1
خضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب سکول بس کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا جس میں 3 بچوں سمیت 5 شہید جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔ڈپٹی کمشنر خضدار نے کہا ہے کہ دھماکے میں 38 بچے زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو سی ایم ایچ خضدار منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہےعلاوہ ازیں پولیس حکام کے مطابق دھماکے سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم پولیس و فورسز کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، مزید معلومات سامنے آنے پر میڈیا اور عوام سے شیئر کی جائیں گی۔آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار میں بزدلانہ حملے کی منصوبہ بندی دہشتگرد ریاست بھارت میں کی گئی، بلوچستان میں بھارتی پراکسیز نے اس بھیانک منصوبے کو انجام دیا، میدان جنگ میں ناکامی پر بھارت بلوچستان اور کے پی میں پراکسیز سے دہشتگردی کروا رہا ہے۔ ریاستی پالیسی کے طور پر دہشت گردی کا استعمال بھارتی سیاسی قیادت کی اخلاقی پستی اور بنیادی انسانی اقدار کی نفی کا مظہر ہے، اس بزدلانہ بھارتی سرپرستی میں کیے گئے حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
2
بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید، ایک زخمی ,پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس چوکی کے مرکزی گیٹ کو بارودی مواد سے اڑایا، گیٹ اڑانے کے بعد دہشت گرد اندر گھس گئے اور شدید فائرنگ کی جس سے قریبی دکانوں کو شدید نقصان پہنچا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق پولیس چوکی میں نصب بجلی ٹرانسفارمر کھمبے سے نیچے گر گیا جس سے نیوسبزی منڈی کی بجلی سپلائی منقطع ہوگئی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنوں میں سبزی منڈی پولیس چوکی پر فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے شہید ہونے والے 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا
3
پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے پر اتفاق ,بیجنگ میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، افغانستان کے قائم مقام وزیر خارجہ امیر خان متقی اور چینی ہم منصب کے درمیان غیر رسمی سہ فریقی ملاقات ہوئی، تینوں ورزائے خارجہ نے سی پیک کو افغانستان تک بڑھانے پر اتفاق کیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر خطے میں دہشت گردی کا مشترکہ مقابلہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزرائے خارجہ نے خطے کی سلامتی اور اقتصادی روابط کو فروغ دینے کیلئے تعاون کے عزم کا اظہار کیا اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو پر تعاون کو گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔
4
بھارت خطرناک بحری تیاریوں میں مصروف ہے۔سلامتی کونسل کے مباحثے میں مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ یہ بات تشویش ناک ہے کہ ایک بڑی طاقت غیر محدود علاقائی بالادستی کے خواب دیکھ رہی ہے، بھارت بحری توسیع پسندی اور اہم آبی راستوں پر غلبہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پڑوسی ممالک کو علاقائی بحری سلامتی کے ڈھانچوں بالخصوص انڈین اوشین رم ایسوسی ایشن سے خارج کیا جا رہا ہے۔
5
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکا میں جدید طرز کا فضائی دفاعی نظام ’گولڈن ڈوم‘ کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک نئے میزائل دفاعی نظام ’گولڈن ڈوم‘ کے منصوبے کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ نظام میری دوسری مدت صدارت کے اختتام تک فعال ہوجانا چاہیے۔ امریکا کی ٹیکنالوجی اسرائیل سے زیادہ جدید ہے، یہ دفاعی نظام زمین اور فضا سے کسی بھی میزائل حملے کو روکے گا، گولڈن ڈوم دفاعی نظام پر 175 ارب ڈالر خرچ ہوں گے، دفاعی بل میں گولڈن ڈوم کیلئے 25 ارب ڈالر شامل ہوں گے، دفاعی نظام کیلئے ہر چیز امریکا میں بنائی جائے گی، سپیس آپریشنز کے نائب سربراہ جنرل مائیکل اس منصوبے کی قیادت کریں گے۔ کینیڈا گولڈن ڈوم میزائل دفاعی نظام کا حصہ بننا چاہتا ہے اور امریکا اس حوالے سے کینیڈا کی مدد بھی کرے گا۔
6
بنگلادیش کیخلاف سیریز: 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان، بابر، رضوان، شاہین پھر باہر ,نئی سلیکشن کمیٹی کے مطابق آل راؤنڈر سلمان علی آغا کو ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے جبکہ شاداب خان نائب کپتان کی حیثیت سے سکواڈ کا حصہ ہوں گے، ٹیم میں نوجوان اور تجربہ کار کھلاڑیوں کا امتزاج رکھا گیا ہے تاکہ کارکردگی اور مستقبل کی تیاری میں توازن قائم رکھا جا سکے۔اعلان کردہ قومی سکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، ابرار احمد، فہیم اشرف، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، حسن نواز، حسین طلعت، محمد عرفان خان نیازی، خوشدل شاہ، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر) اور صائم ایوب شامل ہیں۔پی سی بی کے مطابق اس سکواڈ میں کئی باصلاحیت نوجوان کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں جنہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ملے گا،
7
صوبائی دارالحکومت لاہور میں کینال روڈ پر جوہر ٹاؤن کے قریب گاڑی نہر میں گر گئی،گاڑی میں سوار تین افراد جان کی بازی ہار گئے۔ریسکیو حکام نے موقع پر پہنچ کر گاڑی میں سوار افراد کو باہر نکالا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے، ریسکیو نے لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، ریسکیو اہلکاروں بڑی کوشش کے بعد گاڑی کو نہر سے نکالا۔حادثے کے باعث کینال روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو گئی جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
8
خیبرپختونخوا حکومت کی عوام کیلئے لائف انشورنس سکیم متعارف کرانے کی منظوری ,مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کے پی حکومت نےصوبہ بھر کے تمام شہریوں کیلئے لائف انشورنس سکیم متعارف کرانے کی منظوری دی ہے، لائف انشورنس سکیم پر سالانہ 4.5 ارب روپے لاگت آئے گی۔ سکیم کے تحت اگر گھر کے سربراہ کا انتقال ہو جائے تو لواحقین کو فوری مالی امداد فراہم کی جائے گی، 60 سال سے کم عمر میں انتقال کرنے والے افراد کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے دیئے جائیں گے، جبکہ 60 سال سے زیادہ عمر میں وفات پانے والے افراد کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے ملیں گے۔
9
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے مقدمات میں ملزمان کے وکلاء کو گواہ کے بیان پر جرح کیلئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔دوران سماعت جلاؤ گھیراؤ کے وقت موقع پر موجود اہلکار نے حماد اظہر اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر کے خلاف بیان ریکارڈ کرا دیا، کلمہ چوک کے قریب کنٹینر جلانے کے مقدمے میں موقع پر موجود پولیس اہلکار نے بھی بیان ریکارڈ کرا دیا۔گواہ کے بیان کے مطابق 11 مئی کی رات حماد اظہر، میاں محمود الرشید اور اسلم اقبال کی قیادت میں ڈیڑھ سو سے دو سو لوگ کلمہ چوک جمع ہوئے، وائرلیس پر کال چلنے کے بعد دیگر پولیس اہلکاروں کے ہمراہ موقع پر پہنچا۔پولیس نے کارکنان کو روکنے کی کوشش کی مگر پولیس پر بدترین پتھراؤ کیا گیا، میری آنکھوں کے سامنے دس سے پندرہ لوگوں نے پٹرول بم پھینک کر کنٹینر کو آگ لگائی، پولیس نے ان دس لوگوں کو وہاں سے گرفتار کیا جن سے تفتیش کی گئی جبکہ 24 اکتوبر کو شناخت پریڈ میں 10 ملزمان کو شناخت کیا۔بعدازاں لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء کو گواہ کے بیان پر جرح کیلئے طلب کر لیا۔
10
سندھ ہائیکورٹ نے سابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کے اہلخانہ کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے پر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔سندھ ہائیکورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران عارف علوی کے وکیل نے بتایا کہ سابق صدر مملکت، اہلیہ اور بچوں کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیئے گئے ہیں، ایف آئی اے نے انکوائری کی بنیاد پر پوری فیملی کے بینک اکاؤنٹس منجمد کئے۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیتے ہیں۔اس پر وکیل نے کہا کہ پوری فیملی کے اکاؤنٹس منجمد کرنے سے روز مرہ کے اخراجات پورے کرنے مشکل ہوگئے ہیں۔عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کو بھی تو فیس کی ادائیگی کی گئی ہوگی جس پر وکیل درخواست گزار نے کہا کہ یہ کیس بغیر فیس کے لڑ رہا ہوں، عدالت نے کہا کہ فریقین کے جواب آنے دیں پھر دیکھتے ہیں۔بعدازاں سندھ ہائیکورٹ نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 جون کو جواب طلب کر لیا۔
