کشمور( حاکم نصیرانی)کشمور شہرمیں لین دین کے معاملہ میں جھگڑے کے باعث 8 زخمیوں میں سے ایک شہری علی جان مزاری چل بسا .قومی جھگڑے کے خدشہ کےباعث علاقے میں کشیدگی والی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ واقعہ میں ملوث ملک برادری اپنے گھر خالی کر کے نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئی.
تفصیلات کے مطابق دو دن قبل پیسوں کی لین دین کی معمولی بات پر مزاری اور ملک برادریوں کے مابین جھگڑا ہوا تھا جھگڑے کے نتیجے میں لاٹھیاں اور اینٹیں لگنے سے دونوں فریقین کے آٹھ افراد زخمی ہوئے تھے جن میں دو افراد کو تشویشناک حالت میں علاج کیلئے رحیم یار خان ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اس دوران زخمیوں میں علی جان مزاری دوران علاج زخموں کے تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
لاش قانونی کاروائی کے بعد ورثاہ کے حوالے کر دی گئی لاش آبائی گاٶں پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ غسل و کفن کے بعد مرحوم کے جسد خاکی کو آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔
واقعہ کے بعد علاقے میں کشیدگی والی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ واقعہ میں ملوث ملک برادری اپنے گھر خالی کر کے نامعلوم مقام پر منتقل ہوگئی ہے۔ کشمور پولیس کے ہیڈ محرر سکھیو خان کا کہنا ہے کہ ہم نے فریقین کو میڈیکل لیٹر دیا تھا اب جبکہ مزاری برادری کا ایک شخص جانبحق ہوا ہے تو ورثاہ کے آنے کے بعد مقدمہ درج کر کے قانون کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