اسلام آباد(ای پی آئی ) لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کے وکیل کوریکارڈ کے ساتھ توشہ خانہ کے سربراہ کا بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کردی.
لاہور ہائیکورٹ میں توشہ خانہ سے تحائف وصول کرنے والی شخصیات کی تفصیلات فراہم کرنے کے حوالے سے درخواست پر سماعت جسٹس عاصم حفیظ نے کی اس دوران درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے.
عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل کو توشہ خانہ کے ریکارڈ کے ساتھ بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت سات فروری تک ملتوی کردی ہے ۔ دوران سماعت جسٹس عاصم حفیظ کا کہنا تھا کہ توشہ خانہ کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کا بیان حلفی دیں جس میں بتایا جائے کہ کیسے یہ تحائف خفیہ ہیں،اگر عدالت مطمئن ہوئی کہ واقعی یہ تحائف خفیہ ہونے چاہیے تو عدالت سے پبلک کرنے کا حکم نہیں دے گی.
جسٹس عاصم حفیظ نے استفسار کیا کہ آپ نے جواب میں لکھا ہے کہ توشہ خانہ کے تحائف منظر عام پر آنے سے میڈیا ہائپ بن جاتی ہے ،کیا صرف یہ وجہ ہے کہ توشہ خانہ کے تحائف خفیہ رکھے جاتے ہیں اس میں ملکی سلامتی اور بین الاقوامی تعلقات کہاں سے آگئے؟ جسٹس عاصم حفیظ نے استفسار کیا کہ اگر ایک بی ایم ڈبلیو کی گاڑی کا تحفہ آتا ہے اور کہا جاتا ہے کہ اسکے بدلے ایل این جی کا ٹھیکہ دیں تو پھر کیاہوگا؟عدالت نے مزید سماعت 7فروری تک ملتوی کردی۔


