اسلام آباد (ای پی آئی ) حکومت نے ڈیجیٹل معیشت کو مضبوط کرنے کے لئے بٹ کوائن مائننگ اور مصنوعی ذہانت (AI) ڈیٹا سینٹرز کے لیے 2000 میگاواٹ بجلی مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق اضافی بجلی کو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں لا کر بٹ کوائن مائننگ، اے آئی ڈیٹا پروسیسنگ اور دیگر ہائی ٹیک منصوبوں کو فروغ دیا جائے گا۔ اس اہم منصوبے کی نگرانی پاکستان کرپٹو کونسل کرے گی۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف ملکی ٹیکنالوجی سیکٹر کو تقویت دے گا بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی پاکستان کی جانب راغب کرے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ہزاروں نوجوانوں کیلئے ٹیکنالوجی کے شعبے میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بٹ کوائن مائننگ اور مصنوعی ذہانت جیسے جدید شعبوں میں سرمایہ کاری سے نہ صرف ملکی معیشت میں وسعت آئے گی بلکہ قومی سلامتی کو بھی نئی جہتیں ملیں گی۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل انفرااسٹرکچر کی ترقی ملک کو خودمختاری، استعداد اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرے گی۔

حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے پاکستان ٹیکنالوجی کی عالمی دوڑ میں مؤثر انداز میں شریک ہو سکے گا، اور مستقبل کی ڈیجیٹل دنیا میں ایک مضبوط اور خودمختار مقام حاصل کرے گا۔