1
پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کا بھارتی الزام مسترد کر دیا۔ گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کے الزامات مسترد کرتے ہیں، یہ دعویٰ بے بنیاد ہے کہ پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ گولڈن ٹیمپل سکھ عقیدے کا سب سے زیادہ قابل احترام مقام ہے، بھارت نے ہی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، 6 اور 7 مئی کی درمیانی رات میں پاکستان میں بھی مختلف عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارت کے الزامات اس ناقابل قبول فعل سے توجہ نہیں ہٹا سکتے، پاکستان سکھ مذہب کے بہت سے مقدس مقامات کا قابل فخر محافظ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ
2
پاکستان پہلے جھکا ہے نہ اب جھکے گا، ہماری شہادت کی آرزو زندگی سے زیادہ ہے۔چائنہ میڈیا گروپ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بھارت کیساتھ کشیدگی، پاک چین تعلقات اور خطے کی صورتحال پر اپنا موقف پیش کیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے چائنہ میڈیا گروپ کے ہر سوال کا مفصل اور حقائق پر مبنی جواب دیا۔دنیا کے جتنے بھی ممالک ہیں سب کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے، جو بڑے ممالک ہیں ان کا ویژن بھی بڑا ہے، لوگ انسانیت کی ترقی کی جانب دیکھ رہے ہیں۔ پاکستانی قوم نہ تو پہلے جھکی تھی اور نہ ہم اب جھکیں گے، پہلے بھی کہتا رہا ہوں اور اب بھی کہتا ہوں کہ ہماری شہادت کی آرزو زندگی سے زیادہ ہے، چاہے کسی نے نیلی، سفید یا خاکی وردی پہن رکھی ہے شہادت ہمارے لئے اعزاز ہے۔
3
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بیجنگ میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے وزیر لیو جیان چاؤ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے اسٹریٹجک تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا، اس کے علاوہ سیاسی جماعتوں اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے مابین روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔پاکستان چین کے ساتھ آہنی دوستی کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے جبکہ چینی وزیر لیو جیان چائو نے کہا کہ چین پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
4
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطے میں دیرپا امن ممکن نہیں۔عرب گروپ کے سفیروں کو جنوبی ایشیا کی موجودہ علاقائی صورت حال پر بریفنگ دیتے ہوئے عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی سمیت دیگر جارحانہ بھارتی اقدامات اشتعال انگیز، بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی ہیں۔انہوں نے سفیروں کو آگاہ کیا کہ بھارت کی طرف سے جارحیت کی کھلم کھلا کارروائی پر پاکستان کا ردعمل عالمی چارٹر کے تحت اپنے دفاع کے حق کے استعمال میں متناسب اقدام تھا۔عاصم افتخار احمد نے عرب سفیروں کو آگاہ کیا کہ جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور کشیدگی میں کمی کیلئے تمام ضروری اقدامات کرنے کیلئے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا۔
5
بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے جنگ بندی میں امریکی کوششوں کاسرے سے انکار کردیا۔بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی قطعی طور پر دوطرفہ تھی، ٹرمپ کا اس میں کوئی کردارنہیں تھا۔بھارتی اہلکار نے صدر ٹرمپ کو بھی جھٹلا دیا، امریکی صدر ٹرمپ دنیا کے مختلف مقامات پر جاکر 7 بار کہہ چکے جنگ بندی انہوں نے کرائی، بھارتی سیکرٹری خارجہ نے پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ میں کہا کہ صدرٹرمپ نے ہم سے بیچ میں آنے کی اجازت نہیں لی، وہ خود ہی سٹیج پر آناچاہتے تھے اور وہ آگئے۔ پاکستان اوربھارت کے درمیان تنازع روایتی جنگ کے دائرے میں رہا اور پاکستان سے کسی بھی ایٹمی یا حملے کے اشارے نہیں ملے۔
6
