1
اسرائیلی وزیراعظم کا غزہ پٹی کا مکمل کنٹرول سنبھالنے کا اعلان،عرب میڈیا کے مطابق غزہ پر اسرائیلی کے ٖفضائی حملے اور زمینی آپریشن جاری ہے اور ایسے میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی فوج غزہ پٹی کا مکمل کنٹرول حاصل کرلےگی۔نیتن یاہو نے کہا کہ غزہ میں لڑائی شدید ہے، ہم پیشرفت کر رہے ہیں اور ہم غزہ پٹی کے تمام علاقے کا کنٹرول سنبھال لیں گے۔ دوسری جانب خلیجی میڈیا کا بتانا ہےکہ اسرائیلی فورسز نے ایک گھنٹے کے دوران غزہ میں 30 فضائی حملے کیے ہیں جن میں صبح سے 32 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جب کہ اسرائیلی فوج نے شہریوں کو خان یونس سے بھی انخلا کا حکم دیا ہے۔
2
آئی ایم ایف سے بجٹ مذاکرات کا دوسرا دور، تنخواہ داروں پر انکم ٹیکس کم کرنے کیلئے بات ہوگی۔ آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ مذاکرات کے دوسرا مرحلے کیلئے پاکستان کی معاشی ٹیم میں وزارت خزانہ، ایف بی آر، پلاننگ کمیشن، اکنامک افیئرز ڈویژن اور وزارت پیٹرولیم حکام شامل ہیں جب کہ آئی ایم ایف وفد کے ساتھ اسٹیٹ بینک حکام کے بھی مذاکرات شیڈول ہیں۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کے ساتھ آمدن اور اخراجات پر حتمی مذاکرات ہوں گے، تنخواہ دار طبقے کے لیے انکم ٹیکس کی شرح کم کرنے پر بھی بات چیت ہوگی اور اس حوالے سے حکومت سالانہ 10 سے 12 لاکھ تنخواہ لینے والوں کو ٹیکس فری کرنے کوشش کرے گی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر ایف بی آر انکم ٹیکس میں ریلیف کی کوشش کرے گا جب کہ مذاکرات 23 مئی تک جاری رہیں گے۔
3
پی ٹی آئی کا اتحادیوں کیساتھ ملکر وزیراعظم اور اسپیکر قومی اسمبلی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر غور،ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے وکلا اور ان کی بہنوں نے ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف عدم اعتماد کی بات کی، بانی کو اپوزیشن اتحاد اور محمود خان اچکزئی کے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کے مؤقف سے آگاہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف عدم اعتماد کے معاملے کو آگے بڑھانے کا پلان بنانے کا حکم دیا، بانی نے پی ٹی آئی قیادت اور اپوزیشن اتحاد کو فیصلے پر عملدرآمد کا اختیار دیا۔پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا موجودہ حکومت کو پارلیمنٹ کے باہر اور اندر ٹف ٹائم دیں۔