1
بھارت اسرائیل ہے اور نہ پاکستان فلسطین، اگر اب بھارت نے حملہ کیا تو ہمارا ردعمل تیز اور وحشیانہ ہوگا۔ترکیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کو پاک بھارت صورتحال پر خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاکستان دنیا میں اس وقت سب سے زیادہ دہشتگردی کا شکار ملک ہے، جنوری 2024 سے اب تک ملک میں 3700 سے زائد دہشتگردی کے واقعات رونما ہو چکے ہیں۔ ان حملوں میں 3896 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں سے 1314 سکیورٹی اہلکار شامل ہیں، جبکہ 2500 سے زائد افراد اپنے اعضاء سے محروم ہو چکے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہمارے لاکھوں لوگ اس جنگ میں جان کی بازی ہار چکے ہیں اور اس ساری دہشتگردی کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی بھارت کر رہا ہے، کشمیر میں یا بھارت میں جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ بھارتی جبر کی وجہ سے ہے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے خبردار کیا کہ ہم امن پسند لوگ ہیں، اگر بھارت نے ہمیں اکسایا یا حملہ کیا تو ہمارا ردعمل تیز اور وحشیانہ ہوگا، حقیقت یہ ہے کہ بھارت امریکہ نہیں اور پاکستان افغانستان نہیں ہے، بھارت اسرائیل نہیں ہے اور پاکستان فلسطین نہیں ہے، پاکستان، بھارتی تسلط کے سامنے نہیں جھکے گا۔ بھارت کو یہ حقیقت جتنی جلدی سمجھ آ جائے، وہ اتنا ہی علاقائی اور عالمی امن کیلئے اچھا ہوگا۔
2
پاک بحریہ کے کردار کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے وزیراعظم کراچی پہنچ گئے .کراچی ایئرپورٹ پہنچنے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر کامران ٹیسوری ودیگر نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیراعظم شہباز شریف آپریشن بنیان مرصوص میں کردار ادا کرنے والے پاک بحریہ کے جوانوں اور افسران سے ملاقات کریں گے، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف وزیراعظم کا استقبال کریں گے اور بھارتی بحریہ کے جارحانہ عزائم ناکام بنانے پر پاک بحریہ کو خراج تحسین پیش کریں گے۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں سے خطاب بھی کریں گے۔
3
پاک بھارت کشیدگی: بی سی سی آئی کا ایشیا کپ سے دستبرداری کا فیصلہ ,بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے مینز ایشیا کپ اور ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مینز ایشیا کپ رواں سال ستمبر میں کھیلا جانا ہے جبکہ ویمنز ایمرجنگ ایشیا کپ جون کے مہینے میں سری لنکا میں شیڈول ہے۔اس حوالے سے بی سی سی آئی کے اہلکار کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے صدر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی ہیں، بھارتی ٹیم ایک ایسے ٹورنامنٹ میں نہیں کھیل سکتی جس کے سربراہ پاکستان کے وزیر ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کی وجہ سے بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا فیصلہ کیا، اس سال ہونے والا ایشیا کپ بھارت میں شیڈول ہے، بھارت ایشیا کپ کا دفاعی چیمپئن ہے۔
4
پاکستان سفارتی محاذ پر بھی سرگرم، اسحاق ڈار 3 روزہ دورے پر چین روانہ ,نائب وزیراعظم اسحاق ڈار تین روزہ دورے پر چین روانہ ہو گئے ہیں۔وزیر خارجہ چینی ہم منصب سے جنوبی ایشیا کی صورتحال اور اثرات پر بات کریں گے، دونوں رہنما پاکستان اور چین کے دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان جاری اعلیٰ سطح روابط کا تسلسل ہے، وزیر اعظم کا قائم کردہ سفارتی وفد بھی مختلف ممالک کا دورہ کرے گا، بلاول بھٹو زرداری وفد کی قیادت کریں گے، وفد مختلف ممالک میں اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقات کرے گا، وفد بھارتی جھوٹے بیانیہ کو بے نقاب کرے گا۔