احسن اقبال کی وزیراعلیٰ بلوچستان کو ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی ,وفاقی وزیر احسن اقبال سے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ملاقات کی جس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل و عمل درآمد پر غور کیا گیا۔وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے فیڈرل پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کی ترجیحات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی قومی ترجیحات کا جزو اور 100 فیصد ایلوکیشن ضروری ہے۔اس موقع پر وفاقی وزیر احسن اقبال نے بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
7
آئی ایم ایف کا پٹرول اور ڈیزل پر 5 روپے فی لٹر کاربن لیوی عائد کرنے کا مطالبہ ,ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق 2027 تک پٹرولیم مصنوعات پر 5 روپے فی لیٹر کاربن لیوی عائد کرنے پر بات چیت ہو ئی، پٹرولیم مصنوعات پر کاربن لیوی کا نفاذ نئے بجٹ سے شروع کر دیا جائے گا۔پٹرولیم مصنوعات پر کاربن لیوی میں بتدریج اضافہ بھی کیا جا سکے گا، پٹرولیم مصنوعات پر لیوی ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبل فنڈز پروگرام تک عائد رہے گی۔آئندہ مالی سال زرمبادلہ ذخائر 17 ارب 68 کروڑ ڈالر تک بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی، آئندہ مالی سال کمرشل بینکوں اور بانڈز کے اجرا سے 5 ارب ڈالر سے زائد کے حصول کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔رواں مالی سال مرکزی بینک کے پاس 14 ارب ڈالر کے ذخائر ہونے کی شرط عائد کی گئی ہے۔
8
پنجاب کے تعلیمی اداروں میں 28 مئی سے گرمیوں کی چھٹیوں کا اعلان , فیصلے کا اطلاق تمام سرکاری اور نجی سکولز پر ہوگا۔ بڑھتی ہوئی گرمی کے پیش نظر محکمہ تعلیم پنجاب نے سکولوں کے اوقات کار میں بھی کمی کر دی۔سرکاری سکول صبح ساڑھے 7 بجے سے دوپہر ساڑھے 11 بجے تک لگیں گے، 28 مئی سے قبل تمام سکولز محدود اوقات کار پر کلاسز کا انعقاد کریں گے۔
9
مریم نواز سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ,ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں برطانیہ کے مثبت اور مدبرانہ کردار کو سراہا، اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعاون، تعلیم، سرمایہ کاری، ماحولیاتی تحفظ اور گورننس میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔اس موقع پر سبکدوش ہونے والی سیاسی مشیر زوئی ویئر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا، مریم نواز شریف نے سبکدوش ہونے والی برطانوی ہائی کمیشن کی سیاسی مشیر زوئی ویئر کو شاندار خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کی سفارتی خدمات کو سراہا۔جین میریٹ کی بطور ہائی کمشنر خدمات کو حکومتِ پنجاب انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، جین میریٹ کا عالمی سفارتی تجربہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو ایک نئی بلندی پر لے جانے کی نوید ہے۔
10
راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج کیسز میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں 12 جون تک توسیع کر دی۔بشریٰ بی بی کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج پر 29 مقدمات کی سماعت ہوئی۔بشریٰ بی بی کے خلاف راولپنڈی، ٹیکسلا اور اٹک میں مقدمات درج ہیں، بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 7 سال قید کی سزا کاٹ رہی ہیں۔
11
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا ذرائع کے مطابق اجلاس آج سہ پہر 3 بجے وزیر اعظم ہاؤس میں ہوگا، کابینہ اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی، سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران وفاقی کابینہ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بھی غور کرے گی۔اجلاس میں معرکہ حق میں پاکستان کی فتح پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا، شہدا کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی جائے گی۔
12
حکومت پنجاب نے بھارتی حملے کے شہدا کے لواحقین، زخمیوں کیلئے فنڈز جاری کر دیئے .وزیراعظم پاکستان نے امدادی پیکیج کی منظوری دی تھی، حکومت پنجاب نے 14 اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو فنڈز جاری کر دیے۔فنڈز کو شہداء ، شدید زخمی اور معمولی زخمی کی کیٹیگری میں تقسیم کیا گیا ہے، بھارتی حملے میں شہید شہریوں کے اہل خانہ کو ایک کروڑ روپے کی امداد دی جائے گی۔بھارتی حملے سے شدید زخمی ہونے والے شہریوں کو 20 لاکھ جبکہ معمولی زخمی افراد کو 10 لاکھ روپے امداد ملے گی۔
