹرول لائن پر بسنے والوں کی حفاظت یقینی بنائے ، قوم متحد ہے، حکومت سے امید ہے کشمیر کا مسئلہ حل کرائے گی ، مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
5
پنجاب حکومت کی انسداد دہشتگردی ایکٹ میں ترمیم 2025، قائمہ کمیٹی نے منظوری دیدی۔ترمیم کے مطابق کسی بھی دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات اب ایک مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کرے گی، پنجاب اسمبلی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے خصوصی اجلاس بلا کر ایکٹ میں ترمیم کرنے کی منظوری دی۔باقاعدہ قانونی حیثیت دینے کے لئے پہلے صوبائی کابینہ کی جانب سے منظوری دی گئی تھی، پنجاب پولیس کے ایس پی رینک کا افسر، حساس ادارے کا نمائندہ، اور سول آرمڈ فورسز کے افسران ٹیم میں شامل ہوں گے۔
6
مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو تاریخی جواب دیا، قوم کو فخر ہے۔پاک فوج نے تاریخ میں ایک باب قائم کیا ہے، ہمارے شاہینوں نے اپنا کردار بھرپور انداز سے ادا کیا ہے، شاہینوں نے دنیا کو بتایا کہ شاہین کی طاقت ہے کیا۔ افواج پاکستان کی کارکردگی سے پاکستانیوں کا مورال بلند ہوا ہے، ساری قوم ایک ہے،عوام نے ثابت کیا کہ وہ وطن سے محبت کرنے والے ہیں، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔ قومی یکجہتی ممکن نہیں جب تک سیاسی انتقام بند نہ ہو، آزادیِ اظہار اور آزاد صحافت کا تحفظ ناگزیر ہے۔پریس کانفرنس کے دوران گفتگو
7
نامعلوم افراد نے ہسپتال میں فائرنگ کرکے ڈاکٹر کو قتل کر دیاڈاکٹر شیخ محمود کی لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا، واردات کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہو گئے، قتل کا واقعہ یونیورسٹی روڈ پر واقع ایک پرائیویٹ ہسپتال میں پیش آیا۔ڈی پی او نے بتایا کہ کرائم سین یونٹ اور فرانزک کی ٹیمیں موقع سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں، وقوعہ کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے۔