5
سربراہ پاک فضائیہ کا سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت ,ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو راولپنڈی میں سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف شہید کے گھر پہنچے جہاں سوگوار خاندان سے تعزیت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے آپریشنل ایئر بیس پر دشمن کے حملے کے دوران سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف نے فرض شناسی کی اعلیٰ مثال قائم کی
6
نور مقدم کیس: ملزم کی میڈیکل ہسٹری پیش، سپریم کورٹ کا آج ہی فیصلہ سنانے کا عندیہ ,سپریم کورٹ میں نور مقدم قتل کیس میں سزا یافتہ ظاہر جعفر کی سزا معافی اپیل کی سماعت میں ملزم کی 2013 سے آج تک کی میڈیکل ہسٹری عدالت میں پیش کر دی گئی، عدالت نے آج ہی فیصلہ سنانے کا عندیہ دیدیا۔ملزم کے وکیل سلمان صفدر نے بتایا کہ ملزم کو قتل پر سزائے موت، ریپ پر عمر قید اور اغواء پر دس سال سزا سنائی گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریپ کی پر عمر قید سے بڑھا کر سزائے موت کر دی، ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ عمر قید یعنی کم سزا دینے کی وجوہات ٹرائل کورٹ نے نہیں بتائیں۔سلمان صفدر کے مطابق ابتدائی ایف آئی آر صرف قتل کی تھی دیگر جرائم بعد میں شامل کیے گئے، وقوعہ کے 22 دن بعد اغواء اور ریپ کی دفعات شامل کی گئیں، جائے وقوعہ ملزم کا گھر تھا، اس کے شواہد پیش نہیں کیے گئے۔وکیل صفائی کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ ریکارڈ کے مطابق رات دس بجے واقعہ، 11:30 بجے قتل کا مقدمہ درج ہوا، پوسٹمارٹم صبح 9:30 بجے ہوا جس کے مطابق نور مقدم کا انتقال رات 12:10 پر ہوا، واقعہ کے ایک زخمی امجد کو پولیس نے گواہ کے بجائے ملزم بنا دیا۔جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ ریلیف بنتا ہوا تو دے دیں گے ورنہ فیصلہ کر دیں گے، ساڑھے گیارہ بجے مخصوص نشستوں والا کیس ہے، اگر بنچ ٹوٹ گیا تو بارہ کے قریب نور مقدم کا مقدمہ سن لیں گے، اگر مخصوص نشستوں والا بنچ نہ ٹوٹا تو ایک بجے مزید سماعت ہوگی۔جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ ججز کو تھوڑی بہت پین لینی چاہیے، ایسا نہیں ہونا چاہیے، اپیل ابتدائی سماعت کیلئے منظور کی اور پھر کیس نہ سنا جائے، دس دس سال تک لوگ ڈیتھ سیل میں رہتے ہیں، اب ایسا نہیں ہوگا۔دوران سماعت سلمان صفدر نے جج ارشد ملک ویڈیو اسکینڈل کیس فیصلے کا حوالہ دیا جس پر جسٹس ہاشم کاکڑ نے کہا کہ جسٹس آصف کھوسہ کے ویڈیو اور آڈیو کی تصدیق سے متعلق فیصلے پر انحصار کر رہے ہیں، اب پیرا میٹرز پر انحصار کریں تو خانہ کعبہ میں کھڑے ہوکر کچھ بات کریں وہ ثابت کرنا مشکل ہو جائے گا۔اس دوران سماعت میں وقفہ کر دیا گیا۔
7
سپرٹیکس کیس: ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو تحریری شکل میں دلائل جمع کروانے کی ہدایت ,سپریم کورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے وکلاء نے انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن فور بی پر دلائل مکمل کر لیے، کمپنیز کے وکیل مخدوم علی خان جمعرات کو جواب الجواب دلائل کا آغاز کریں گے۔آئینی بنچ کے سربراہ جسٹس امین الدین خان نے مخدوم علی خان سے استفسار کیا کہ آپ فور بی پر جواب الجواب دلائل دینا چاہیں گے، مخدوم علی خان نے کہا کہ وکلا کے دلائل پڑھ کر جواب الجواب دلائل دوں گا۔جسٹس امین الدین خان نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ آپ تحریری شکل میں دلائل جمع کروا دیں اور اس کے ساتھ ہی کیس کی سماعت 22 مئی تک ملتوی کر دی گئی۔
