1
اسرائیل کسی بھی وقت ایران پر حملہ کرسکتا ہے: امریکی میڈیا کا دعویٰ،اس سلسلے میں اسرائیل حکام نے امریکا کو ایران پر حملے کی پیشگی اطلاع بھی کر دی ہے۔رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے واضح کیا ہے کہ وہ ایران کے اندر ایک بڑے آپریشن کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ایران اسرائیلی حملے کے ردعمل میں ممکنہ طور پر عراق میں موجود امریکی سائٹس پر حملہ کر سکتا ہے جس کے باعث امریکا نے مشرق وسطیٰ میں موجود اپنے کچھ شہریوں کو فوری وہاں سے نکلنے کی ہدایت کی ہے۔اس کے علاوہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے فوجی خاندانوں کے اہلخانہ کو رضاکارانہ طور پر مشرقی وسطیٰ چھوڑنے کا اختیار دے دیا ہے۔ ایرانی وزیر دفاع نے خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو ایران بھرپور جواب دے گا اور دشمن کو اس سے کئی گنا زیادہ نقصان اٹھانا پڑے گا، ایران تمام امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
2
جنگ چھڑی تو تمام امریکی فوجی اڈے ہمارے نشانے پر ہوں گے: ایران کی دھمکی،غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایرانی وزیر دفاع عزیز ناصر زادے نے ایران پر امریکی حملے کی صورت میں مشرق وسطیٰ میں امریکی اڈوں پر حملے کی دھمکی دی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ امریکا سے جوہری معاہدہ نہ ہونے پر اگر امریکا نے ایران پر حملہ کیا تو ایران خطے میں امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔ امید ہے نوبت وہاں تک نہیں پہنچے گی اور مذاکرات کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے لیکن اگر ایسا نہ ہوا اور ایران پر جنگ مسلط کی گئی تو دشمن کے نقصانات ایران کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوں گے، انہوں نے کہا کہ حملے کی صورت میں امریکا کو اس خطے سے نکلنا پڑے گا۔
3
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ بننے کا سلسلہ برقرار ہے، ہنڈرڈ انڈیکس پہلی بار ایک لاکھ 26 ہزار پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھو گیا ہے۔کاروباری ہفتے کے چوتھے روز بھی کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی، 2300 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 26 ہزار 718 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
4
سپریم کورٹ پشاور رجسٹری نے پولیس کے زیر استعمال مال مقدمہ گاڑیوں پر اظہار برہمی کرتے ہوئے تفصیلات طلب کر لیں۔سپریم کورٹ آف پاکستان پشاور رجسٹری میں پولیس کے پاس موجود مال مقدمہ گاڑیوں سے متعلق کیس کی سماعت جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس شکیل احمد اور جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کی، ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا سمیت متعلقہ حکام عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے گزشتہ سماعت پر صوبائی حکومت سے ان گاڑیوں کی تفصیلات طلب کی تھیں جو پولیس کے زیر استعمال ہیں۔جسٹس مسرت ہلالی نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ یہ لسٹ کس قسم کی گاڑیوں کی ہے؟ کیا یہ وہ گاڑیاں ہیں جو ویئرہاؤس میں کھڑی ہیں یا جو زیرِ استعمال ہیں؟ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ ایک ہزار 119 گاڑیاں ویئرہاؤس میں کھڑی ہیں جس پر جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ یہ چھوڑیں، وہ گاڑیوں کی تفصیل دیں جو پولیس افسران کے زیرِ استعمال ہیں، کچھ ریٹائر ہونے کے بعد بھی سرکاری گاڑیاں چلاتے ہیں اور کالی شیشوں والی گاڑیوں میں گھومتے ہیں۔عدالت نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایڈووکیٹ جنرل کو معلوم ہی نہیں کہ اس وقت کتنی گاڑیاں استعمال ہو رہی ہیں، جسٹس ہلالی نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے ناک کے نیچے سب ہو رہا ہے اور آپ لاعلم ہیں، یہ بہت عجیب بات ہے۔جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ یہ گاڑیاں تو نیلام کی جاتی ہیں لیکن بانٹ دی گئی ہیں، موجودہ ایس ایچ او ذمہ دار ہے کہ گاڑیاں کہاں اور کس کے پاس ہیں؟ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ایس ایچ او بہت کمزور بندہ ہوتا ہے، اعلیٰ افسر جب حکم دیتا ہے تو وہ اسے مانتا ہے، جس پر جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے کہ ایس ایچ او اتنا بھی کمزور نہیں ہوتا جتنا آپ کہتے ہیں، ایس ایچ او اپنے اعلیٰ افسران کے غیر قانونی حکم ماننے کا پابند نہیں ہے۔ایڈووکیٹ جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ 34 تھانوں سے مکمل رپورٹ مانگ کر ڈیٹا اکٹھا کرنا ممکن ہوگا، عدالت نے ہدایت دی کہ جولائی کی اگلی سماعت تک صوبے بھر کے تھانوں میں موجود گاڑیوں کی مکمل تفصیلات عدالت میں پیش کی جائیں۔
5
