1
سٹاک مارکیٹ میں نئی تاریخ رقم، انڈیکس ایک لاکھ 24 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کر گیاکاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 2200 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 24 ہزار 346 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
2
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشمیر سمیت مسائل حل کرانا چاہتے ہیں۔واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیران نہ ہوں اگر صدر ٹرمپ کسی معاملے کو حل کر لیں، دنیا انہیں جانتی ہے، وہ واحد شخص ہیں جو فریقین کو مذاکرات کی میز پر لا سکتے ہیں۔پریس بریفنگ میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ بین الاقوامی سطح پر قیام امن کے لیے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں اور مختلف تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔حال ہی میں انڈر سیکرٹری ایلیس ہوکر نے بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی سفارتی وفد سے ملاقات کی جس میں پاک بھارت جنگ بندی کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔انہوں نے اعتراف کیا کہ حالیہ عرصے میں امریکا میں غیرقانونی تارکین وطن کے پرتشدد مظاہرے دیکھے گئے جس کے باعث صدر ٹرمپ نے سرحدی سلامتی کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا ہے، امریکی سڑکوں کو جرائم پیشہ عناصر اور غیرقانونی تارکین وطن سے صاف کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
3
بجٹ 26-2025: پنشن اور قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کا بوجھ مزید بڑھ گیاوفاقی بجٹ 26-2025 میں پنشن کی ادائیگیوں کا مجموعی حجم 1055 ارب روپے تک پہنچ گیا، مالی سال 25-2024 میں پنشن کا تخمینہ 1014 ارب روپے تھا۔بجٹ دستاویزات کے مطابق آئندہ مالی سال میں مسلح افواج کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی مد میں 742 ارب روپے ادا کیے جائیں گے جو گزشتہ برس کے مقابلے میں 66 ارب روپے زیادہ ہیں۔سول سرکاری ملازمین کی پنشن کے لیے 243 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس میں رواں مالی سال کے مقابلے میں تقریباً 9 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔قرضوں پر سود کی ادائیگیوں کا بوجھ بھی بڑھا ہے، آئندہ مالی سال میں حکومت 7197 ارب روپے مقامی قرضوں کے سود کی ادائیگی پر خرچ کرے گی جبکہ بیرونی قرضوں کے سود کی ادائیگی کے لیے 1009 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
4
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں صفائی کے بہترین انتظامات پر کچھ لوگوں کو تکلیف ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کو مبارکباد دیتی ہوں کہ انہوں نے آئی ایم ایف کے دباؤ کے باوجود وفاقی بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کیا، تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ خوش آئند ہے اور اس بجٹ سے درمیانے طبقے کو سہارا ملے گا۔ سٹاک ایکسچینج میں 2100 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔لاہور میں پریس کانفرنس
5
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ سیاسی جوڑ توڑ کے بعد بھی حکومت کوئی ٹارگٹ حاصل نہ کر سکی۔ سیاسی جوڑ توڑ کے بعد بھی حکومت کوئی ٹارگٹ حاصل نہ کر سکی، پاکستان کی گروتھ ترقی پذیر ملکوں میں بھی سب سے کم ہے۔حکومت کی اسٹرکچر ریفارم زیرو، پنشن ریفارم زیرو، حکومت کسی ایک بھی ادارے کی نجکاری نہیں کر سکی، سیاست کو معیشت سے الگ کریں ہماری اچھی تجاویز پر عمل کریں۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے مزید کہا ہے کہ ملک گیر احتجاج میں اس بار اسلام آباد نہیں جائیں گے، احتجاج میں بہت لوگ نکلیں گے۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی نے بجٹ 26-2025 آئی ایم ایف کا قرار دے کر مسترد کردیا۔پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جعلی ہے بجٹ پیش کرنے کا اختیار نہیں، انہوں نے بجٹ کو آئی ایم ایف کا بجٹ قرار دیتے ہوئے تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔پی ٹی آئی پارلیمانی کمیٹی کےاعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی نے اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی کے رویے کی مذمت کی، سپیکر قومی اسمبلی جانبدار بن چکے ہیں، سردار ایاز صادق پارٹی کے نمائندے نہ بنیں سپیکر بنیں۔
