1
پاکستان میں غربت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور عالمی معیار کے مطابق 11 کروڑ سے زائد پاکستانی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور نائب امیر لیاقت بلوچ بھی موجود تھے۔انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام غریبوں کی فلاح کے بجائے کرپشن، سیاسی مقاصد اور ووٹ بینک کے لیے استعمال ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان پروگرامز پر خرچ ہونے والے 700 ارب روپے آئی ٹی ایجوکیشن پر لگائے جاتے تو پاکستان کی معیشت کو اربوں ڈالر کا فائدہ ہوتا۔حافظ نعیم نے مطالبہ کیا کہ ایک لاکھ 25 ہزار روپے تک تنخواہ لینے والوں پر ٹیکس ختم کیا جائے، کیونکہ 499 ارب روپے کا بوجھ صرف تنخواہ دار طبقے پر ڈال دیا گیا ہے، جب کہ جاگیردار طبقہ ایک روپیہ بھی ٹیکس نہیں دیتا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ 111 سرکاری محکمے ٹیکس سے مستثنا ہیں، جن میں فوجی فاؤنڈیشن اور ضیا اسپتال جیسے ادارے بھی شامل ہیں۔ حکومت اور اپوزیشن ایک دوسرے کو گالیاں دیتے ہیں مگر تنخواہوں اور مراعات میں 6گنا اضافہ ایک ساتھ کر لیتے ہیں۔ انہوں نے یوٹیلٹی بلز، پیٹرول لیوی اور سولر سسٹمز پر عائد ٹیکسز کو عوام دشمن قرار دیا اور کہا کہ یہ سب اقدامات غریب اور مڈل کلاس کو مزید پستی میں دھکیل رہے ہیں۔ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی اور عوام کو اس نظام کے خلاف متحد کرے گی جو صرف اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ کرتا ہے۔منصورہ میں پریس کانفرنس
2
بلال اظہر کیانی کو وزیر مملکت برائے خزانہ کا اضافی قلمدان دیدیا گیا۔رپورٹ کے مطابق کابینہ ڈویژن کے اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بلال اظہر کیانی کو وزیر مملکت برائے خزانہ کا اضافی قلمدان سونپ دیا ہے۔کابینہ ڈویژن کے اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ یہ تقرری فوری طور پر مؤثر ہوگی، بلال اظہر کیانی پہلے ہی وزیر مملکت ریلوے اور وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ کے سربراہ ہیں۔
3
ترکی کا انڈونیشیا کے ساتھ 10 ارب ڈالر کے جنگی طیاروں کا معاہدہ، ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا کہ یہ معاہدہ دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پایا ہے۔معاہدے کے تحت ترکی اگلے 10 سالوں میں 48 عدد Kaan جنگی طیارے تیار کرکے انڈونیشیا کو فراہم کرے گا۔ترک میڈیا کے مطابق معاہدے میں ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی شامل ہے جس کے تحت انڈونیشیا کی مقامی صلاحیتوں سے بھی طیارہ سازی میں فائدہ اٹھایا جائے گا۔
4
لاہور: پولیس کو معروف یوٹیوبر رجب بٹ کو گرفتار کرنے سے روک دیا گیاسیشن کورٹ لاہور میں یوٹیوبر رجب بٹ کی عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی، ایڈیشنل سیشن جج سلیمان گھمن نے عبوری ضمانت پر سماعت کی۔رجب بٹ کی جانب سے معروف قانونی ماہر میاں علی اشفاق ایڈووکیٹ پیش ہوئے، رجب بٹ نے عدالت کے روبرو پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔عدالت نے پولیس کو رجٹ بٹ کو گرفتار کرنے سے 21 جون تک روک دیا، عدالت نے رجب بٹ کو شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کردی۔
5
اسرائیلی پارلیمنٹ "کنیسٹ” نے اپوزیشن کی جانب سے پیش کیا گیا پارلیمنٹ تحلیل کرنے کا بل مسترد کر دیا۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جمعرات کو بل پر ووٹنگ ہوئی جس میں 120 میں سے 61 ارکان نے اس کے خلاف جبکہ 53 نے حمایت میں ووٹ دیا۔اپوزیشن نے امید ظاہر کی تھی کہ وزیراعظم بنیامن نیتن یاہو کے خلاف، خاص طور پر یہودیوں کی لازمی فوجی بھرتی جیسے متنازع معاملے پر ناراض حکومتی جماعتوں کی حمایت حاصل کر کے قبل از وقت انتخابات کا راستہ ہموار کرے گی، تاہم یہ کوشش ناکام ہو گئی۔نیتن یاہو کی زیر قیادت حکومتی اتحاد نے بل کے خلاف متحد ہو کر ووٹ دیا اور اپوزیشن کی حکمت عملی کو ناکام بنا دیا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اب اپوزیشن کو ایسا بل دوبارہ پیش کرنے کے لیے کم از کم چھ ماہ انتظار کرنا ہوگا۔
6