8
ملالہ نے جنگ زدہ لبنان میں بچوں کی تعلیم کیلئے رقم عطیہ کر دی .سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے ملالہ یوسف زئی کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں 15 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس ہو رہا ہے کہ ملالہ فنڈ نے حال ہی میں لبنان میں تعلیم اور بحالی کی کوششوں کیلئے ڈیڑھ لاکھ ڈالر کی ایمرجنسی گرانٹ دی۔
9
مسلم لیگ (ن) نے عمران خان کی پیرول پر رہائی کی مخالفت کر دی .بانی پی ٹی آئی کی پیرول پر رہائی کا کوئی جواز نہیں، پہلے کون پیرول پر رہا ہوا ہے جو عمران خان کو رہا کیا جائے۔بھارت نے 2019 میں بالا کوٹ پر حملہ کیا تو نواز شریف کوٹ لکھپت جیل میں تھے، کیا ہم کہتے تھے کہ نواز شریف کو پیرول پر رہا کرو، تو ہم بات چیت کریں گے۔ پی ٹی آئی کا چیئرمین موجود ہے ایسے تھوڑا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کر دیا جائے، بانی کی پیرول پر رہائی اور بنی گالہ منتقلی کی باتیں کرنے والوں کو مزے لینے دیں،عمران خان کے خلاف سیاسی نہیں ٹھوس مقدمات قائم ہیں۔سیاسی مقدمات وہ ہوتے ہیں جو تنخواہ نہ لینے پر بنتے ہیں یا منشیات ڈال کر قائم کئے جاتے ہیں، توشہ خانہ اور جعلی ٹرسٹ کے مقدمات سیاسی نہیں کہلاتے، سیاسی قیدی، سیاسی شخصیت کے حوالے سے نہیں جرم کی نوعیت کے لحاظ سے ہوتا ہے۔
10
عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کیس میں جیل حکام سے جواب طلب ,عدالتی حکم کے باوجود وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے جیل حکام سے جواب طلب کر لیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے علی امین گنڈا پور کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ اس عدالت کے حکم کے باوجود ہماری ملاقات نہیں کرائی گئی، اس عدالت کے ستمبر اور اکتوبر 2024 کے آرڈر کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔جسٹس ارباب محمد طاہر نے استفسار کیا کہ کیا آرڈر تھا ہمارا جس کی خلاف ورزی ہوئی ہے؟ وکیل راجہ ظہور الحسن نے کہا کہ عدالت نے کوآرڈینیٹر کے ذریعے ملاقات کا کہا تھا۔جسٹس ارباب نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ہم ریکارڈ منگوا لیں گے اگر کچھ غلط بیانی ثابت ہوئی تو آپ کو جرمانہ عائد کریں گے، ہم نے کوآرڈینیٹر کے ذریعے ملاقات کا کہا تھا کیا ملاقات نہیں ہوئی اسکے بعد؟وکیل راجو ظہور الحسن نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے ہم اڈیالہ جیل گئے لیکن ملاقات نہیں ہوئی۔عدالت نے جیل حکام سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی، کیس کی آئندہ سماعت کی تاریخ بعد میں جاری ہوگی۔
11
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ علی امین گنڈاپور کی کوششوں سے ضلع کرم میں امن قائم ہو چکا ہے۔ علاقے کو بنکروں اور اسلحے سے پاک کر دیا گیا ہے، مجموعی طور پر دونوں فریقین کے تقریباً 979 بنکرتباہ کئے گئےہیں، 86 دیہات کو غیر مسلح کر کے اسلحہ اور گولہ بارود سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے، فریقین کے درمیان کشیدگی کی بڑی وجہ بنکرز اور اسلحہ تھا۔ وزیراعلیٰ نے دورانِ کشیدگی اپنا ہیلی کاپٹرامدادی سرگرمیوں کیلئے مختص کر دیا تھا، ہیلی کاپٹر کی 338 پروازوں کے ذریعے 29,140 کلوگرام ادویات متاثرہ علاقے تک پہنچائی گئیں، مریضوں سمیت 9,290 افراد کو محفوظ طریقے سے پشاور اور دیگر علاقوں میں منتقل کیا گیا، علاقے میں اب ترقیاتی عمل تیزی سے جاری ہے۔
12