6
وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ،وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ادارے ایک دوسرے کی استعداد کار سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں، انفارمیشن اور ڈیٹا کا بروقت تبادلہ وقت کی اہم ضرورت ہے اور تمام اداروں کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنا ہو گا۔محسن نقوی نے زور دیا کہ بیرون ملک سفارت خانوں میں تعینات افسران وزارت کے دیگر اداروں کو بھی معاونت فراہم کر سکتے ہیں اس لیے تمام اداروں کی افرادی قوت سے مکمل استفادہ کیا جانا چاہیے۔وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ تربیتی کورسز میں صرف میرٹ پر پورا اترنے والے افسران کو نامزد کیا جائے تاکہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مؤثر اضافہ ممکن ہو۔انہوں نے تمام اداروں کو اس حوالے سے اپنی سفارشات جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی جن کی روشنی میں سیکرٹری داخلہ ایک جامع پلان مرتب کریں گے۔
7
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے وفاقی بجٹ 26-2025 کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے غریب عوام کے لیے "ڈراؤنا خواب” قرار دے دیا۔ مہنگائی کی موجودہ شرح کے مقابلے میں تنخواہوں میں کیا گیا اضافہ "اونٹ کے منہ میں زیرہ” کے مترادف ہے جو عوام کے ساتھ ایک مذاق ہے، بجٹ میں پٹرول اور بجلی پر ٹیکسوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا جو پہلے سے پریشان عوام کے مسائل میں مزید اضافہ کرے گا۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہر چیز کو مہنگا کر دیتا ہے جبکہ توانائی کے متبادل ذرائع جیسے سولر پینلز پر بھی ٹیکس عائد کر کے حکومت نے غریب عوام سے ان کا آخری سہارا بھی چھین لیا ہے۔ مہنگی ترین بجلی، طویل لوڈشیڈنگ اور اب سولر پینلز پر ٹیکس کے بعد عوام کے لیے جینے کا کوئی راستہ باقی نہیں رہا، جعلی وفاقی حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو فارم 47 کے طرز پر جعلی ریلیف دیا ہے۔
8
حجاج کرام کی واپسی شروع، جدہ سے پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر حاجیوں کا استقبال کیا، جب کہ اس موقع پر محکمہ حج، سول ایوی ایشن اتھارٹی، اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران موجود تھے۔اس موقع پر حجاج کرام نے وزارت مذہبی امور کی جانب سے کئے گئے حج انتظامات کو سراہا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ حج کے دوران حکومت پاکستان نے عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کیں، سعودی حکومت نے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر حجاج کو قابل تعریف سہولیات مہیا کیں۔ حکومت آئندہ سال اس سے بھی بہتر انتظامات کرے گی، اس مذہبی فریضے کی ادائیگی کے لئے عازمین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
9
سندھ حکومت کا آئندہ بجٹ میں ای وی گاڑیوں اور بسوں کی خریداری کا فیصلہ،سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مزید بسوں، ای وی ٹیکسیوں اور سکوٹرز کی خریداری کیلئے رقم مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں الیکٹرک گاڑیوں کیلئے مختلف مقامات پر چارجنگ انفراسٹرکچر قائم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔ سندھ حکومت ماحولیاتی طور پر پائیدار اور جدید پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے قیام کیلئے پرعزم ہے، کراچی کے شہریوں کیلئے ڈبل ڈیکر بسز بھی لائی جا رہی ہیں تاکہ انہیں بین الاقوامی معیار کی سفری سہولت حاصل ہو۔
10
عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت آج نہیں ہو سکے گی۔رپورٹ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد آصف کے رخصت پر ہونے کے باعث سماعت نہیں ہوگی۔قائم قام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے سزا معطلی درخواستوں پر سماعت کرنا تھی۔قائم مقام چیف جسٹس کی سربراہی میں ڈویژن بنچ آج دستیاب نہیں ہوگا، قائم مقام چیف جسٹس بھی صرف سنگل بنچ میں کیسز کی سماعت کریں گے۔
11
وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ بجٹ اچھی خبروں کے ساتھ آیا، تنخواہ دار طبقہ کیلئے ریلیف کے ساتھ کاروباری طبقہ کو ٹیکس چھوٹ دی گئی۔ مہنگائی کی شرح 30 فیصد سے کم ہو کر 6 فیصد پر آنا بھی خوش آئند ہے، موجودہ حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے اور وفاقی بجٹ اچھی خبروں کے ساتھ آیا ہے۔ تنخواہ دار طبقے کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ اور ٹیکس میں کمی کے ذریعے ریلیف دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ کیلئے بھی ٹیکسوں پر چھوٹ دینے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوگا۔وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال کی بجٹ اجلاس کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو
12
خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج دوپہر 2 بجے طلب کیا گیا ہے جس کی صدارت سپیکر بابر سلیم سواتی کریں گے۔اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور پراسیکیوشن سروس آئین کے افعال اور اختیارات کا ترمیمی بل ایوان میں پیش کریں گے۔ایجنڈے کے مطابق اسمبلی میں چیرٹیز ترمیمی بل، لیگل ایڈ، سرونٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن، آسان کاروبار اور دیگر ترمیمی بل پیش کیے جائیں گے جبکہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو فوری طور پر خیبر پختونخوا سزا ترمیمی بل کیلئے تحریک بھی پیش کی جائے گی۔اجلاس میں کمیشن آف وومن سٹیٹس کے ترمیمی بل کو زیر غور لانے کیلئے تحریک پیش کی جائے گی، کمیشن آف وومن کے ترمیمی بل کو پاس کرنے کے لئے تحریک بھی پیش ہو گی جبکہ صوبے میں امن و امان کی صورت حال پر بحث بھی کی جائے گی۔
13
ملیر جیل سے فرار ہونیوالے قیدیوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری، 73 تاحال مفرور،عید کی تعطیلات کے دوران جیل حکام نے قیدیوں کی مکمل جانچ پڑتال کی جس کے دوران 10 اضافی قیدی جیل کے احاطے سے لاپتہ پائے گئے ان میں سے بیشتر قیدیوں کی رضاکارانہ واپسی کا عمل جاری ہے۔ملیر جیل سے مجموعی طور پر 225 قیدی فرار ہوئے تھے جن میں سے 152 کو گرفتار کیا جا چکا ہے، فرار ہونے والے قیدیوں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ مفرور قیدیوں کی گرفتاری کو یقینی بنایا جا سکے۔ ملیر جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں میں سے ایک قیدی محمد جاوید کو 26 اکتوبر 2024 کو ڈیرہ غازی خان سے گرفتار کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق جاوید نے جیل کے باتھ روم میں لگی لوہے کی جالی کاٹ کر دیوار پھلانگنے کی کوشش کی تھی جس کے دوران وہ زخمی ہو گیا تھا، اس کے فرار کے بعد جیل حکام نے غفلت برتنے پر 7 اہلکاروں کو معطل کیا تھا۔
14
مودی سرکار کا جنگی جنون: 30 ہزار کروڑ روپے کے دفاعی نظام کی منظوری،بھارتی وزارت دفاع نے تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے مالیت کے دفاعی نظام "کوئیک ری ایکشن سرفیس-ٹو-آئیر میزائل سسٹم” (QRSAM) کی خریداری کی تجویز منظوری کیلئے پیش کر دی ہے۔یہ فیصلہ بھارتی فوج کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لئے کیا گیا ہے۔بھارتی نیوز ایجنسی اے این آئی نیوز کے مطابق QRSAM دفاعی نظام کی رینج 30 کلومیٹر تک ہے اور یہ 360 ڈگری ریڈار کوریج فراہم کرتا ہے، یہ موبائل نظام 24 گھنٹے آپریشنل رہ سکتا ہے اور ڈرونز، ایئرکرافٹ اور کروز میزائلز کے خلاف مؤثر ہے، اس منصوبے میں ڈی آر ڈی او، بی ای ایل اور بی ڈی ایل کی مشترکہ کوششیں شامل ہیں۔
15
مودی سرکار بھارتی مسلمانوں کو غیر ملکی قرار دے کر جبری بے دخل کرنے لگی۔انتہا پسند ہندو جماعت بی جے پی کے کٹھ پتلی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دور حکومت میں مسلم مخالف اقدامات، مسلمانوں سے نفرت کے واقعات اور ان کے خلاف حکومتی فیصلے کوئی نئی بات نہیں جبکہ اب مودی سرکار کی جانب سے بھارتی مسلمانوں کو غیر ملکی قرار دے کر جبری بے دخلی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔مودی سرکار کے ہندوتوا ایجنڈے کے تحت انتہا پسندی کی انتہا ہوگئی ہے کہ اس نے اپنے ہی شہریوں کو غیر قانونی مہاجر قرار دے کر جبری طور پر ملک سے بے دخل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔بی بی سی کے مطابق آسام میں بھارتی پولیس کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف طاقت کا استعمال کیا جا رہا ہے اور مقامی شہریوں کو بغیر کسی ثبوت کے بنگلادیشی قرار دے کر سرحد پار دھکیل دیا گیا ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی شہری شونا بانو سمیت درجنوں بھارتی مسلمانوں کو بندوق کے زور پر ملک بدر کیا گیا ہے، جو 2، 2 دن تک کھلے میدانوں میں بھوکے، پیاسے، کیڑوں میں رہ کر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔بی بی سی کے مطابق نہ کوئی وضاحت اور نہ ہی کوئی قانونی عمل کیا جا رہا ہے بلکہ مودی سرکار، آسام پولیس اور بارڈر فورس کی مجرمانہ خاموشی برقرار ہے۔بنگلا دیشی حکام کے مطابق صرف مئی 2025 میں بھارت نے 1200 سے زائد افراد کو غیر قانونی طور پر ملک بدر کیا، بی بی سی کے مطابق بنگلا دیش نے بھارتی شہریت کی تصدیق کے بعد 100 شہری واپس لوٹائے ہیں۔
16
بھلوال: مخالفین نے فائرنگ کر کے باپ اور بیٹوں سمیت 3 افراد کو قتل کر دیاپولیس کے مطابق سرگودھا کی تحصیل بھلوال کے نواحی علاقے پھلروان میں دیرینہ دشمنی پر خون کی ہولی کھیلی گئی، جہاں ایک ڈیرے پر سوئے ہوئے افراد پر مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں باپ بیٹے سمیت 3 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں میں 25 سالہ نبیل، 52 سالہ محمد ریاض اور 35 سالہ عثمان شامل ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری اور ریسکیو 1122 کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچا، اہلکاروں نے نعشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جب کہ حملے کے بعد ملزمان بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
17
رحیم یار خان کے علاقے گلشن اقبال میں میاں بیوی کے مبینہ تشدد سے 13 سالہ گھریلو ملازمہ جاں بحق ہوگئی۔پولیس حکام کے مطابق 13 سالہ سمیہ نواحی علاقے کوٹلہ پٹھان کی رہائشی تھی اور 3 سال سے شہرام نامی شخص کے گھر پر ملازمہ تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان نے بچی کی والدہ کو اطلاع دی کہ لڑکی کی اچانک موت ہوگئی ہے، والدہ کو رات کے اندھیرے میں لڑکی کی کفن میں لپٹی نعش حوالے کی گئی، نعش حوالے کرنے کے بعد دونوں میاں بیوی فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق لڑکی کی والدہ نے پولیس کو اطلاع کی، پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے ملزم میاں بیوی کو چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا، بچی کی نعش پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔حکام کے مطابق ملزمان کیخلاف بچی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