صدر مملکت آصف علی زرداری سے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ممبران پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، عوامی مسائل اور ترقیاتی ضروریات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے صدر مملکت کو آزاد کشمیر میں درپیش مسائل، عوامی مشکلات اور بنیادی سہولیات کی کمی کے حوالے سے آگاہ کیا، ملاقات کے دوران آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور سہولیات کی فراہمی پر بھی گفتگو کی گئی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور خطے کے عوام کی فلاح کو اپنی ترجیحات میں شامل قرار دیتے ہوئے اس پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
6
نور مقدم قتل کیس: ظاہر جعفر کی سزائے موت برقرار، سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ،13 صفحات پر مشتمل اس تفصیلی فیصلے میں عدالت نے قرار دیا ہے کہ ملزم نور مقدم کا بے رحم قاتل ہے اور کسی ہمدردی کا مستحق نہیں، عدالت نے دونوں ماتحت عدالتوں کے فیصلے کو متفقہ طور پر درست قرار دیتے ہوئے سزائے موت برقرار رکھی ہےفیصلے میں کہا گیا ہے کہ کیس میں پیش کی گئی سی سی ٹی وی فوٹیج، ڈی وی آر اور ہارڈ ڈسک مستند شہادتیں ہیں جن میں کسی قسم کی ترمیم یا جعل سازی ثابت نہیں ہوئی، ملزم کی شناخت درست نکلی جبکہ ویڈیو شواہد میں نور مقدم پر جسمانی تشدد کے مناظر بھی شامل تھے، ڈی این اے رپورٹ سے زیادتی کی تصدیق ہوئی اور آلہ قتل پر مقتولہ کا خون موجود پایا گیا، عدالت نے قرار دیا کہ ڈیجیٹل شواہد اب بنیادی شہادت تصور کیے جاتے ہیں۔سپریم کورٹ نے ظاہر جعفر کی قتل میں سزائے موت کو برقرار رکھا ہے جبکہ زیادتی کی سزا کو عمر قید میں تبدیل کر دیا اور نور مقدم کو اغوا کرنے کے الزام کی سزا ختم کر دی جبکہ نور مقدم کو غیر قانونی طور پر اپنے پاس رکھنے پر ظاہر جعفر کی سزا برقرار ہے۔فیصلے میں شریک ملزمان محمد افتخار اور محمد جان کی سزائیں بھی برقرار رکھی گئی ہیں تاہم عدالت نے نرمی برتتے ہوئے فیصلہ دیا ہے کہ جتنی سزا وہ کاٹ چکے ہیں اسی پر ان کی رہائی کا حکم دیا جاتا ہے۔عدالت عظمیٰ کے فیصلے میں جسٹس علی باقر نجفی کی جانب سے ایک اضافی نوٹ بھی شامل کیا جائے گا۔
7
خیبرپختونخوا: پارٹی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے، بجٹ کے بائیکاٹ کا خدشہ،اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض گروہ اور دیگر متعدد اراکین اسمبلی نے بجٹ سے بائیکاٹ کی تیاری شروع کر دی ہے۔اگر بجٹ بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کے بغیر منظور کرایا گیا تو وہ اس کا بائیکاٹ کریں گے، خدشہ ہے کہ یہ بجٹ آئی ایم ایف کی شرائط پر تیار کیا گیا ہے اور پارٹی کی سینئر قیادت کو اعتماد میں نہیں لیا گیا۔سابق صوبائی وزیر شکیل خان کی میڈیا سے گفتگو، پارٹی ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے ہدایات دی تھیں کہ بجٹ کی تیاری میں مشیر خزانہ، سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، عاطف خان اور جنید اکبر سے مشاورت کی جائے تاہم بجٹ کی تیاری میں ان رہنماؤں کو نظر انداز کیا گیا جس پر کئی اراکین اسمبلی نے سخت رد عمل دیا ہے۔ذرائع کے مطابق اندرونی اختلافات کے باعث اسمبلی میں بجٹ کی منظوری خطرے میں پڑ سکتی ہے، بانی سے مشاورت کے بغیر بجٹ تیار تو کیا گیا ہے لیکن ناراض اراکین نے اب اس کی منظوری کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے پر اتفاق کر لیا، کئی اراکین اسمبلی اب بھی کنفیوژن کا شکار ہیں کہ آیا بجٹ بانی پی ٹی آئی کی منظوری کے بغیر پیش کیا جائے یا نہیں۔
8
بلاول بھٹو کی قیادت میں اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد برسلز پہنچ گیا، پرتپاک استقبال،پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد کا برسلز پہنچنے پر یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ کیلئے پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور سفارت خانہ کے افسران نے وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مقرر کردہ اعلیٰ سطح کے پارلیمانی وفد کے دورے کا مقصد بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی پر پاکستان کا مؤقف پیش کرنا اور مسئلہ جموں و کشمیر کے حل کی اہمیت کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اجاگر کرنا ہے۔وفد کے دیگر اراکین میں وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی کی چیئرپرسن اور سابق وزیر اطلاعات و ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کی چیئرپرسن اور سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، سابق وزیر تجارت، دفاع اور امور خارجہ انجینئر خرم دستگیر خان، ایم کیو ایم کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اور سابق وزیر برائے بحری امور سینیٹر سید فیصل علی سبزواری شامل ہیں۔وفد اپنے دورہ برسلز کے دوران یورپی یونین اور بیلجیئم کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کرے گا، پارلیمانی وفد ان ملاقاتوں میں بھارت کی جارحیت اور پاک بھارت تنازع سے متعلق ”غلط معلومات پر مبنی بھارتی مہم“ کا مؤثر جواب دے گا۔
