1
پاکستانی سفارتی وفد کے دورہ نیویارک پر دفتر خارجہ کا ردعمل آگیا، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا گیا۔ترجمان دفترخارجہ سے جاری اعلامیے کے مطابق ایک اعلیٰ سطح پارلیمانی وفد نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت اقوام متحدہ کے صدر دفتر نیویارک کا 2 روزہ دورہ مکمل کر لیا ہے۔وفد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، جنرل اسمبلی کے صدر، سلامتی کونسل کے صدر، سلامتی کونسل کے مستقل و غیر مستقل ارکان کے نمائندگان، او آئی سی گروپ کے سفیروں، ذرائع ابلاغ، سول سوسائٹی، تھنک ٹینکس اور پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق یہ دورہ پاکستان کی بین الاقوامی سفارتی مہم کا حصہ تھا جس کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور بین الاقوامی امن و سلامتی کو لاحق خطرات سے متعلق پاکستان کا موقف پیش کرنا تھا۔ترجمان کے مطابق عالمی امن و سلامتی کو لاحق خطرات کی جڑ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ رویے، پاکستان کے خلاف بلااشتعال جارحیت، اشتعال انگیز بیانات اور سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل کرنے جیسے اقدامات میں ہے، جو پاکستان کے 24 کروڑ سے زائد عوام کیلئے زندگی کی علامت ہے، وفد نے پاکستان کا بنیادی پیغام ’’ذمہ داری کے ساتھ امن‘‘ پیش کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارت کی جانب سے دہشت گردی کے الزامات کو پاکستان نے مسترد کر دیا۔سفارتی وفد نے بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے ثبوت عالمی برادری کے سامنے رکھے، وفد نے سندھ طاس معاہدے پر بھارت کا یکطرفہ رویہ ناقابل قبول قرار دے دیا اور عالمی برادری سے معاہدات کی پاسداری یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔وفد نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ اور پُرامن حل پر ہے، جو کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے۔
2
بلاول بھٹو کی قیادت میں وفد نیویارک کا دورہ مکمل کر کے واشنگٹن پہنچ گیاذرائع کے مطابق بلاول بھٹو زرداری سمیت پاکستان کا 9 رکنی سفارتی وفد ٹرین کے ذریعے واشنگٹن پہنچا، وفد کا واشنگٹن کے ریلوے سٹیشن پر پاکستان کے سینئر سفارتی عملے نے استقبال کیا۔ذرائع کے مطابق 9 رکنی وفد 6 جون تک واشنگٹن میں قیام کرے گا، وفد امریکی حکام اور تھنک ٹینک کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش کرے گا۔بلاول بھٹو زرداری دورۂ واشنگٹن میں میڈیا کے نمائندوں سے بھی بات چیت کریں گے، وہ بھارت کی آبی جارحیت اور اشتعال انگیزی سے امریکی حکام کو آگاہ کریں گے۔بلاول بھٹو مسئلہ کشمیر حل کرنے کی پیشکش پر ٹرمپ انتظامیہ کا شکریہ ادا کریں گے اور ٹرمپ انتظامیہ پر زور دیں گے کہ مسئلہ کشمیر کا پُرامن حل یقینی بنائیں اور مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہو۔
3
نئے وفاقی بجٹ کا حجم 17.5 کھرب روپے مقرر کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مالی سال 26-2025 کیلئے ایف بی آر ہدف 14.1 کھرب روپے ہوگا، اس سے قبل ایف بی آر ہدف 14.3 کھرب روپے تھا، آئی ایم ایف مشاورت سے آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ تیار کیا گیا ہے، دفاعی بجٹ، سود ادائیگی، ترقیاتی بجٹ اور اخراجات کو فائنل کر لیا گیا ہے۔معاشی ٹیم نے آئندہ مالی سال کیلئے تیار بجٹ پر وزیراعظم شہبازشریف کو بریفنگ دے دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شیئرز کے منافع اور چھوٹی گاڑیوں پر ٹیکس بڑھایا جائے گا، چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس 12.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد ہوگا۔عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے کفایت شعاری اقدام پر سخت عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔
4
18 سال سے کم عمر لڑکی کی شادی کے قانون کو فیڈرل شریعت کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔شہزادہ عدنان نامی شہری نے اپنے وکیل مدثر چودھری ایڈووکیٹ کی وساطت سے درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شادی سے متعلق قانون قرآن اور حدیث کے خلاف بنایا گیا ہے۔شہری نے درخواست میں موقف اپنایا کہ چائلڈ میرج ریسٹرین بل 2025 خلاف آئین بنایا گیا، درخواست میں قرآنی آیات کا حوالہ بھی دیا گیا، شادی سے متعلق جو قانون بنایا گیا اس کی قید بامشقت سزا رکھی گئی ہے، قید بامشقت سزا بھی خلاف آئین ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ یہ قانون قرآن مجید اور سنت کے خلاف ہے اس کو ختم کیا جائے، ریاست کو اس قانون کے تحت مقدمہ درج کرنے سے روکا جائے۔
