1
اسرائیلی حملے: ایرانی مسلح افواج کے سربراہ سمیت متعدد کمانڈرز اور 6 سائنسدان شہید،اسرائیل نے آج صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے ہیں، دارالحکومت تہران کے شمال مشرقی علاقے میں بھی دھماکوں کی زور دار آوازیں سنی گئیں اور بعض مقامات سے دھویں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے۔ان حملوں میں مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی سمیت متعدد فوجی کمانڈرز، 6 جوہری سائنسدان اور عام شہری شہید ہو گئے۔ایرانی ٹی وی نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی آرمی چیف جنرل محمد باقری بھی حملے میں شہید ہوچکے ہیں، پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل حسین سلامی شہید ہوگئے، پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈرغلام علی راشد شہید ہوگئے، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر تہرانچی ڈاکٹر فریدون عباسی بھی شہید ہوگئے، القدس فورس کے سینئر کمانڈراسماعیل قانی بھی شہید ہوگئے،ایرانی جوہری پروگرام کے سربراہ علی شمخانی بھی شہید ہو گئے ہیں۔
2
ایران کا بھرپور جوابی وار، اسرائیل پر 100 سے زائد ڈرونز داغ دیئے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چند گھنٹوں میں ایران کی طرف سے 100 سے زائد ڈرونز اسرائیل کی جانب آئے، اگلے کچھ گھنٹے ہمارے لیے مشکل ہیں۔اس سے قبل ایران کی جانب سے جوابی بیلسٹک حملوں کے خدشے پر اسرائیل میں ہائی الرٹ کردیا گیا تھا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے اور حکومت نے شہریوں کو بم شیلٹرز کے قریب رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران پر حملوں میں 200 لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔قبل ازیں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ اسرائیل سخت سزا کا انتظار کرے۔
3
سعودی عرب کی ایران پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت، اقوام متحدہ سے فوری اقدام کا مطالبہ،سعودی عرب نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے ایران کی خودمختاری اور سلامتی پر حملہ قرار دیا ہے۔سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں، یہ گھناؤنے حملے ناقابلِ قبول ہیں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس جارحیت کو فوری طور پر روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔سعودی عرب نے زور دیا کہ ایران سعودی عرب کا برادر اسلامی ملک ہے اور اس کے خلاف کی گئی یہ واضح جارحیت خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے۔
4
پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ 26 ویں ترمیم سے پوری عدلیہ کو چھٹی پر بھیج دیا گیا۔ ہم ایک احتجاج کرتے ہیں تو 7 مقدمات بن جاتے ہیں، ایک دن راولپنڈی دوسرے دن سرگودھا کی عدالتوں میں ہوتے ہیں۔چیری بلاسم ، اردلی اور اب لیلا کا سفر بہت دلچسپ ہے، حکمران عوامی حمایت سے آئے ہوتے تو یوں لیلے کی طرح رسی سے نہ چلتے، اس سال شدید مہنگائی کے باعث قربانی 30 فیصد کم ہوئی ہے۔یہ عدالتیں خود قید ہیں ہمیں کیا انصاف دیں گی؟ کبھی جج چھٹی پر تو کبھی پراسیکیوٹر غائب ہوجاتا ہے، آپ نے 26 ویں ترمیم سے پوری عدلیہ کو چھٹی پر بھیج دیا ہے، ہم رول آف لا کی لڑائی لڑتے رہیں گے۔ ان حکمرانوں کی شکل میں عذاب قوم پر مسلط کیا گیا ہے، ایک کروڑ 80 لاکھ نوجوان آج بے روزگار ہیں، بجٹ نے تباہی پھیر کر رکھ دی ہے، اب ہم قوم اور کسانوں کے پاس جائیں گے۔عالیہ حمزہ نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم قید عدلیہ کو بھی آزاد کرائیں گے اور جمہوریت بھی بحال کرائیں گے، 26 نومبر کو ہم پر گولیاں برسائی گئیں، سمبڑیال میں احتجاج کر رہے تھے تو تمام لائٹیں بجھا دی گئیں، ہم نے احتجاج ختم کر دیا۔ عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو ،انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو 26 نومبر احتجاج کے کیسز میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس پر عدالت نے عبوری ضمانت میں 27 جون تک توسیع کردی۔
5
علیمہ، عظمیٰ کی درخواست منظور، بار بار ضمانتوں پر عدالت برہم،انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید کے روبرو 5 اکتوبر کے جلاؤ گھیراؤ کے 2 مقدمات کی سماعت ہوئی جس میں عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ جان بوجھ کر بیل لمبی کر رہے ہیں، آپ جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہوتے، کورٹ میں آنا پسند نہیں کر رہیں تو پولیس کے پاس کیسے جائیں گی؟عدالت نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی ضمانت میں بھی آپ نے یہی کیا، 8 ماہ بیل چلائی اور عدم پیروی پر خارج کر دی، پچھلی سماعت پر بھی آپ نے کہا وہ فیصل آباد ہیں، سال ہا سال بیل چلا کر عدالتوں کا نام خراب نہ کریں۔
6
سموگ کنٹرول کیلئے محکمہ ماحولیات کو عملی اقدامات کا حکم، لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ ماحولیات کو ہیوی ٹرانسپورٹ، بڑی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں کو فٹنس سٹیکرز ترجیحی بنیادوں پر جاری کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر درخواست گزاروں کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں محکمہ ماحولیات سمیت متعدد محکموں کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے حکم دیا کہ انڈسٹریل یونٹس میں نصب واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی کارکردگی پر باقاعدہ سروے کیا جائے تاکہ آلودگی پر قابو پانے کے لیے عملی اقدامات کی نگرانی ہو سکے۔سماعت کے دوران جوڈیشل واٹر کمیشن کے رکن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایل ڈی اے نے عدالتی حکم کے باوجود ٹولنٹن مارکیٹ سے پرندوں کو منتقل نہیں کیا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ حکومت نے پانی کے دو لاکھ میٹرز کی تنصیب کے لیے بجٹ میں رقم مختص کر دی ہے جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ کا باقاعدہ سرکاری لیٹر عدالت میں پیش کیا جائے۔عدالت نے عوامی رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگ پانی کو ضائع کر رہے ہیں، انہیں اس کی قدر ہی نہیں، سندھ کے عوام سے پوچھیں پانی کی اہمیت کیا ہوتی ہے۔عدالت نے تمام متعلقہ محکموں کو عملدرآمد رپورٹس پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 17 جون تک ملتوی کر دی۔
7
لاہور ہائیکورٹ: صوبائی محتسب خاتون کو عہدے سے ہٹانے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس راحیل کامران نے نبیلا حاکم علی کی درخواست پر 21 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔جسٹس راحیل کامران شیخ نے فیصلے میں لکھا کہ پنجاب کی نگران حکومت نے چار اگست 2023 میں نبیلا حاکم کو بطور صوبائی محتسب خاتون کے عہدے سے ڈی نوٹیفکیشن کیا، درخواست گزار کے مطابق نگران حکومت کو مستقل فیصلے کرنے کا اختیار نہیں۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے مطابق درخواست گزار کی تقرری سیاسی بنیادوں پر ہوئی تھی، سرکاری وکیل کے مطابق ہائیکورٹ کے فل بینچ نے الیکشن کمیشن کو تمام سیاسی تقرریاں ختم کرنے کی ہدایت کی تھی، الیکشن کمیشن نے نگران حکومت کو شفاف الیکشن کیلئے سیاسی تقرریاں ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔فیصلہ میں کہا گیا کہ ریکارڈ کے مطابق درخواست گزار کی تقرری 2021 میں دو سال کیلئے کی گئی تھی، پنجاب حکومت نے بعد میں گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے صوبائی محتسب کی معیاد چار برس کر دی تھی، قانون میں صوبائی محتسب کو مس کنڈکٹ کے علاوہ عہدے سے ہٹانے کا طریقہ کار موجود نہیں، ایسی صورت میں جب طریقہ کار موجود نہ ہو تو صوبائی محتسب کو عہدے سے نہیں ہٹایا جا سکتا۔جسٹس راحیل کامران شیخ نے فیصلے میں لکھا کہ آئین کے مطابق نگران حکومت کے اختیارات محدود ہیں، نگران حکومت کا کام صرف شفاف الیکشن کرانا ہے، منتخب حکومت کا کام ہے کہ وہ گورننس سمیت دیگر معاملات کو دیکھے، نگران حکومت کا فیصلہ کسی صورت آئینی اصولوں کے مطابق نہیں۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ سرکاری وکیل کے مطابق شفاف الیکشن کیلئے درخواست گزار کو عہدے سے ہٹایا گیا، الیکشن کمیشن اور نگران حکومت نے یہ نہیں بتایا کہ ایک صوبائی محتسب الیکشن پر کیسے اثر انداز ہو سکتا ہے، سرکاری وکیل کے مطابق درخواست گزار کی ایک سیاسی جماعت کے ساتھ وابستگی کے باعث عہدے سے ہٹایا گیا۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ متعلقہ اتھارٹی کو ہدایت کی جاتی ہے صوبائی محتسب خاتون کی تقرری کیلئے باقاعدہ اشتہار جاری ہو، مناسب امیدوار کے چناؤ کیلئے پبلک سروس کمیشن کے ذریعے سلیکشن کی جائے۔عدالت نے فیصلے کی کاپی چیف سیکرٹری کو بھی بھجوانے کی ہدایت کر دی۔
8
قومی اسمبلی میں ایران پر اسرائیلی حملہ کیخلاف قرارداد متفقہ منظور،قرارداد حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی، قرارداد پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے پیش کی۔اسرائیلی حملے کے خلاف قرارداد پر بحث کے دوران راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اسرائیل نے فلسطین کے بعد اب ایران پر حملہ کردیا ہے، اسرائیل امریکہ کا ناجائز بچہ ہے، فلسطینیوں پر حملے کے بعد اسرائیل کا حوصلہ اتنا بڑھ گیا ہے کہ اس نے ایران پر حملہ کر دیا، دنیا محض اسرائیل کے خلاف قراردادیں منظور کررہی ہے، اسرائیل آگے بڑھتا جا رہا ہے اور مسلم ممالک پر حملے کررہا ہے۔اجلاس میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ اسرائیل کا وجود ہی ناجائز تھا، امن کے لئے خطرہ بن رہا ہے، پاکستان اس حملے کی شدید مذمت کرتا ہے، ہم ایران کے ساتھ ہیں، دنیا اسرائیل کی جارحیت کو روکے، اسرائیل نے بدمعاشی شروع کی ہوئی ہے، اس کو روکا جائے، ایران کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔قومی اسمبلی سے خطاب میں بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ ایران پر حملہ تاریخ کا المناک واقعہ ہے، ہم اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، او آئی سی کانفرنس بلائی جائے، عرب لیگ کی کانفرنس فوری بلائی جائے، اسرائیل علاقائی سالمیت کے لئے خطرہ بن چکا ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ پر حملہ کیا، ستر ہزار سے زائد لوگوں کی شہادتیں ہوئیں، مسلم دنیا کچھ نہیں کر سکی، اسرائیل دنیا کے لئے خطرہ بنتا جا رہا ہے، دنیا اس میں اپنا کردار ادا کرے۔
9
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا بجٹ آج پیش ہوگا، خیبرپختونخوا حکومت کے بجٹ میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے۔بجٹ کے معاملہ کو بلا وجہ بڑھا چڑھا کر پیش کیا گیا، بجٹ ایک آئینی ضرورت ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پہلے ہی بجٹ پر بانی سے مشاورت کر چکے ہیں۔بجٹ پیش ہونے کے بعد اور منظوری سے پہلے بھی بانی سے مشاورت کرنی ممکن ہے۔
10
سندھ کا آئندہ مالی سال کا بجٹ آج پیش کیا جائے گابجٹ کا میزانیہ ممکنہ طور پر تین ہزار چار سو ارب سے زائد ہوگا، سندھ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 10 سے 20 فیصد اضافے کی تجویز ہے، مزدور کی کم از کم اجرت میں 5 ہزار روپے اضافے کی تجویز ہے، ارکان سندھ اسمبلی کی تنخواہوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔اگلے مالی سال کے بجٹ میں 481 نئی سکیمیں شامل کی جائیں گی۔
11
وزیراعظم شہباز شریف کی اماراتی صدر سے ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال،پاکستان میں ترقیاتی منصوبوں اور تعاون پر شہباز شریف نے اماراتی قیادت سے اظہار تشکر کیا، وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی استحکام کیلئے اماراتی صدر کی کاوشوں اور سفارت کاری کو سراہا۔اماراتی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان قصر الشاطی میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں خطے اور دنیا میں امن و استحکام پر زور دیا گیا، دونوں رہنماؤں نے باہمی مفادات اور ترقیاتی اہداف پر مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، سرمایہ کاری اور ترقیاتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
12
پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ خطے میں ایک نئی جنگ کا آغاز بہت ہی خطرناک ہوسکتا ہے، دوسری جنگ عظیم کے بعد اس وقت دنیا میں کئی چھوٹی بڑی جنگیں چل رہی ہیں۔
جنگوں کے اثرات صرف ایک ملک تک نہیں بلکہ اس سے دنیا کے تمام ممالک متاثر ہوتے ہیں، بالخصوص جنگوں کے دوران ترقی پذیر ممالک کے اہداف بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔دنیا مزید کسی جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی، اثر و رسوخ رکھنے والے ممالک کو چاہیے کہ دنیا میں قیامِ امن کےلیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔
13
سٹار بیٹر بابراعظم آسٹریلین بگ بیش لیگ میں ان ایکشن ہوں گے۔بابر اعظم سڈنی سکسرز کی نمائندگی کریں گے، فرنچائز نے بابر اعظم کے ساتھ معاہدے کا تشہیری ٹیزر جاری کر دیا، باقاعدہ معاہدے کی تفصیلات آج منظر عام پر لائی جائیں گی۔
14
ایران کی جوابی کارروائی، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نامعلوم مقام پر روانہ،اسرائیلی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نیتن یاہو کے سرکاری طیارے ’ونگ آف زاین‘ نے بن گورین ایئرپورٹ سے اڑان بھری۔رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کے طیارے کی منزل مقصود کا علم نہیں ہے۔ ایران نے بھرپور جوابی وار کرتے ہوئے اسرائیل پر 100 سے زائد ڈرونز سے حملہ کر دیا۔اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چند گھنٹوں میں ایران کی طرف سے 100 سے زائد ڈرونز اسرائیل کی جانب آئے، اگلے کچھ گھنٹے ہمارے لیے مشکل ہیں۔اس سے قبل ایران کی جانب سے جوابی بیلسٹک حملوں کے خدشے پر اسرائیل میں ہائی الرٹ کردیا گیا تھا، اسرائیل میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے اور حکومت نے شہریوں کو بم شیلٹرز کے قریب رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایران پر حملوں میں 200 لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا۔قبل ازیں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے پہلے ہی خبردار کر دیا تھا کہ اسرائیل سخت سزا کا انتظار کرے۔
15
کچہ ایریا کے دو خطرناک ڈاکوؤں نے پولیس کے سامنے ہتھیار ڈال دیئے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق حکومت پنجاب نے ڈاکو شبیر لٹھانی کے سر کی قیمت 25 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی، ہتھیار ڈالنے والوں میں ڈاکو شبیر لٹھانی اور رستم لٹھانی شامل ہیں۔ڈی پی او عرفان علی سموں نے بتایا کہ ڈاکو رستم لٹھانی سنگین وارداتوں کے 41 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے، ڈاکو شبیر لٹھانی اور رستم لٹھانی کچہ ایریا میں اغوا برائے تاوان سمیت دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
16
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز کاروباری کے آغاز پر شدید مندی دیکھنے میں آئی ہے۔ٹریڈنگ کے ابتدائی لمحات میں ہنڈرڈ انڈیکس میں 2000 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے،مندی کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 122091 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا ہے جو سرمایہ کاروں کے لیے تشویشناک صورتحال ہے۔ماہرین کے مطابق سیاسی و معاشی غیر یقینی صورتحال اور آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق خدشات مارکیٹ پر اثر انداز ہو رہے ہیں جس کے باعث سرمایہ کاروں نے فروخت کو ترجیح دی۔
17
خیبر پختونخوا حکومت آج مالی سال 26-2025 کا بجٹ پیش کرے گی، بجٹ کے لیے صوبائی اسمبلی کا اجلاس دوپہر 2 بجے طلب کیا گیا ہے جس میں صوبائی وزیر خزانہ آفتاب عالم بجٹ پیش کریں گے۔بجٹ دستاویز کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ کا کل حجم 2 ہزار 70 ارب روپے ہو گا، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ متوقع ہے۔دستاویزات کے مطابق بندوبستی اضلاع کے لیے 1821 ارب روپے جبکہ ضم شدہ اضلاع کے لیے 249 ارب روپے مختص کیے جائیں گے، جاری اخراجات کے لیے 1390 ارب روپے رکھے گئے ہیں جن میں بندوبستی اضلاع کے لیے 1230 ارب روپے اور ضم اضلاع کے لیے 160 ارب روپے شامل ہیں۔ترقیاتی بجٹ کا حجم 528 ارب روپے رکھا گیا ہے جس میں بندوبستی علاقوں کے لیے 439 ارب، ضم اضلاع کے لیے 89 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔وفاق کی جانب سے خیبر پختونخوا کو فیڈرل ٹیکس اسائمنٹ کی مد میں 1,153 ارب روپے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے 138 ارب روپے، آئل و گیس مد میں 64 ارب روپے اور نیٹ ہائیڈل پرافٹ (بقایاجات سمیت) کی مد میں 108 ارب روپے ملنے کی توقع ہے۔