رواں سال بھی قبائلی اضلاع کیلئے مقرر 66 ارب کے ترقیاتی بجٹ کی ادائیگی مکمل نہ ہوسکی .ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق رواں سال بھی قبائلی اضلاع کیلئے مقرر کردہ 66 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ کی ادائیگی مکمل نہ ہو سکی، رواں مالی سال کے دوران وفاق نے قبائلی اضلاع کیلئے 22 ارب 50 کروڑ روپے جاری کیے۔قبائلی اضلاع میں 10 ماہ کے دوران ترقیاتی کاموں پر 31 ارب روپے خرچ کئے گئے ہیں، خیبرپختونخوا حکومت نے اپنے فنڈ سے قبائلی اضلاع میں 8 ارب 50 کروڑ روپے خرچ کئے۔
13
محسن نقوی کا جناح سکوائر مری روڈ انڈر پاس پراجیکٹ کا دورہ ,, وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری بھی ہمراہ تھے۔محسن نقوی نے تعمیراتی کام پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور تعمیراتی سرگرمیاں مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ منصوبے کے تمام حصوں پر بیک وقت کام جاری رکھا جائے، انڈر پاس کی تعمیر سے ایئرپورٹ تا مری و کشمیر تک سگنل فری کوریڈور کی سہولت ملے گی، شہریوں کے وقت کے ساتھ ایندھن کی بھی بچت ہوگی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے بریفنگ دی۔
14
پاکستان اور چین کا دفاعی تعاون جنگی برتری میں تبدیل، عالمی میڈیا کا بھی اعتراف ,عالمی میڈیا نے بھی اعتراف کیا کہ چینی ساختہ J-10C طیاروں اور PL-15 میزائلوں نے بھارتی فضائیہ کے کئی جنگی طیارے مار گرائے۔فرانس، برطانیہ اور امریکا کے بڑے میڈیا اداروں نے چینی ٹیکنالوجی کی برتری اور پاکستان کی عسکری کامیابی کا اعتراف کیا۔دی اکانومسٹ کے مطابق چین کے ہتھیاروں نے پاکستان کے ہاتھوں اپنی پہلی بڑی جنگی آزمائش ’’کامیابی کے ساتھ‘‘ مکمل کر لی، جدید چینی ٹیکنالوجی سے لیس پاکستانی افواج نے حکمت عملی سے بھارت کی عسکری منصوبہ بندی کو بری طرح ناکام بنایا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اربوں ڈالرز کے بھارتی رافیل طیارے، چینی ہتھیاروں کے مقابلے میں عملی میدان میں بے اثر ثابت ہوئے۔
15
خیبرپختونخوا حکومت کے اپیکس کمیٹی میں کئے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری ہے، صوبائی حکومت کی جانب سے گزشتہ 3 ماہ میں کی گئی مختلف کارروائیوں کی رپورٹ دنیا نیوز کو موصول ہو گئی۔رپورٹ کے مطابق رواں سال جنوری، فروری اور مارچ میں سمگلرز اور ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائیوں میں 11 ہزار 738 میٹرک ٹن گندم برآمد کی گئی، گزشتہ 3 ماہ کے دوران ذخیرہ اندوزوں سے 17 ہزار 271 میٹرک ٹن کھاد بھی برآمد ہوئی ہے۔دستاویز میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 3 ماہ کے دوران کارروائیوں میں 4 ہزار 837 میٹرک ٹن چینی برآمد ہوئی جبکہ 11 ہزار لٹر سے زائد پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ ناکام بنائی گئی۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ منشیات سمگلر کے 103 کیسز میں 108 افراد کو گرفتار کیا گیا، علاوہ ازیں 6 ہزار 421 بجلی کے کنکشن منقطع کیے گئے جبکہ 10 کروڑ روپے سے زائد کے جرمانےعائد کئے گئے۔
16
بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ میں نئی تاریخ رقم کردی .بابر اعظم پی ایس ایل میچز کی سنچری مکمل کرتے ہوئے 100 پی ایس ایل میچز کھیلنے والے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔سب سے زیادہ پی ایس ایل میچز کھیلنے والے کرکٹرز میں عماد وسیم 98 میچز کے ساتھ دوسرے اور فخر زمان 94 میچز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔بابر اعظم نے پی ایس ایل میں اب تک اسلام آباد یونائٹیڈ، کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی نمائندگی کی ہے۔
