1
بھارت نے آبی جارحیت جاری رکھتے ہوئے دریائے سندھ کے بہاؤ کو روکنے کے لیے متنازعہ علاقے لداخ میں چار نئے منصوبوں کا ماسٹر پلان شروع کر دیا ہے۔اس بات کا انکشاف معروف آبی ماہر انجینئر ارشد ایچ عباسی کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو بھیجے گئے ایک خط میں کیا گیا ہے۔خط کے مطابق بھارت اقوام متحدہ کی قرار داد کے تحت متنازع علاقے لداخ میں اچنتھنگ، سانجک، پارفیلا، باتالک اور خلستی کے 10 میگا واٹ ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ماسٹر پلان پر کام کر رہا ہے۔مکتوب میں لکھا گیا ہے کہ یہ منصوبے نہ صرف معاہدے کے تحت اجازت دی گئی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کی خلاف ورزی کرتے ہیں بلکہ پاکستان میں پانی کے بہاؤ کو روکنے اور کم کرنے کے حوالے سے سنگین خدشات بھی پیدا کرتے ہیں۔آبی ماہر کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ ان منصوبوں کا مقصد سیاسچن گلیشئر کے برفانی علاقے میں تعینات فوجیوں کے لیے حرارت اور توانائی کی سہولیات فراہم کرنا ہے جبکہ لداخ کے محروم اور پسماندہ لوگ سردی میں چھوڑے ہوئے ہیں۔ارشد ایچ عباسی نے لکھا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کے تحت بھارت لداخ میں 0.25 ملین ایکڑ فٹ پانی عمومی اور پاور سٹوریج کے لیے استعمال کر سکتا ہے مگر بھارت پہلے ہی متنازع علاقے لداخ میں معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 45 میگا واٹ کے نمو بازگو اور 44 میگاواٹ کے چٹک ہائیڈرو پاور پلانٹ تعمیر کر چکا ہے جو فوجی ضروریات کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔آبی ماہر نے انتونیو گوتریس کو خط میں بتایا کہ بھارت کے یہ بہیمانہ اقدامات پاکستان کے لیے سزائے موت سے کم نہیں اور یہ وادی سندھ کی عظیم قدیم تہذیب کا خاتمہ کرنے کی ظالمانہ کوششیں ہیں، اقوام متحدہ کو سندھ طاس معاہدے کی اصل حالت میں بحالی کے لیے فوری طور پر مؤثر اقدام اٹھانا چاہئے۔
2
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ وزیرِاعظم پاکستان شہباز شریف اور ان کے وفد کی میزبانی کر کے خوشی ہوئی۔ وزیرِاعظم پاکستان کے ساتھ ملاقات میں کئی اہم امور پر تبادلہ خیال کیا، شہباز شریف اور ان کے وفد کے ساتھ معیشت، تجارت اور سلامتی پر بات ہوئی۔ ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تعلقات کو ہر شعبے میں مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔شہباز شریف نے بتایا کہ ملاقات میں کثیر الجہتی دو طرفہ تعلقات، خصوصاً تجارت اور سرمایہ کاری میں جاری پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے ملاقات میں ناقابل تسخیر برادرانہ تعلقات اور تعاون کو مزید مضبوط کرنے کیلئے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
3
سپریم کورٹ نے ججز کے تبادلوں سے متعلق اہم آئینی مقدمے کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ ججز کے تبادلوں میں 4 مراحل پر عدلیہ کی منظوری لازمی ہے۔ججز کے تبادلوں سے متعلق اہم آئینی مقدمے کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ میں عدلیہ کی خودمختاری، سنیارٹی اور آئینی آرٹیکلز پر گہرے سوالات اٹھا دیئے گئے۔سپریم کورٹ میں ججز ٹرانسفر کیس کی سماعت جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں 5 رکنی آئینی بنچ نے کی جس میں وکیل فیصل صدیقی نے دلائل دیئے جب کہ اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کل اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔وکیل فیصل صدیقی نے مؤقف اپنایا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا قیام آئین کے آرٹیکل 175 کے تحت عمل میں آیا ہے اور اس قانون میں ججز کی تقرری کا تعلق صرف صوبوں سے ہے جس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کا تبادلہ ممکن نہیں، اگر کسی جج کا تبادلہ ہو بھی جائے تو وہ مستقل نہیں ہو گا اور واپسی پر دوبارہ حلف کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
4
یورپی ملک مالٹا کا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان ,غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق مالٹا کے وزیر اعظم رابرٹ ابیلا نے تصدیق کر دی، مالٹا 20 جون 2025کو فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لے گا۔خبر ایجنسی کا مزید کہنا تھا کہ رابرٹ ابیلا فرانس نے بھی جون میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا عزم کیا اور اس بات پر زور دیا کہ فرانس اور سعودی عرب جون میں دو ریاستی حل پر مشترکہ کانفرنس کا انعقاد کریں گے۔
5
خیبرپختونخوا: دہشت گردوں سے مراسم پر سرکاری ملازمین کی فہرست سازی کا فیصلہ ,ذرائع محکمہ داخلہ کے مطابق دہشت گردوں کے علاوہ منشیات فروشوں سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کے گرد بھی گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ پولیس اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس اداروں سے مشکوک سرگرمیوں میں ملوث ملازمین کی تفصیلات طلب کر لی گئی ہیں، دہشت گرد تنظیموں سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو برطرف کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین سے متعلق پولیس اور انٹیلی جنس اداروں کے ڈیٹا کی نادرا سے تصدیق کی جائے گی، مشکوک ملازمین کی جائیدادیں اور بینک کھاتے ایف بی آر سے کراس چیک کیے جائیں گے۔
6
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایچ ای سی سے برخاست کئے گئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی عہدے پر بحالی اور حکم امتناع کی فوری استدعا مسترد کر دی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے ڈاکٹر ضیاء القیوم کی عہدے پر بحالی کی درخواست پر سماعت کی، ڈاکٹر ضیاء القیوم کی جانب سے وکیل عمران شفیق عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے ایچ ای سی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا، جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے کہ پہلے کمنٹس آجانے دیں پھر دیکھ لیں گے۔وکیل عمران شفیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت حکم امتناع جاری کر دے کیونکہ نئی تعیناتی کیلئے گزشتہ روز اشتہار بھی جاری ہوگیا ہے۔جسٹس انعام امین منہاس نے ریمارکس دیئے کہ میں آئندہ تاریخ سے متعلق آرڈر میں لکھ دوں گا۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی، کیس کی آئندہ تاریخ تحریری حکمنامہ میں جاری ہوگی۔
7
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک اور جمہوریت کی خاطر قربانیاں دیں، پاکستان ہے تو تمام سیاسی جماعتیں ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی قیادت میں پیپلزپارٹی اٹک کی تنظیم اور ٹکٹ ہولڈرز نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔پاکستان ہے تو تمام سیاسی جماعتیں ہیں، پاک بھارت کشیدگی میں پیپلزپارٹی سمت تمام سیاسی جماعتیں اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئیں اور بھارت کو منہ کی کھانی پڑی۔
8
علی امین گنڈاپور نے اپوزیشن لیڈر کے پی اسمبلی کو قانونی نوٹس بھجوا دیا ذرائع کے مطابق علی امین گنڈا پور نے ڈاکٹر عباد اللہ خان کو 1 ارب روپے کا نوٹس بھجوایا۔نوٹس میں کہا گیا کہ پی کے 30 سے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی نے بیان دیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کوہستان سکینڈل کا مرکزی کردار ہے،ا س بیان سے وزیر اعلیٰ کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے، مبینہ کوہستان سکینڈل میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو ملوث کرانا مناسب نہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جانب سے نوٹس ایڈووکیٹ علی عظیم آفریدی کی وساطت سے بھیجا گیا ہے۔
9
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے تین مقدمات میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔اے ٹی سی کے ایڈمن جج منظر علی گل نے9 مئی جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش مقدمات میں عمر ایوب کی عبوری ضمانت کی سماعت کی۔دوران سماعت وکلاء کی جانب سے عمر ایوب کی ایک روزہ حاضری کی درخواست دائر کی گئی، وکلاء نے مؤقف اپنایا کہ عمر ایوب بیمار ہے آج پیش نہیں ہو سکتے، جس پر عدالت نے حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔عدالت نے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع کر دی اور آئندہ سماعت پر پولیس سے مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا۔
10
احتساب کمیٹی نے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کو کلیئر قرار دیدیا سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کے خلاف جاری تحقیقات مکمل کر لی گئیں۔ذرائع احتساب کمیٹی کے مطابق بابر سلیم سواتی کے خلاف کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد فائل کو کلوز کر دیا گیا۔ سپیکر کے خلاف جاری تحقیقات میں میرا اور دوسرے ممبر مصدق عباسی کا اختلاف تھا، سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی کا کیس بند کر دیا گیا ہے۔ممبر احتساب کمیٹی قاضی انور ایڈووکیٹ
11
ایم این اے شیرافضل مروت نے کہا ہے کہ عمران خان کو اندازہ ہو گیا ان کی قیادت کے تلوں میں تیل نہیں۔پی ٹی آئی میں مایوسی قیادت نےخود پھیلائی ہے،مزاحمتی طاقت کوخود ہی پی ٹی آئی نےپارہ پارہ کیا۔ذمہ داروں نےمجھے عمران خان سےملاقات کرنے کا کہا ہے، اب میں اپنی مرضی سے جاؤں یا نہیں جاؤں گا، پہلے مانا جائے کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی پھرملاقات کےلیےجاؤں گا۔بانی پی ٹی آئی کی خلاصی صرف احتجاج کے ذریعے ہو سکتی ہے، موجودہ قیادت احتجاج سے کتراتی ہے، پی ٹی آئی کوغلط اوربدنیتی پرمبنی فیصلوں سے پاک کرنا ہوگا،عمران خان کوجیل میں رکھنےسےاستحکام نہیں آئےگا۔
12
وزیراعظم شہباز شریف کی وفد کے ہمراہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات ہوئی۔دولماباہچے محل پہنچنے پر ترک صدر اردوان نے وزیر اعظم شہبازشریف کا بھرپور استقبال کیا، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی ہمراہ تھے۔ ملاقات میں ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیے جانے کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان قائم اعلیٰ سطح سٹریٹجک کوآپریشن کونسل کے دائرہ کار میں تعاون کے حوالے سے بھی گفتگو ہوگی۔
13
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی 3 کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 9 خوارج ہلاک ہوگئے۔ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جانب سے خفیہ اطلاع پر پہلی کارروائی ڈی آئی خان میں کی گئی، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں چار بھارتی سپانسرڈ کو ہلاک کیا گیا۔ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ٹانک میں سکیورٹی فورسز کی دوسری کارروائی میں 2 خوارج اپنے انجام کو پہنچے جبکہ خیبر کے علاقے باغ میں تیسرے آپریشن کے دوران 3 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد مارے گئے۔ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز بھارتی سپانسرڈ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
14
