اسلام آباد(ای پی آئی)وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع کردی ہے۔

وزیرخزانہ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ ابوظہبی نے 2 ارب ڈالر قرض کی مدت میں توسیع کا فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ متحدہ عرب امارات کے باعث کیا۔انہوں نے یاددہانی کروائی کہ وزیراعظم نے سرکاری دورے کے دوران صدر متحدہ عرب امارات سے قرض کی مدت میں توسیع پر بات چیت کی تھی۔

اس پیش رفت سے آگاہ کرنے کے علاوہ اسحق ڈار نے اپنی ٹوئٹ میں پاک متحدہ عرب امارات دوستی زندہ باد کا نعرہ بھی درج کیا۔ گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا جس کے دوران اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع کے ساتھ مزید ایک ارب ڈالر قرض دینے کا بھی اعلان کیا تھا۔