9
پی سی بی کا قومی سلیکشن کمیٹی برقرار رکھنےکا اعلان،پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی برقرار رہے گی، سلیکشن کمیٹی میں ڈیٹا اینالسٹ کو تبدیل کیا گیا ہے، ڈیٹا اینالسٹ کا سلیکشن کے معاملے میں ووٹ نہیں ہو گا، ڈیٹا اینالسٹ حسن چیمہ کی جگہ عثمان ہاشمی کو شامل کیا گیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی میں عاقب جاوید، علیم ڈار، اسد شفیق اور اظہر علی شامل ہیں، سلیکشن کمیٹی ہیڈکوچ اور کپتان کے ساتھ مشاورت کی پابند ہو گی۔پاکستان کرکٹ بورڈ
10
پی سی بی کا افغانستان کیساتھ سیریز کو سہ فریقی سیریز میں تبدیل کرنے پر غور، جس میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو تیسری ٹیم اور میزبان کے طور پر شامل کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق اگست میں ہونے والی تین میچز پر مشتمل سیریز کو اب افغانستان اور یو اے ای کے ساتھ سہ فریقی ٹی 20 سیریز میں تبدیل کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے تاکہ 2025 ایشیا کپ اور آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل تیاریوں کو بہتر بنایا جا سکے۔یو اے ای نے حال ہی میں بنگلا دیش کے خلاف 1-2 سے ٹی 20 سیریز جیت کر اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے جس کے بعد وہ اس ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے مضبوط امیدوار بن کر ابھرا ہے، یہ سیریز ممکنہ طور پر ایشیا کپ جیسی کنڈیشنز میں کھیلی جائے گی جس کا انعقاد بھی غالباً یو اے ای میں متوقع ہے۔پی سی بی کی افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) اور ایمریٹس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے درمیان بات چیت حتمی مراحل میں ہے تاہم اب تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
11
پنجاب حکومت کی جانب سے مالی سال 26-2025 کا بجٹ 16 جون کو پیش کیا جائے گا جس کے اہم خدوخال دنیا نیوز سامنے لے آیا ہے۔ذرائع کے مطابق بجٹ میں صحت، تعلیم اور کھیلوں کے شعبوں میں اربوں روپے کے منصوبے شامل کیے گئے ہیں جن میں سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے منسوب نئے و جاری منصوبے بھی شامل ہیں۔لاہور میں نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ کے لیے 12 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں جبکہ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ کے قیام کے لیے 6 ارب 18 کروڑ 89 لاکھ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔قصور میں میاں نواز شریف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے لیے 20 کروڑ روپے اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے لیے 2 ارب 56 کروڑ 82 لاکھ روپے رکھنے کی تجویز شامل ہے۔بھلوال میں نواز شریف ٹیچنگ ہسپتال کی فزیبلٹی سٹڈی کے لیے 50 لاکھ روپے جبکہ محمد نواز شریف یو ای ٹی کے جاری منصوبے کے لیے 1 کروڑ 70 لاکھ روپے کی تجویز دی گئی ہے۔کھیلوں کے شعبے میں سیالکوٹ میں نواز شریف ہاکی گراؤنڈ کی بحالی کے لیے 5 کروڑ روپے اور سپورٹس گراؤنڈ میں ٹینس کورٹ کی تعمیر کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے تجویز کیے گئے ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے نام سے منسوب صحت کے منصوبوں میں "مریم نواز کمیونٹی ہیلتھ سروسز پروگرام” کے لیے 12 ارب 58 کروڑ 42 لاکھ روپے، "مریم نواز ہیلتھ کلینک” کے لیے 8 ارب 68 کروڑ 76 لاکھ روپے اور رورل ہسپتالوں میں پرفارمنس بیسڈ اقدامات کے لیے 3 ارب روپے کی تجویز دی گئی ہے، اسی طرح "وزیر اعلیٰ پنجاب ہیلتھ ریفارمز” کے تحت 1 ارب روپے مختص کیے جا رہے ہیں۔اس کے علاوہ آئندہ بجٹ میں ڈیرہ غازی خان کے ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی بلاک کے قیام کے لیے بھی 2 کروڑ روپے رکھے جانے کا امکان ہے۔
12
کراچی کے صارفین کے لئے بجلی سستی ہونے کا امکان،ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک نے صارفین کو ریلیف دینے کیلئے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست نیپرا میں دائر کر دی ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی اپریل کی ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہوگی۔نیپرا اتھارٹی کے مطابق کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت 19 جون کو ہوگی، درخواست منظوری کی صورت میں کراچی کے صارفین کو مجموعی طور پر 7 ارب 17 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔


