راولا کوٹ (ای پی آئی )پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی آزاد کشمیر کے علاقے راولاکوٹ کے نواحی گاؤں حسین کوٹ میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی ،شدید فائرنگ کے تبادلے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد وں کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے تھا ۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے دہشت گردی کی مختلف وارداتوں میں ملوث مطلوب افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا گھیرا تنگ کیا۔

اسی دوران دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ اور ہینڈ گرنیڈ حملوں کا سلسلہ شروع ہوا۔ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں دہشت گردوں نے مبینہ طور پر دھماکہ خیز مواد سے خود کو بھی اڑایا۔

پولیس نے ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں اپنی تحویل میں لے لی ہیں، جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