پنجاب حکومت کا اہم اقدام:محکمہ جنگلات میں برانچ لیس بینکاری نظام نافذ ,وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے محکمہ جنگلات میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کے لیے شفاف اور باعزت ادائیگی نظام متعارف کرایا ہے اور اس برانچ لیس بینکاری نظام کے تحت مزدوروں کو اجرت براہ راست موبائل بینکنگ اکاؤنٹس میں ملے گی جس کی تصدیق ایس ایم ایس اور بائیو میٹرک کے ذریعے ہوگی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ شفافیت وزیراعلیٰ کا مشن ہے اور یہ اقدام اس وژن کی عملی تعبیر ہے۔ہر سرکاری ادائیگی کے نظام میں شفافیت اور انصاف کو اولین ترجیح دی جائے گی اور نقدی نظام میں بدعنوانی، تاخیر اور کٹوتی کے مسائل اب ماضی کا قصہ بن چکے ہیں۔محکمہ جنگلات اور بینک آف پنجاب کے اشتراک سے برانچ لیس بینکاری کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔مریم اورنگزیب کے مطابق یہ منفرد قدم عالمی معیار کی گڈ گورننس اور مالی شفافیت کی جانب اہم پیش رفت ہے اور یہ نظام مزدور طبقے کا اعتماد بحال کرے گا اور انہیں مالی تحفظ فراہم کرے گا۔
15
سابق وزیر اعظم و سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے ملک میں سیاسی یکجہتی کا ماحول ہونا چاہیے۔ بھارت نے جارحیت کا مظاہرہ کیا، مسلح افواج نے جواب دے کر برتری حاصل کی۔ جس طرح پاک بھارت جنگ میں پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، اسی طرح ملک میں سیاسی یکجہتی کا ماحول ہونا چاہیے۔جنوبی پنجاب کے نواحی علاقہ کوٹلہ موسیٰ خان میں میڈیا سے گفتگو
16
کراچی میں جائیداد کے تنازع پر چھوٹے نے بڑے بھائی کو قتل کر دیا۔واقعہ سعید آباد تھانے کے علاقے بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ گھر میں پیش آیا، متوفی کی شناخت 40 سالہ خلیل الرحمٰن ولد عبدالرحمٰن کے نام سے کی گئی ہے، اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری اور امدادی ٹیمیں فوری موقع پرپہنچ گئیں، نعش کو ضروری کارروائی کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ مقتول خلیل الرحمٰن کو اس کے حقیقی چھوٹے بھائی مجیب الرحمٰن نے جائیداد کے تنازع پر فائرنگ کرکے قتل کیا اور موقع پر سے فرار ہوگیا، پولیس نے ملزم مجیب الرحمٰن کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کر لیا۔
17
پتوکی میں ریٹائرڈ ٹیچر کو اغوا کر لیا گیا اور قتل کرکے لاش کھیتوں میں پھینک دی۔رپورٹ کے مطابق مقتول محمد ذوالفقار نے ملزم اقبال کو سود پر رقم دے رکھی تھی، ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا کہ سود سے تنگ آکر قتل کیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ پتوکی کی رہائشی نائلہ ریاض نے اپنے 61 سالہ خاوند محمد ذوالفقار کے اغوا کا مقدمہ درج کروایا، اغوا کا مقدمہ درج ہونے کے چند گھنٹوں کے بعد پولیس کو مغوی محمد ذوالفقار کی لاش مل گئی، ملزم نے ذوالفقار کو جسم کے مختلف حصوں پر چھریوں کے وار کر کے قتل کیا اور لاش کھیتوں میں پھینک دی۔
18
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران شدید مندی دیکھنے میں آئی ہے۔کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر منفی رجحان دیکھنے میں آیا، 100 انڈیکس میں 400 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی تاہم تھوڑی دیر بعد انڈیکس میں 188 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس سے انڈیکس ایک لاکھ 19 ہزار 290 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
19
پاکستان بزنس فورم نے حکومت سے گروتھ بجٹ کا مطالبہ کر دیا۔پاکستان بزنس فورم کے مطابق آئندہ بجٹ میں مزید ٹیکسز سے اجتناب کیا جائے، انڈسٹری کو کارپوریٹ ٹیکس میں ریلیف دیا جائے، بجٹ میں مزید ٹیکسز لگائے گئے تو معاشی سلو ڈاؤن کا خطرہ ہوگا، بجٹ میں اہداف پورا کرنے کے بجائے معاشی بحالی پر توجہ دی جائے۔ آئندہ بجٹ میں بجلی پر مزید ٹیکسز لگائے جانے کا بھی امکان ہے، ایسا کوئی بھی اقدام کاروباری سرگرمیوں کو مزید جکڑے گا۔