13
خیبرپختونخوا حکومت کا 68 ارب 71 کروڑ روپے واجبات کیلئے وفاق کو خط ,دنیا نیوز نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے چیئرمین واپڈا کو لکھا گیا خط حاصل کر لیا، صوبائی حکومت کے وفاق کے ذمہ 68 ارب 71 کروڑ روپے کے واجبات ہیں۔خط کے متن کے مطابق وفاق کے ذمہ گزشتہ سال کے37 ارب روپے کے واجبات میں سے 28 ملین موصول ہو چکے ہیں، گزشتہ سال کے واجبات میں اب بھی 8 ارب 56 کروڑ روپے باقی ہیں۔ہائیڈل پرافٹ کی مد میں جولائی 2024 سےاپریل 2025 تک 27 ارب روپے واجب الادا ہیں، این ایچ پی کےسالانہ 5 فیصد اضافہ کےواجبات بھی ادا نہیں کئے گئے۔خط میں لکھا گیا ہے کہ سال 2016سے2023ء تک این ایچ پی پرسالانہ 5 فیصد اضافہ کے 41 ارب 14 کروڑ روپے وفاق نے ادا کرنےہیں۔
14
بنگلادیش کا دورہ پاکستان ایک مرتبہ پھر غیریقینی کا شکار , بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے تاحال اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان بھیجنے سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا، بنگلادیشی بورڈ اپنے کھلاڑیوں کو پاکستان کے دورے پر بھیجنے سے متعلق کشمکش کا شکار ہے۔بنگلادیش کرکٹ ٹیم کو 21 مئی کو شیڈول کے مطابق پاکستان آنا تھا لیکن اب پاکستان آنا حتمی نہیں ہے، پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی ایس ایل کا شیڈول متاثر ہوا جس کے باعث دورے کو آگے بڑھا دیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے دورے سے متعلق بنگلادیش بورڈ کو آپشنز پیش کیے تھے جس پر بی سی بی کا کوئی جواب نہیں آیا۔
15
بھارتی ہندوتوا گروپ کا ایکس پر بلوچستان آرمی اکاؤنٹ چلانے کا اعتراف ,ذرائع نے کہا کہ بھارتی حکومت اور انتہا پسند ہندو بلوچستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں، حکومت پاکستان اور مسلح افواج اس حوالے سے کئی بار شواہد ملکی اور بین الاقوامی میڈیا کے سامنے پیش کرچکے ہیں۔ذرائع کے مطابق اب خود بھارت میں ہندوتوا نظریے کے حامل شخص نے یہ اقرار کیا ہے، بھارت کی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والا ہندوتوا گروپ کا رکن بلوچستان آرمی کا ایکس اکاؤنٹ چلاتا ہے۔دفاعی ماہرین نے کہا کہ بھومیہار ساگر کا یہ اقرار ثابت کرتا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کیلئے فتنہ الہندوستان کی سہولت کاری بھارت سے ہوتی ہے، اس اپیل سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ بھومیہار ساگر بلوچستان میں بھارتی دہشت گرد پراکسیوں کیلئے کام کرتا ہے۔ میں تصدیق کرتا ہوں کہ یہ اکاؤنٹ واقعی میرا ہے، میں بھومی ہار ساگر ہوں، جو اس پلیٹ فارم پر اپنی زندگی، خیالات اور تجربات شیئر کرتا رہا ہوں، براہ کرم میری شناخت کا جائزہ لے کر اکاؤنٹ بحال کیا جائے۔
16
مودی سرکار اساتذہ کے پیچھے پڑ گئی، پروفیسر کی شہریت منسوخ کر دی .ایکس پر ممتاز کشمیری پروفیسر نتاشا کول نے مودی سرکار کے نوٹس کی تصویر لگاتے ہوئے لکھا کہ آج گھر پہنچنے پر مجھے بطور تارک وطن شہریت کی منسوخی کا حکم نامہ ملا ہے، جو انتقام اور جبر کی مثال ہے اور یہ سزا مودی حکومت کی اقلیتوں کے خلاف اور غیرجمہوری پالیسیوں کو اجاگر کرنے پر دی گئی ہے۔
17
خاتون سے تعلقات کا الزام، شہری کو رسی سے باندھ کر گہرے پانی میں پھینک دیا گیا .جرگہ نے شہری کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے رسی سے باندھ کر گہرے پانی میں چھوڑنے کا فیصلہ کیا، شہری پانی میں مقرر وقت تک رہنے کے بعد زندہ نکل آیا۔قبائلی رسم کےمطابق متاثرہ شخص کو دوسرے شخص کے 22 قدم چلنے تک پانی میں رہنا ہوتا ہے اور پانی میں رہنے کے دوران اپنا سر پانی کے اندر ہی رکھنا ہوتا ہے۔متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ اس پر جھوٹا الزام لگایا گیا،اس سے اس کی جان بھی جا سکتی تھی لہٰذا وزیراعلیٰ پنجاب انصاف فراہم کریں۔بعد ازاں غیرقانونی جرگے پر 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔


