1
پنجاب: کسانوں کے ترقیاتی فنڈ کی 20 ارب روپے سے زائد رقم روکے جانے کا انکشاف،آڈیٹر جنرل کی رپورٹ 25-2024 میں انکشاف ہوا ہے کہ کسانوں کا 20 ارب سے زائد فنڈ غیر قانونی طور پر روکا گیا ہے جوگنے کے ترقیاتی سیس قواعد 1964 کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔رپورٹ کے مطابق محکمہ خزانہ نے اربوں روپے کا فنڈ متعلقہ ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسرز کو جاری نہیں کیا، قواعد کے مطابق یہ فنڈ ضلعی سطح پر ترقیاتی منصوبوں پر خرچ ہونا تھا۔آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ منظوری کے بغیر فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر نے 5.52 کروڑ اور وہاڑی کے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر نے 2.86 کروڑ روپے کی غیرقانونی ادائیگیاں کیں۔آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کے مطابق قواعد کے مطابق وصولی پر لگنے والے 2 فیصد وصولی چارجز کا بجٹ میں تعین نہیں کیا گیا۔ آڈیٹر جنرل آفس نے رپورٹ میں سفارش کی کہ روکے گئے 20 ارب روپے سے زائد فنڈ کو فوری طور پر متعلقہ ضلعی ترقیاتی فنڈز میں منتقل کیا جائے اور غیرقانونی ادائیگیوں کی تحقیقات کر کے رقم واپس لی جائے، ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے۔
2
کے پی اور پنجاب میں بھی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کا امکان،ذرائع کے مطابق کے پی کا بجٹ ممکنہ طور پر 2 ہزار 70 ارب روپے کا ہوگا، جاری اخراجات کے لیے 13 سو 52 ارب روپے، تنخواہوں کے لیے 680 ارب روپے اور پنشن کےلیے 200 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کے پی حکومت کو این ایف سی کی مد میں 11 سو 48 ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔ادھر پنجاب کے اگلے بجٹ میں تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے اور تعلیم کے لیے 110 ارب روپے زیادہ رکھے جانے کا امکان ہے جب کہ صوبائی بجٹ 16 جون کو پیش کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگے گا، صحت پر 90 ارب روپے زیادہ رکھے جائیں گے، کسانوں کو گندم، چاول کے بیج اور کھاد کے لیے اضافی فنڈز مہیا کیے جانے کی بھی تجویز دی گئی ہے۔
3
کراچی: ملیر جیل سے فرار مزید 4 قیدی پکڑے گئے، 68 کی تلاش اب بھی جاری،جیل حکام کے مطابق اب تک 157 قیدیوں کو پکڑا جاچکا ہے اور مفرور 68 قیدیوں کی تلاش جاری ہے۔جیل حکام کا بتانا ہے کہ ملیر جیل سے مجموعی طور پر 225 قیدی فرار ہوئے تھے، فرار ہونے والے قیدیوں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔
4
شکارپور میں کار پر فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق،پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ شکار پور کے علاقے گڑھی یاسین ٹول پلازا کے قریب پیش آیا جہاں مسلح ملزمان نے ایک کار پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ دو گروپوں میں دشمنی کا نتیجہ لگتاہے تاہم لاشوں کو اسپتال منتقل کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
5
پاکستانی اداکارہ و ماڈل نادیہ حسین نے شوہر کے فراڈ کیس سے متعلق ویڈیو بیان جاری کردیا۔نادیہ حسین نے اپنے شوہر عاطف خان کے فراڈ کیس سے متعلق انسٹاگرام پر اپڈپٹ دیتے ہوئے کہا کہ آپ سب کو خبروں سے معلوم ہوگیا ہوگا اس کیس سے میرا کوئی تعلق نہیں تھا۔ماڈل نے کہا کہ مجھے عدالت کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری مل گئی، میں نے یہ ضمانت اس لیے لی تھی کیونکہ مجھے ایف آئی اے پر یقین نہیں تھا، مجھے امید تھی کہ وہ مجھے گرفتار کرنے کی کوشش کریں گے۔


