1
اسحاق ڈار اور ایرانی ہم منصب کا رابطہ، پاکستان کا ایرانی حکومت اورعوام سے یکجہتی کا اظہار،وزیرخارجہ اسحاق ڈار کی ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور اقوام متحدہ چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر تشویش کا اظہار کیا۔دفترخارجہ نے بتایاکہ پاکستان نے ایران کی حکومت اورعوام سے مکمل یکجہتی کا اظہارکیا اورعلاقائی امن واستحکام کیلئے ایران کی کوششوں کی مکمل حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔دفترخارجہ کے مطابق اسحاق ڈارنے اسرائیلی حملوں میں قیمتی جانوں کے ضیاع پردلی افسوس کا اظہار کیا۔
2
اسرائیلیوں پر زندگی تلخ ہو جائے گی، اب انکو بھاگنے کی اجازت نہیں دیں گے: ایرانی سپریم لیڈر کا اعلان،ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا بیان ایران کی اسرائیل کے خلاف جوابی کارروائی کے ساتھ جاری کیا گیا۔ایرانی عوام کے نام پیغام میں آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا تھاکہ صیہونی حکومت نے ایک بہت بڑی غلطی کی ہے اور اس کے نتائج بہت ہی برے ہوں گے، ایرانی قوم قیمتی شہدا کا خون رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ہماری مسلح افواج تیار ہیں، ملک کے حکام اور عوام کے تمام ارکان مسلح افواج کے پیچھے ہیں، آج ہر کوئی یہ محسوس کرتا ہے کہ ہمیں صہیونی دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرنی چاہیے، ہمیں طاقت سے کام کرنا چاہیے، اور ہم طاقت سے جواب دیں گے، ہم ان کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
3
ایران کے اسرائیل پرجوابی حملےکے بعد امریکی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی،امریکی میڈیا کے مطابق ڈاؤ جونز انڈیکس میں 868 پوائنٹس یعنی 2 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔اسی کے ساتھ ساتھ نیسڈیک میں 1.2 فیصد اور ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 1.1 فیصد گراوٹ کا شکار رہی۔امریکی اسٹاک مارکیٹس میں مندی کے بعد سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
4
ایران میں حالات معمول پر آنے تک ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں، سہولیات فراہم کی جائیں: شاہ سلمان کا حکم،خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ سعودی عرب میں ایرانی زائرین کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، وزارت حج و عمرہ ایرانی زائرین کو سہولیات فراہم کرے۔شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ ایران میں حالات معمول ہونے تک ایرانی زائرین ہمارے مہمان ہیں۔گزشتہ دنوں 16 لاکھ سے زائد عازمین نے حج کی سعادت حاصل کی جن میں ہزاروں ایرانی شہری بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی حملوں کے پیشِ نظر ایرانی فضائی حدود ہفتے تک بند کردی گئی ہے۔
5
بالاکوٹ میں معمولی گھریلو تنازع پر فائرنگ سے بہن بھائی قتل،بالاکوٹ پولیس کے مطابق بالاکوٹ کے نواحی گاؤں سنگڑ میں معمولی تنازع پر عتیق نامی شخص نے فائرنگ کرکے محمد سعید اور اس کی بہن حاکم پروین کو قتل کردیا جب کہ 2 افراد تاج محمد اور محمد خالد فاروقی زخمی بھی ہوئے۔پولیس کے مطابق قتل کی وجہ گھریلو تنازع بتایا جارہا ہے جب کہ ملزم موقع سے فرار ہے جس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
6
ایران اسرائیل کشیدگی: 6 ممالک کی فضائی حدود بند ہونے سے بھارت مزید مشکل میں پھنس گیاایوی ایشن ذرائع کے مطابق حملے کے دوران بھارت کی 30 پروازوں کے رخ موڑنا پڑیں اور درجنوں پروازیں منسوخ کردی گئیں۔گزشتہ رات اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کی فضائی حدود ہر نوعیت کی پروازوں کیلئے بند کی گئی جب کہ عراق نے بھی اپنی فضائی حدود بند کردی تھی۔ جمعہ کی صبح اردن کی جانب سے بھی فضائی حدود بند کرنے کا نوٹم جاری کیا گیا، شام اور لبنان کے بعد اسرائیل نے بھی جوابی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر اپنی فضائی حدود مکمل بند کر رکھی ہے۔ایران پر حملے کے وقت بھارت کی دہلی کی 2 پروازیں ایران میں پھنس گئی تھیں تاہم مختصر دورانیے کے دوران انہیں ایران کی فضائی حدود سے واپس دھکیل دیا گیا۔
7
ملک بھر کے47 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق، پاکستان انسداد پولیو پروگرام کے مطابق مئی میں 116 ماحولیاتی نمونے پولیو کی جانچ کیلئے جمع کیے گئے تھے، 69 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی جب کہ پولیو وائرس 34 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پایا گیا۔پاکستان انسداد پولیو پروگرام نے یہ بھی بتایا کہ سندھ کے 14 اضلاع میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی، خیبرپختونخوا کے 8، بلوچستان کے 6 اور پنجاب کے 4 اضلاع میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