1
ایران نے اسرائیل پر ایک اور بڑا حملہ کر دیا، 100 کے قریب بیلسٹک میزائل داغ دیے، وسطی اسرائیل میں بجلی بند ہو گئی، حیفہ اندھیرے میں ڈوب گیا، تازہ حملے میں کم از کم 7 اسرائیلی ہلاک اور 67 زخمی ہو گئے۔امریکی نمائندہ مائیک ہکبی نے بتایا ہے کہ تل ابیب میں واقع امریکی سفارتخانے کی ایک شاخ کو ایرانی میزائلوں کے قریبی دھماکوں کے باعث معمولی نقصان پہنچا ہے اگرچہ میزائل سفارتخانے کی عمارت سے براہ راست نہیں ٹکرائے تاہم دھماکوں سے پیدا دھچکوں سے سفارتخانہ متاثر ہوا ہے۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ اس واقعے میں کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا اور فی الحال یروشلم اور تل ابیب میں امریکی سفارتخانے اور قونصل خانے عارضی طور پر بند رکھے گئے ہیں۔صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور سیکورٹی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ایرانی فوج نے کہا ہے کہ اسرائیل کا کوئی کونا رہنے کے قابل نہیں چھوڑیں گے، اسرائیلی آبادکار مقبوضہ علاقے فوری خالی کردیں۔اسرائیل نے ایران پر تازہ حملے کئے جس کے بعد ایران نے بھی بھرپور جوابی وار کئے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ وسطی ایران میں میزائل سائٹس پر حملے کررہے ہیں، ایران نے بھی بھر پور جوابی وار کرتے ہوئے اسرائیل کے متعدد مقامات پر تازہ حملے کئے، حیفہ میں ایرانی میزائل حملے سے متعدد عمارتیں زمین بوس ہوگئیں۔
2
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اسرائیل جنگ میں شامل ہونےکا عندیہ دے دیا۔ اب تک ایران اسرائیل تنازع سے دور ہیں، عین ممکن ہے اس تنازع میں شامل ہو جائیں۔روسی صدرولادی میر پیوٹن نے مجھے فون کیا، ہماری اس تنازع پر طویل بات ہوئی ، روسی صدر تنازع کے حل کیلئے ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں، مجھے یقین ہے کہ یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امید ظاہر کی ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی ہوجائے گی تاہم کبھی کبھار ڈیل کے لیے لڑنا پڑتا ہے۔امریکا اسرائیل کی حمایت جاری رکھے گا، اسرائیل کے دفاع کے لیے اس کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔اگر ایران نے امریکا پر کسی بھی صورت میں حملہ کیا تو ہم اپنی فوجی طاقت کا بے مثال مظاہرہ کریں گے۔ اگر چاہیں تو ہم ایران اور اسرائیل کے درمیان آسانی سے معاہدہ کرا سکتے ہیں اور اس خونریز تنازع کو ختم کر سکتے ہیں۔ایران اور اسرائیل کو معاہدہ کرنا چاہئے اور وہ کریں گے، ایران اور اسرائیل کو امن معاہدے کی طرف لایا جا سکتا ہے اور یہ صرف میں ہی کرسکتا ہوں ،جیسے میں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان تجارت کے ذریعے بات چیت کروائی، ویسے ہی ایران اور اسرائیل کے درمیان بھی امن قائم ہو سکتا ہے۔کینیڈا میں جی-سیون سربراہی اجلاس کے لیے روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو
3
اسرائیل کے تہران پر حملے میں پاسداران انقلاب کے انٹیلی جنس چیف محمد کاظمی اور ان کے نائب جنرل حسن محقق شہید ہوگئے۔پاسداران انقلاب نے شہادتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس کے علاوہ جنرل محسن باقری بھی اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے ہیں، واضح رہے کہ جنرل کاظمی کو 2022ء میں ایرانی سپاہ پاسداران کا انٹیلی جنس چیف مقرر کیا گیا تھا۔ایرانی حکام نے ان شہادتوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایران کی سلامتی اور خودمختاری پر حملہ قرار دیا ہے، پاسدران انقلاب کے اعلامیے میں کہا گیا کہ اسرائیلی حکومت کے حمایتی یہ جان لیں کہ اسرائیل کے خلاف مؤثر اور ہدف شدہ کارروائیاں اس کے مکمل خاتمے تک جاری رہیں گی۔ ایرانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 224 افراد شہید ہوئے، حملوں میں شہید ہونے والوں میں 90 فیصد عام شہری ہیں،شہدا میں 14 ایٹمی سائنسدان اور 20 فوجی کمانڈرز بھی شامل ہیں۔
4
خلیج تعاون کونسل کا ہنگامی اجلاس سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں آج ہوگا۔ اجلاس میں ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی اور اس کی وجہ سے ہونے والے اثرات کا جائزہ لیا جائے گا۔خیلج تعاون کونسل کے سیکریٹری جنرل محمد جاسم البدودی نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی جارحیت عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، عالمی برادری کو کشیدگی روکنے کیلیے کردار ادا کرنا ہوگا۔محد جاسم البدودی نے کہا کہ فریقین تنازع کو مزید ہوا نہ دیں ورنہ اس سے معاملات مزید خراب ہوں گے، ایران اسرائیل کشیدگی کے باعث خطے کا امن اور سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
5
دنیا کو اسرائیل کی جوہری صلاحیت کے بارے میں خوفزدہ ہونا چاہیے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں خواجہ آصف نے اسرائیل کی مسلسل جارحیت اور مغربی ممالک کی جانب سے اس کی حمایت پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہ تو کسی بین الاقوامی نیوکلیئر ضابطے کا پابند ہے اور نہ ہی اس نے این پی ٹی پر دستخط کئے ہیں، مغربی ممالک کو اسرائیل کے تنازعات پر سنجیدگی سے غور کرنا چاہیے۔ اس کے برعکس پاکستان نے تمام بین الاقوامی نیوکلیئر ضوابط پر دستخط کئے ہیں اور اپنی جوہری صلاحیت کو صرف ملکی دفاع اورعوامی مفاد کیلئے استعمال کرتا ہے، جبکہ اسرائیل کا طرزِ عمل عالمی امن کیلئے خطرہ بن چکا ہے۔
6
ایران اسرائیل جنگ، پاکستان، عراق، قطر سمیت مختلف ممالک میں فلائٹ آپریشن متاثر،پاکستان میں 16 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں اور متعدد تاخیر کا شکار ہیں، کراچی سے جدہ، مشہد، بغداد اور تہران کی 8 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے اسلام آباد سے نجف کی غیر ملکی ایئر لائن کی 2 پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں، جدہ، دبئی، بحرین، راس الخیمہ سے اسلام آباد کی پروازوں میں 1 سے 5 گھنٹے کی تاخیر کا شکار ہیں۔ایران اسرائیل کشیدگی کے پیش نظر سعودی ائیرلائن نے آج اور 17 جون کی ایران عراق کی تمام پروازیں منسوخ کردیں، اسی طرح روس، لبنان، قازقستان، آذربائیجان اور ازبکستان کی پروازیں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔ قطر کی ائیرلائن نے ایران، عراق اور شام کیلئے فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا جبکہ یو اے ای کی ائیرلائن کی اسرائیل، ایران اور عراق کیلئے پروازیں 20 جون تک بند رہیں گی۔
7
سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے موجودہ حکومت، بجٹ اور ملکی سیاسی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت ایک خطرناک سیاسی دلدل میں پھنسا ہوا ہے جس سے نکلنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر لائحہ عمل طے کرنا ہو گا۔مسلم لیگ (ن) کا یہ دعویٰ بے بنیاد ہے کہ انہوں نے ریاست بچانے کے لیے سیاست قربان کی، ریاست پہلے ہی مضبوط تھی، مسلم لیگ ن کو اپنی سیاست کا جائزہ لینا ہو گا اور اسے بدلنے کی ضرورت ہے۔