اسلام آباد(محمداکرم عابد)پارلیمینٹ ہاؤس کے لئے کام کرنے والے سی ڈے اے کے پانچ سوسے زائدملازمین کے عیدالاضحی کی خوشیاں دوبالا ہوگئی ہیں کیونکہ انہیں تنخواہوں کے ساتھ ایک سال سے پھنسے ہوئے تین اعزازیئے مل گئے، ہر چہرہ کھل اٹھا خوشی مسرت ایسی جو چھپائے نہ چھپے.
اس ضمن میں جے یو آئی کی رہنما رکن قومی اسمبلی شاہدہ اخترعلی نے اہم کرداراداکیا ہے جس پر ملازمین کا کہنا ہے کہ قربانی کے مویشی خریدنے کے لئے بروقت آسانی ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے پارلیمینٹ ہاؤس اور لاجزمیں تعینات سی ڈے اے کے پانچ سوسے زائد ملازمین کے پھنسے اعزازیوں کی رقم جاری کردی ہے ۔ ان اعزازیوں کی تعداد تین بنتی ہے اورموجودہ حکومت کے پہلے بجٹ2024.25کی منظوری کے مطابق اس کا اعلان کیا گیا تھا اس بارے میں اسپیکرقومی اسمبلی سردارایازصادق نے خصوصی طورپر رولنگ بھی جاری کی تھی ۔وقت گزرتاگیا مگر اعزازیوں سے پارلیمینٹ کے لئے کام کرنے والے ملازمین محروم رہے۔
رکن قومی اسمبلی شاہدہ اخترعلی کو جب اس مسئلے کا علم ہواتوانھوں نے یہ معاملہ استحقاق رولز کی قائمہ کمیٹی میں اٹھادیا ،حکومت کے خلاف تحریک استحقاق کی نوبت آسکتی تھی کیونکہ اسپیکر کی رولنگ پر عملدرآمدکا معاملہ تھا اس وجہ سے وزارت خزانہ نے فنڈزجاری کردیئے ہیں اور پارلیمینٹ و پارلیمانی لاجز میں کام کرنے والے ملازمین میں خوشی ومسرت کی لہردوڑ گئی۔
اس ماہ کی تنخواہ کے ساتھ یہ اعزازیئے مل بھی گئے ہیں۔ملازمین پارلیمان سے اظہار تشکر کرتے دکھائی دیئے اور ان اعزازیوں کا سبب اورمسئلہ کروانے کے لئے کردار اداکرنے والوں کودعائیں دی جارہی ہیں۔بنیادی تنخواہ کے مطابق ہر متعلقہ ملازمین کے لئے اعزازیوں کے رقوم کا تعین کیا گیا۔اور ان میں گریڈ ایک سے سترہ تک کے ملازمین شامل ہیں۔