11
ریلوے کا عیدالاضحیٰ پر 5 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان ,ریلوے کے ترجمان کے مطابق پاکستان ریلوے کی جانب سے ٹرینیں 2 جون سے 4 جون کے درمیان مختلف شہروں سے چلائی جائیں گی۔ترجمان نے بتایا کہ پہلی خصوصی ٹرین 2 جون کو کراچی کینٹ سے دوپہر 1 بجے لاہور کے لیے روانہ ہوگی جب کہ دوسری خصوصی ٹرین 3 جون کو کوئٹہ سے صبح 10 بجے پشاور کینٹ کے لیے روانہ ہوگی۔تیسری خصوصی ٹرین 3 جون کو لاہور سے شام 5 بجے کراچی کینٹ کے لیے روانہ ہوگی اور چوتھی خصوصی ٹرین 3 جون کو کراچی سٹی سے رات 8 بجے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی۔اسی طرح پانچویں خصوصی ٹرین 4 جون کو کراچی کینٹ سے رات 8 بجے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔
12
چینی سفیر کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سے ملاقات ,آئی ایس پی آر کے مطابق چینی سفیر نے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی، ملاقات میں کارپوریٹ سطح کی مصروفیات، دفاعی تعاون اور خطے میں ابھرتے ہوئے جیوسٹریٹجک ماحول سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔معززین نے ابھرتے ہوئے چیلنجوں کیلئے ہم آہنگی اور تعاون پر مبنی اہمیت پر زور دیا، موجودہ علاقائی سلامتی کی صورتحال میں آپریشنل تیاری اور تیز روابط کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔
13
سابق ایم این اے مصطفیٰ نوازکھوکھر نے کہا ہے کہ تمام سیاست دانوں کوبیٹھ کرمسائل کا حل نکالنا ہوگا۔ابھی یہ کہنا مشکل ہےکہ جنگ ختم ہوچکی ہے، افواج پاکستان نے بھارت کو بھرپورجواب دیا ہے۔ پاک فضائیہ نے بھارت کے طیارے مار گرائے، سیاسی عدم استحکام کی قیمت پاکستانیوں نے ادا کی ہے، ملک میں سیاسی عدم استحکام کو ختم کرنےکی ضرورت ہے۔ موجودہ حکومت کوعوام کی سپورٹ حاصل نہیں ہے، صحت اور تعلیم پرتوجہ دینا ہوں گی۔
14
سماجی کارکن اور نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے ایک بار پھر غزہ میں فوری، مستقل جنگ بندی اور نسل کشی کو روکنے کا مطالبہ کر دیا۔سوشل میڈیا پر غزہ میں اسرائیل کی ظلم و بربریت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی کا کہنا تھا کہ غزہ میں اسرائیل کی ظالمانہ کارروائیاں دیکھ کر اذیت میں ہوں۔ غزہ میں ہزاروں بھوکے بچے ہیں، سکولوں اور ہسپتالوں کی تباہی، انسانی امداد کی راہ میں رکاوٹوں کے سبب رنج میں ہوں۔
15
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت زون میں آغاز ہوا ہے۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں تیزی ریکارڈ کی جا رہی ہے، 600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 19 ہزار 649 پوائنٹس کی حد کو چھو گیا ہے۔
16
بجلی ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ,بجلی کے نرخ بڑھانے کیلئے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے اپریل کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں درخواست دائر کر دی ہے، جس پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 29 مئی کو سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا۔درخواست گزار کے مطابق اپریل میں 10 ارب 51 کروڑ 30 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی، جبکہ اسی ماہ بجلی کمپنیوں کو 10 ارب 19 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی ہے۔سی پی پی اے نے کہا بجلی کی فی یونٹ لاگت 8.94 پیسے جبکہ ریفرنس لاگت 7.68 روپے تھی، اپریل میں پانی سے 21.94 فی صد، مقامی کوئلے سے 14.51 فیصد بجلی پیدا کی گئی، درآمدی کوئلے سے 10.02، فرنس آئل سے 0.97 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
17
صدر مملکت آصف علی زرداری سے بینکنگ محتسب سراج الدین عزیز نے ملاقات کی۔بینکنگ محتسب نے صدر مملکت کو ادارے کی رپورٹ برائے سال 2024ء پیش کی، بینکنگ محتسب نے سال 2024ء میں بینکنگ صارفین کو 1.65 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا۔بینکنگ محتسب نے بتایا کہ سال 2024 ء میں کمرشل بینکوں کے خلا ف 27 ہزار سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے بینکنگ محتسب کو عوامی شکایات کے بروقت ازالہ کیلئے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