1
غزہ میں امریکی اور اسرائیلی حمایت یافتہ امدادی تنظیم نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ اس نے جنوبی غزہ کے شہر رفح میں دو امدادی مراکز کو دوبارہ کھول دیا ہے، جنہیں بدھ کے روز قریبی فائرنگ کے واقعات کے بعد عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔یہ تنظیم گزشتہ ہفتے سے امداد کی تقسیم کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے، تاہم اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس پر غیر جانبدار نہ ہونے کے الزامات عائد کیے ہیں۔اقوام متحدہ کے مطابق، 11 ہفتے کے اسرائیلی محاصرے کے بعد غزہ کے 23 لاکھ افراد قحط کے خطرے سے دوچار ہیں۔ جمعرات کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق غزہ میں بچوں میں شدید غذائی قلت کی شرح تین گنا بڑھ گئی ہے۔اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق، مئی کے دوسرے حصے میں 5.8 فیصد بچوں میں شدید غذائی قلت پائی گئی، جو فروری کے مقابلے میں تقریباً تین گنا ہے۔غزہ میں تازہ اسرائیلی حملوں میں 20 فلسطینی جاں بحق ہو گئے ہیں، جن میں چار صحافی بھی شامل ہیں۔ حماس کے زیر انتظام میڈیا دفتر کے مطابق، جنگ کے آغاز سے اب تک 225 صحافی اسرائیلی حملوں میں جاں بحق ہو چکے ہیں۔
2
روسی صدر پیوٹن کی ایران کے جوہری تنازع پر ثالثی کی پیشکش,روسی صدارتی ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ روس کے ایران کے ساتھ قریبی تعلقات ہیں اور صدر پیوٹن تہران اور واشنگٹن کے درمیان جوہری مسائل پر ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 4 جون کو پیوٹن سے ٹیلیفون پر بات کی، جس کے بعد انہوں نے تصدیق کی کہ روسی صدر ایران کے ساتھ مذاکرات میں شامل ہونے کے خواہش مند ہیں۔
3
نئے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نافذ کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔صوبے میں ٹیکس محصولات کے حوالے سے اپنے بیان میں مزمل اسلم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی 11 ماہ کی ٹیکس آمدن میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح ہماری نان ٹیکس آمدن میں بھی 50 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ خیبرپختونخوا کے ٹیکس دہندگان کی تشویش کو بھی کم اور واضح کرتا ہوں۔ ہم آئندہ سال کے لیے بھی اپنے لیے 40 فیصد کا ٹیکس ہدف مقرر کر رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں کوئی نیا ٹیکس نافذ کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔
4
فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے اسرائیل کے ساتھ غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے نئے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس کے سینیئر رہنما خلیل الحیا نے ایک بیان میں کہا کہ "ہم ایک نئی، سنجیدہ مذاکراتی کوشش کے لیے تیار ہیں، جس کا مقصد مستقل جنگ بندی معاہدہ حاصل کرنا ہے”۔ ثالثی کرنے والے ممالک سے رابطے جاری ہیں تاکہ معاہدے کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔حماس کے چیف مذاکرات کار نے واضح کیا کہ امریکی نمائندے اسٹیو وٹکوف کی تجاویز کو حماس نے مسترد نہیں کیا تھا، بلکہ صرف ان میں چند ترامیم کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
5
امریکہ نے نیتن یاہو کے خلاف فیصلہ دینے والے آئی سی سی ججز پر پابندی عائد کر دی.امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے جاری کردہ بیان کے مطابق پابندیوں کا نشانہ بننے والے ججوں میں سولومی بالونگی بوسا (یوگنڈا)، لوز دل کارمین ایبنیز کارانزا (پیرو)، رین اڈیلیڈ سوفی الاپینی گانسو (بینن) اور بیٹی ہوہلر (سلووینیا) شامل ہیں۔روبیو نے کہا کہ بطور آئی سی سی ججز، ان افراد نے امریکہ اور ہمارے قریبی اتحادی اسرائیل کو نشانہ بنانے والی عدالت کی غیرقانونی اور بے بنیاد کارروائیوں میں سرگرم کردار ادا کیا۔آئی سی سی نے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عالمی عدالتی ادارے کی آزادی کو کمزور کرنے کی کوشش ہے، جو دنیا بھر میں مظلوموں کو انصاف فراہم کرتا ہے۔
6
آئندہ مالی سال میں شرح نمو محض 2.44 فیصد رہنے کا امکان,یہ اعداد و شمار لاہور اسکول آف اکنامکس کی ماڈلنگ لیب کی رپورٹ میں پیش کیے گئے، جن کے مطابق معیشت کی سست روی بنیادی طور پر صنعتی اور زرعی شعبوں کی خراب کارکردگی، اور حکومتی پالیسیوں کی کمزوریوں کا نتیجہ ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تخمینے پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس اور عالمی اداروں جیسے عالمی بینک، آئی ایم ایف، اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے اندازوں سے مطابقت رکھتے ہیں، جو بھی شرح نمو کو 2.5 تا 2.7 فیصد کے درمیان دیکھ رہے ہیں۔