5
پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمے میں سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی اور محمد خان بھٹی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی گئی۔اینٹی کرپشن عدالت لاہور کے جج نے چودھری پرویز الہٰی سمیت دیگر کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مبینہ غیرقانونی بھرتیوں کے مقدمے کی سماعت کی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے عامر سعید راں ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔دوران سماعت درخواست گزار نے موقف اپنایا گیا کہ پرویز الہٰی کی طبیعت ناساز ہے، ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے، محمد خان بھٹی بھی بیمار ہیں، عدالت ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔جس پر عدالت نے دونوں نے حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔عدالت نے 2 جولائی تک کیس کی سماعت ملتوی کر دی اور شریک ملزم مختار رانجھا کی بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لئے۔
6
بلاول بھٹو کی یو این سیکرٹری جنرل سے ملاقات، بھارتی مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیابلاول بھٹو زرداری نے انتونیو گوتریس کو وزیراعظم شہبازشریف کا خط پیش کیا، بلاول بھٹو نے مسئلہ جموں وکشمیر پرجامع مذاکرات کےآغاز کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے اورسندھ طاس معاہدے کی بحالی کیلئے بھی فعال کردارادا کریں۔ملاقات میں بلاول بھٹو نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے بامقصد، جامع اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مذاکرات کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا۔سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستان کی امن پسندی اور سفارتکاری پر مبنی حکمت عملی کو سراہا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ اقوام متحدہ جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور بین الاقوامی قوانین کے احترام کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتا رہے گا۔
7
پیپلزپارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے پاکستان کا بیانیہ ٹھوس شواہد کے ساتھ ہر جگہ پیش کیا ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستان کا بیانیہ اس وقت ہر جگہ اور ہر ملاقات میں قبول ہو رہا ہے، پاکستان کے بیانیے کیلئے نئی جگہ بنتی جا رہی ہے۔ہندوستان کے ساتھ جنگ کے دوران جو سٹرٹیجک میچورٹی کے دروازے کھلے وہ اب اور بھی کھل رہے ہیں، بلاول بھٹو نے سندھ طاس معاہدہ اور کشمیر سمیت متعدد اہم موضوعات پر بات کی ہے، انہوں نے واضح کیا ہے کہ اگر ہم دیرپا امن کے خواہاں ہیں تو کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنا ہو گا۔
8
محسن نقوی کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات، ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال،وزیر داخلہ محسن نقوی سربراہ جے یو آئی کی رہائش گاہ پہنچے اور مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی جس میں ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں پاک بھارت کشیدگی کے بعد خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔محسن نقوی نے مولانا فضل الرحمان کی خیریت دریافت کی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
9
شمالی وزیرستان میں سکیورٹی خدشات کے باعث آج کرفیو نافذ،ضلعی انتظامیہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق کرفیو کا نفاذ صبح 6 بجے سے لیکر شام 6 بجے تک ہے، جس کے باعث شمالی وزیرستان کے تمام داخلی و خارجی شاہراہیں ہر قسم کی عام ٹریفک کیلئے بند رہیں گے۔نوٹیفکیشن میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔انتظامیہ کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے اور امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