بھارت کا پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست کے باوجود جنگی جنون بے قابو ہوتا جا رہا ہے جب کہ خطے میں اجارہ داری کے لیے مودی سرکار کا نیا منصوبہ بھی منظر عام پر آگیا ہے۔معرکہ بنیان مرصوص میں کاری ضرب کھانے کے بعد بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی شدید دباؤ اور حواس باختگی کا شکار نظر آ رہے ہیں، جس کا عملی اظہار بھارتی جنگی جنون میں بتدریج اضافے کی صورت میں سامنے آ رہا ہے۔خطے میں اجارہ داری کے خواب دیکھنے والی مودی سرکار نے اب بھارتی فضائیہ کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے ایک بھاری سرمایہ کاری پر مبنی منصوبہ متعارف کرا دیا ہے۔یہ جدید جنگی طیارے بھارت کو ریئل ٹائم انٹیلی جنس فراہم کریں گے، جو نہ صرف درست حملوں میں معاون ثابت ہوں گے بلکہ بھارتی افواج کی جارحانہ صلاحیت، فوری ردعمل اور خطے میں فوجی دباؤ بڑھانے کا بھی ذریعہ ہوں گے۔پاکستان دفاعی لحاظ سے مکمل طور پر چوکس اور تیار ہے اور دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کے لیے نہ صرف بھرپور صلاحیت رکھتا ہے بلکہ سرپرائز دینے کی حکمت عملی پر بھی گامزن ہے۔
7
بیوی کو ٹوکے کے وار سے قتل کرنے والا سفاک شوہر پولیس نے دھر لیا۔صوبائی دارالحکومت لاہور کے علاقے گرین ٹاؤن میں بیوی کو ٹوکے کے وار کر کے قتل کرنے والے سفاک شوہر کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے لرزہ خیز واردات کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انویسٹی گیشن صدر معظم علی کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔انچارج انویسٹی گیشن تھانہ گرین ٹاؤن نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا۔تحقیقات کے مطابق ملزم نے گھریلو ناچاکی کی بنا پر اپنی بیوی نبیلہ بی بی کو ٹوکے کے وار کر کے بےدردی سے قتل کیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا تھا۔
8
امریکا نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے پیش نظر اپنے غیر سفارتی عملے کے رضاکارانہ انخلا کی منظوری دے دی ہے۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق وزیر دفاع نے اس فیصلے کی منظوری دی ہے تاکہ فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں موجودہ سکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) خطے میں موجود اتحادیوں اور شراکت داروں کے ساتھ رابطے میں ہے۔مزید یہ کہ امریکا نے بحرین اور عراق سے بھی اپنے غیر سفارتی عملے کو انخلا کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ تاہم امریکی حکام نے سکیورٹی خدشات کی مخصوص وجوہات ظاہر نہیں کیں۔
9
وزیراعظم اماراتی صدر کی دعوت پر اعلیٰ حکومتی وفد کے ہمراہ ابوظبی روانہ،وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظبی کے فرمانروا شیخ محمد بن زید النہیان کی دعوت پر ایک روزہ سرکاری دورے پر یو اے ای روانہ ہو گئے۔وزیرِ اعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا حکومتی وفد بھی ہے، جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی شامل ہیں۔اپنے سرکاری دورے کے دوران وزیرِ اعظم شہباز شریف متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات، اقتصادی تعاون اور خطے کی صورتِ حال سمیت اہم امور پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
10
وزیراعظم نے چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی و دیگر کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹس لے لیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چیئرمین سینیٹ ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسپیکر اور چیئرمین سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم رپورٹ کی روشنی میں اسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافے پر فیصلہ کریں گے۔
11
عالمی بینک کا حیران کن یوٹرن، جوہری توانائی پر عائد پابندی ختم کر دی۔بینک کے صدر اجے بانگا کے مطابق یہ فیصلہ بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے اور ترقیاتی اہداف کے حصول کے لیے ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ ہے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بینک کے صدر نے گزشتہ روز عملے کو بھیجی گئی ایک ای میل میں کہا کہ بورڈ کے ساتھ منگل کو ہونے والی تعمیراتی گفتگو کے بعد نئی توانائی پالیسی کی منظوری دی گئی ہے، تاہم اپ اسٹریم قدرتی گیس کے منصوبوں کی فنڈنگ پر بورڈ میں تاحال مکمل اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