17
رومانیہ کے صدارتی انتخابات، ٹرمپ کا حمایت یافتہ امیدوار ہار گیا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایت یافتہ صدارتی امیدوار جارج سائمن کو شکست ہوئی ہے، جنہوں نے نتائج کو مسترد کرتے ہوئے نکوسر ڈین پر چار لاکھ ووٹوں کی برتری کا دعویٰ کر دیا ہے۔
18
پشاور کے علاقے ارمڑ میں خٹکو پل کے قریب خاندانی تنازع ایک خونی تصادم میں بدل گیا، ایک ہی خاندان کے 6 افراد قتل کر دیئے گئے۔پولیس کے مطابق مقتولین میں 3 خواتین بھی شامل ہیں، ہلاک ہونے والوں کی شناخت فضل امین، حضرت امین اور احمد کے ناموں سے ہوئی ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور نعشوں کے ساتھ زخمی خاتون کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
19
رحیم یار خان: قسطوں کے سامان کا بقایا ادا نہ کرنے پر دکاندار نے ماں بیٹی نہر میں پھینک دی .پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم گزشتہ شام ریکوری کے لیے خاتون کے گھر آیا تھا اور بہانے سے ماں بیٹی کو اپنے ساتھ لے گئی، جس نے دونوں کو نہر پر لے جاکر کر دھکا دے دیا۔خاتون کو علاقہ مکینوں نے فوری طور پر اپنی مدد آپ کے تحت بچا لیا جبکہ اس کی بیٹی پانی میں بہہ گئی ہے، جس کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ نہر میں خاتون اور اس کی بیٹی کو دھکا دینے والا ملزم فرار ہو گیا، خاتون کے شوہر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے
20
کراچی : شوہر کے مبینہ تشدد سے بیوی جاں بحق ، لاش بھی جلا دی .واقعہ اورنگی ٹاؤن مومن آباد میں پیش آیا، خاتون کو ہاتھ پاؤں باندھ کرتشدد کا نشانہ بنانے کے بعد لاش کو آگ لگا دی گئی ۔پولیس نے بتایا کہ مقتولہ بیوٹی پارلر چلاتی تھی اور اِس کی ایک ہفتہ قبل شادی ہوئی تھی ، شبہ ہے اِس کے شوہر نے تشدد کرکے قتل کرنے کے بعد شواہد مٹانے کیلئے خاتون کے جسم کو جلایا ہے۔ تفتیش کا آغاز کردیا جبکہ خاتون کے شوہر کی تلاش جاری ہے
21
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے، 600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 20 ہزار 285 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
22
آئندہ مالی سال 2025-2026ء کیلئے بجٹ میں معاشی شرح نمو کا ہدف 4.4 فیصد مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق نئے مالی سال کے بجٹ میں زرعی شعبے کا ہدف 4.8 فیصد ، صنعتی شعبے کی ترقی کا ہدف 4.8 فیصد اور خدمات کے شعبے کا ہدف 4.3 فیصد رکھنے کی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔نئے مالی سال کے معاشی اہداف کی تجاویز پہلے اے پی سی سی میں پیش کی جائیں گی، اے پی سی سی 26 مئی کو ہو گی جبکہ معاشی اہداف کی حتمی منظوری قومی اقتصادی کونسل سے لی جائے گی۔
23
بجٹ کی تیاری، آئی ایم ایف اور معاشی ٹیم کے درمیان مذاکرات کا آغاز ,مذاکراتی ٹیم میں وزارت خزانہ، ایف بی آر، پلاننگ کمیشن حکام شامل ہیں جبکہ آئی ایم ایف وفد کیساتھ سٹیٹ بینک حکام کے بھی مذاکرات شیڈول ہیں۔ نئے مالی سال بجٹ میں پاکستان سپر ٹیکس کے خاتمے کی تجویز دے گا۔مذاکرات میں پاکستان درآمدات و برآمدات پر ٹیکسوں میں کمی، رئیل سٹیٹ کو ریلیف اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرنے کی تجاویز آئی ایم ایف کے سامنے رکھے گا۔ آئندہ مالی سال کیلئے وفاقی بجٹ ساڑھے 17 ہزار ارب روپے سے 18 ہزار ارب روپے تک رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ایف بی آر آئندہ مالی سال کے دوران 14 ہزار 307 ارب روپے کے محاصل جمع کرے گا، 6 ہزار 470 ارب روپے ڈائریکٹ ٹیکس کی مد میں جمع کئے جائیں گے۔


