1
آئی ایم ایف کیساتھ بجٹ اہداف پر اتفاق رائے نہ ہو سکا، مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان،آئی ایم ایف وفد کا دورہ پاکستان مکمل ہونے پر اعلامیہ جاری کر دیا گیا، آئی ایم ایف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستانی حکام کے ساتھ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر اتفاق رائے کے لیے آنے والے دنوں میں مذاکرات جاری رہیں گے۔اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف وفد کا دورہ پاکستان 19 مئی کو شروع ہوا، آئی ایم ایف وفد کی قیادت نیتھن پورٹر نے کی، پاکستان کے ساتھ حالیہ معاشی صورتحال، قرض پروگرام پر عمل درآمد اور آئندہ بجٹ پر مذاکرات ہوئے، پاکستان کے ساتھ مذاکرات تعمیری رہے۔اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے مالی استحکام اور سماجی اخراجات کے تحفظ کا عزم دہرایا، آئندہ مالی سال کے دوران پرائمری سرپلس جی ڈی پی کے 1.6 فیصد تک لے کر جانے پر اتفاق ہوا۔آئی ایم ایف کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام کے ساتھ ٹیکس نیٹ بڑھانے اور محصولات میں اضافے پر بات چیت ہوئی، اخراجات کو ترجیحی بنیادوں پر منظم کرنے، توانائی کے شعبے میں اصلاحات پر مذاکرات کیے گئے جبکہ بجلی کی پیداواری لاگت کو کم کرنے پر زور دیا گیا۔اعلامیہ کے مطابق پائیدار ترقی اور یکساں کاروباری مواقع کی بہتری کے لیے اصلاحات زیر غور آئیں، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی جاری رکھنے اور مہنگائی کو 5 سے 7 فیصد کی سطح پر برقرار رکھنے پر زور دیا گیا۔
2
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ 25 کروڑ کی آبادی کا پانی روکنا اعلان جنگ تصور کیا جائے گا۔سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ معطل کرنے کی کوئی شق یا گنجائش نہیں، عالمی برادری پانی کو بطور ہتھیار استعمال کی حمایت نہیں کرے گی۔پاک بھارت جنگ بندی میں امریکا نے نمایاں کردار ادا کیا، پاک بھارت کشیدگی میں کمی سے متعلق امریکی قیادت کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ امن کے داعی ہیں، مسئلہ کشمیر کے حل میں پیش رفت سے متعلق امریکی صدر کی کوششوں کی قدر کرتے ہیں، پاکستان کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلے کے مستقل حل کا خواہاں ہے۔امریکا میں میڈیا سے گفتگو
3
وہ ریاستی دہشت گردی بند کرے اور بامعنی مذاکرات کا آغاز کرے۔سلامتی کونسل میں کھلے مباحثے کے دوران صائمہ سلیم نے کہا کہ ہندوستان نے ایک بار پھر گمراہ کن معلومات، انحراف اور انکار کا سہارا لیا ہے، بھارت کی جانب سے گول مول باتیں حقائق کو نہیں چھپا سکتیں۔اقوام متحدہ میں پاکستان کی مندوب صائمہ سلیم نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں شہریوں کو بےدریغ قتل اور زخمی کرتا ہے، پاکستان پر بلا اشتعال حملے کرکے شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل اور امریکا میں سکھ رہنما گرپتونت سنگھ کے قتل کی سازش کی جانب اشارہ کرتے ہوئے صائمہ سلیم نے سلامتی کونسل کو یاد دلایا کہ ہندوستان نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی سرپرستی کرتا ہے۔صائمہ سلیم نے اراکین کو یاد دلایا کہ 6 سے 10 مئی کےدوران ہندوستان نے پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت کا ارتکاب کیا اور بلااشتعال حملے کرکے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا، ان حملوں میں 40 شہری شہید ہوئے جن میں 7 خواتین اور 15 بچے شامل ہیں، جبکہ 121 افراد زخمی ہوئے جن میں 10 خواتین اور 27 بچے شامل ہیں۔پاکستان میں دہشت گردی کی حالیہ بہیمانہ وارداتوں کی جانب سے اشارہ کرتے ہوئے صائمہ سلیم نے کہا کہ ہندوستان مسلسل دہشت گرد گروہوں کو مالی اور عملی مدد فراہم کرتا ہے جن میں ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ شامل ہیں، جن کا مقصد پاکستان میں معصوم شہریوں کو قتل کرنا ہے، 21 مئی کو خضدار میں ایک سکول بس پر بزدلانہ حملے میں معصوم بچوں کی جانیں لی گئیں اور درجنوں زخمی ہوئے۔
4
سندھ کے شہر خیر پور میں کلیری اور اجن برادریوں کے درمیان مسلح تصادم میں 4 افراد قتل اور 15 زخمی ہو گئے ہیں۔پولیس ذرائع کے مطابق دونوں برادریوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ اب بھی جاری ہے جبکہ ہلاک اور زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ مسلح تصادم کے نتیجہ میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے اور شہری گھروں تک محدود ہو گئے ہیں۔
5
ڈی پورٹ ہونے والے افراد پر مقدمہ، پاسپورٹ منسوخ کرنے کا فیصلہ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ڈی پورٹ ہونے والے افراد کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج اور پاسپورٹ منسوخی کا فیصلہ کیا گیا، ڈی پورٹ ہونے والے افراد کو پانچ سال کے لیے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ پر بھی ڈالا جائے گا۔محسن نقوی کی ہدایت پر پاسپورٹ قوانین کو مزید سخت اور بہتر بنانے کے لیے وفاقی سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈی پورٹ ہونے والے افراد پاکستان کے لیے بین الاقوامی سطح پر شرمساری کا باعث بن رہے ہیں، آئندہ ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
6
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کے لیے میٹرو بس کا سفر مہنگا ہو گیا۔26 مئی 2025 سے نئی کرایہ پالیسی نافذ کی جا رہی ہے جس کے تحت اورنج لائن، گرین لائن، بلیو لائن اور الیکٹرک فیڈر روٹس پر یکساں طور پر فی سفر کرایہ 100 روپے مقررکر دیا گیا ہے۔پہلے مختلف روٹس پر کرایہ 50 سے 90 روپے کے درمیان تھا تاہم حکام کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی آپریشنل لاگت، ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور سروس کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے کرایوں میں نظرثانی ناگزیر تھی۔
7
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے کہا ہے کہ بار ایسوسی ایشنز اور وکلا کے مسائل کا حل لاہور ہائی کورٹ کی اولین ترجیح ہے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم سے لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ملک آصف احمد نسوانہ نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ امجد اقبال رانجھا بھی موجود تھے۔چیف جسٹس مس عالیہ نیلم نے یقین دہانی کرائی کہ صوبے کے عوام کو جلد اور معیاری انصاف کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، بروقت اور معیاری انصاف کی فراہمی کیلئے بار اور بنچ کے مابین قریبی اور مؤثر تعاون ناگزیر ہے۔
8
پشاور میں دفعہ 144 نافذ: ہوائی فائرنگ، ڈرون اور پتنگ اڑانے پر پابندی،جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس دوران ہوائی فائرنگ، ڈرون، کبوتر اور پتنگ اڑانے کے علاوہ دکانوں یا اشتہارات میں ہائی بیم لیزر لائٹس کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد فضائی حدود میں پرندوں اور دیگر اشیاء کے باعث طیاروں کو لاحق خطرات کا تدارک کرنا ہے، ڈپٹی کمشنر پشاور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جہازوں سے پرندوں کے ٹکرانے جیسے حادثات سے بچاؤ کے لیے انتظامیہ سے تعاون کریں۔خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 188 کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی
9
پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ تھنک ٹینک نے ایک مفصل رپورٹ جاری کی ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان نے بھارت کو ذلت آمیز شکست دے کر دفاعی طاقت کا توازن بحال کر دیا ہے۔سینیٹر مشاہد حسین سید نے ’’ 16 گھنٹے میں جنوبی ایشیا کی تاریخی تبدیلی‘‘ کے عنوان سے معروف تھنک ٹینک کی رپورٹ کا اجرا کر دیا۔رپورٹ میں مودی کے غلط اندازے اور پاکستان کی واضح برتری کے تذکرے کے ساتھ ساتھ جنگ کو خارج از امکان قرار دیا گیا ہے کیوں کہ دفاعی طاقت کا توازن بحال ہو چکا ہے، مئی کی فتح’’پاکستان کا شاندار ترین لمحہ‘‘ ہے۔رپورٹ کے اجرا کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر مشاہد حسین سید کا کہنا تھا کہ پاکستان چائناانسٹی ٹیوٹ پاکستان کا پہلا تھنک ٹینک ہے جس نے اس نوعیت کی جامع رپورٹ تیار کی، جو اس کشیدگی کے تمام پہلوؤں اور اس کے نتائج، مودی کے غلط اندازے اور پاکستان کی کامیابی کی وجوہات کا احاطہ کرتی ہے ، یہ 1962 میں چین سے نہرو کی شکست کے بعد بھارت کی سب سے بڑی شکست ہے۔انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کی جرات مندانہ حکمتِ عملی کو سراہا اور اس کا کریڈٹ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کی متحرک قیادت کو دیا جنہوں نے باہمی ہم آہنگی کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار بین الافواج تعاون اور حکمتِ عملی کی واضح مثال قائم کی۔پاکستان کی کامیابی کی دیگر وجوہات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے پاک فضائیہ کے لڑاکا ہوا بازوں کی پیشہ ورانہ مہارت، تربیت، جذبے اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال خاص طور پر الیکٹرانک وارفیئر کے استعمال اور سائبر میدان میں برتری کے حصول کو سراہا۔
10
فیض حمید کا کورٹ مارشل اور 14سال قید ہوگی: فیصل واوڈا کا پھر دعویٰ، ہم نے متحد ہو کر بھارت سے جنگ جیتی ہے، عوام مسلح افواج کے پیچھے کھڑی ہے، بھارت کم ظرف اور گھٹیا دشمن ہے، ہم نے صرف دفاعی نہیں سفارتی اور دیگرمحاذوں پر بھی جنگ جیتی ہے۔ بلوچستان میں جوبربریت کو جائز کہے گا انہیں بھی دہشت گردوں کی طرح ٹریٹ کریں گے، ہم بھارتی پراکسی وارکا جواب دیں گے، بھارت میں کم ظرف وزیراعظم مسلط ہے۔ فیض حمید کا کورٹ مارشل ہونا ہے انہیں14سال قید ہونی ہے، جب فوج والے اپنے بندے کو نہیں چھوڑیں گے تو کیا باقی بچ جائیں گے؟ سیاست غیرمتعلقہ ہوگئی، سیاست دانوں نے رول بھی ادا نہیں کیا، جو لیڈرشپ ڈیموکرٹیک سسٹم سے ملنا تھی وہ آرمی چیف کی شکل میں ملی، فیلڈ مارشل نے سب کو متحد کر دیا اور پاکستان کا جھنڈا فخر سے لہرایا، اس کا کریڈٹ تو فیلڈ مارشل کو دینا چاہیے۔
11
وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ ملک میں اگرکوئی بڑا آپریشن ہوتا ہےتوتمام جماعتوں کواعتماد میں لیا جائےگا۔جنگ میں بھارت کومنہ کی کھانی پڑی، بھارت اپنی پراکسیزکےذریعےدہشت گردی کررہا ہے، دہشت گردوں کےخلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ہورہےہیں۔ ملک میں اگرکوئی بڑا آپریشن ہوتا ہےتوتمام جماعتوں کواعتماد میں لیا جائےگا، ملک میں بھارت ہندوتوا ایجنڈے کےتحت دہشت گردی پھیلا رہا ہے،کشمیراورسندھ طاس پرپاکستان کی پوزیشن واضح ہے۔پی ٹی آئی سیاسی جماعتوں سےبات کرنےمیں دلچسپی نہیں رکھتی، بانی پی ٹی آئی اوران کی جماعت خود اپنےموقف میں واضح نہیں، مقتدرہ کہہ چکی ہے کہ سیاسی معاملات میں ہمیں شامل نہ کیا جائے۔
12
بیرسٹر گوہر پارٹی رہنما شاہ محمود قریشی کی عیادت کیلئے ہسپتال پہنچ گئے۔پارٹی ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر پارٹی رہنما شاہ محمود قریشی کی عیادت کے لئے لاہور پہنچے تھے، شاہ محمود قریشی اور بیرسٹر گوہر کے درمیان سیاسی امور پر تبادلہ خیال بھی ہوا، ملاقات میں مہر بانو قریشی بھی موجود تھی۔
13
اسحاق ڈار سے سفارتی وفود کی ملاقات، دنیا میں پاکستان کا موقف اجاگر کرنے کا عزم،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ سفارتی وفود مختلف ممالک کا دورہ کرکے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کریں گے۔ملاقات کے دوران اسحاق ڈار نے پاکستان کی سفارتی ترجیحات بیان کیں، وفود مؤثر طریقے سے پاکستان کا نقطہ نظر اجاگر کریں گے۔نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ اعلیٰ سطح کے وفود دنیا میں پاکستان کا پیغامِ امن عام کریں گے۔
14
لاہور قلندرز ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 2 ایڈیشنز میں 100 چھکے لگانے والی پہلی ٹیم بن گئی۔حالیہ ایڈیشن میں اب تک لاہور کی ٹیم نے 110 چھکے جڑے ہیں، اس سے قبل 2003 کے ایڈیشن میں بھی قلندرز کے بیٹرز نے بھرپور لاٹھی چارج کرتے ہوئے 100 چھکے لگائے تھے۔علاوہ ازیں گزشتہ روز پی ایس ایل 10 کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز سکور کیے۔قلندرز کی جانب سے کوشل پریرا 61 رنز بنا کر نمایاں رہے، محمد نعیم 50، عبداللہ شفیق 25، بھانوکا راجاپکسا 22، آصف علی 15، فخر زمان 12 جبکہ شکیب الحسن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے اور 203 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کی پوری ٹیم 107 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
15
رمنی میں ہمبرگ کے مرکزی ٹرین اسٹیشن پر چاقو حملے میں 18 افراد زخمی ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق ملزم نے ہمبرگ کے مرکزی ٹرین اسٹیشن پر موجود لوگوں پر حملہ کیا، تین افراد کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔حکام نے بتایا کہ پولیس نے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے، ہیمبرگ اسٹیشن پر حملے پر سیاسی مقاصد کا شبہ نہیں ہے۔
16
آئی ایم ایف نے پاکستان سے آئندہ مالی سال پاور سیکٹر کو اضافی سبسڈی نہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف اور پاکستانی معاشی ٹیم کے درمیان آئندہ بجٹ پر مذاکرات کی اہم شرط رکھی گئی ہے کہ آئندہ مالی سال پاور سیکٹر کو اضافی سبسڈی نہیں دی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ وزارت توانائی کو گردشی قرضہ روکنے کے لیے اقدام کرنے کا کہا گیا ہے، اضافی سبسڈی نہیں ملے گی، بجٹ میں مختص توانائی شعبے کیلئے 1 ہزار ارب روپے سے زائد کی اجازت نہیں ہوگی۔آئندہ مالی سال گردشی قرضہ میں اِن فلو 170 ارب روپے تک محدود کرنا ہدف ہے، پاور سیکٹر کے نئے گردشی قرضہ کو اضافی سبسڈی دے کر کلئیر کرنے پر بات چیت ہوئی ہے، اہم اخراجات کیلئے اضافی بجٹ مختص کرنے پر پاور سیکٹر کیلئے اضافی سبسڈی ختم ہوئی۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے ٹیرف ریشنلائزیشن ہوگی، انڈسٹری کے لیے بجلی سستی نہیں کی جائے گی، ٹیرف ریشنلائزیشن کیلئے ورکنگ جولائی سے پہلے کر کے فائنل تخمینہ لگایا جائے گا۔