موجودہ بجٹ کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ایک نہیں دو پاکستان بن چکے ہیں، صرف تنخواہ دار طبقے سے ڈیڑھ ہزار ارب روپے سے زائد اکٹھے کیے گئے جبکہ تاجر طبقے سے محض 10 کروڑ روپے جمع کیے جا سکے۔اسد عمر نے پیٹرولیم مصنوعات پر ممکنہ 90 روپے فی لٹر ٹیکس اور نئی کاربن لیوی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بجٹ خسارہ کم ظاہر کرنے کے لیے 1450 ارب روپے عوام سے لے کر بینکوں میں رکھ دیئے گئے جو دراصل عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔ سابقہ پی ٹی آئی حکومت کی معاشی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حکومت کے پہلے تین سال میں 54 لاکھ نوکریوں میں اضافہ ہوا۔ پاکستان ایک خطرناک علاقے میں واقع ہے جہاں بھارت آج بھی جارحانہ عزائم رکھتا ہے، ہماری افواج نے بھارت کو ہمیشہ ٹھوک کر جواب دیا ہے۔انہوں نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری مسلم امہ کی دعائیں ایران کے ساتھ ہیں۔
8
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کا بجٹ ٹیکس فری ہوگا، عوام پر کوئی ٹیکس نہیں لگایا گیا، بلدیاتی انتخابات جلد ہوں گےوزیراعلیٰ پنجاب نے تمام ٹیکس تجاویز کو مسترد کر دیا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنز میں اضافہ ہوا ہے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاری مکمل ہے، جلد بلدیاتی الیکشن کرائیں گے، پچھلی حکومت نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ختم کر دیئے تھے، جب بھی پنجاب میں بلدیاتی الیکشن ہوئے تو وہ مسلم لیگ ن نے ہی کرائے۔ پہلے ڈویلپمنٹ بھی امیر کیلئے کچھ اورغریب کیلئے کوئی اور ہوتی تھی، پنجاب کے 64 شہروں میں سڑکیں اور گلی محلوں میں کام ہوگا، پنجاب حکومت ماڈل ویلج بنانے جا رہے ہیں، پنجاب کے کئی شہروں میں نئی سڑکیں اور گلیاں بنیں گی، پنجاب کے 1800 دیہات کسی شہر سے کم نہیں ہوں گے۔وزیراعلیٰ ہفتے میں 2 میٹنگز صرف اشیاء خورونوش کی قیمتوں کے حوالے سے کرتی ہیں، عیدالاضحیٰ پر بھی اشیا خورونوش کی قیمتیں بڑھنے نہیں دی گئیں۔
9
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ جعلی حکومت بانی پی ٹی آئی عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھ کر توڑ نہیں سکتی، یہ جعلی حکومت کی ایک اور ناکام کوشش ہے۔ 26 ویں آئینی ترمیم کے ذریعے عدالتوں کو مفلوج کر دیا گیا ہے، عدالتی احکامات کے باوجود خاندان اور نہ ہی پارٹی رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جا رہی ہے، 26 ویں ترمیم نے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ جعلی حکومت نے نظامِ انصاف کو 26 ویں ترمیم کی زنجیروں میں جکڑ دیا ہے، جعلی حکومت نے عارضی فائدے کیلئے ملک کے عدالتی نظام کو داؤ پر لگا دیا ہے، عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے تمام رہنما ضمیر کے قیدی بنے ہیں۔ جعلی حکومت بانی پی ٹی آئی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، لیکن ملک کو تباہی کے دہانے پر ضرور پہنچا دیا، عمران خان اپنی قوم کی حقیقی آزادی کیلئے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے،
10
تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد میں مسلسل کمی، بجلی کی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ،ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کا موجودہ لیول 1450.85 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ ڈیڈ لیول سے صرف 48 فٹ بلند ہے۔ترجمان کے مطابق ڈیم میں پانی کی آمد 177400 کیوسک جبکہ اخراج 151800 کیوسک ہے، پانی کی کم آمد کے باوجود تربیلا ڈیم کے تمام 17 پیداواری یونٹس فعال ہیں اور ان سے اس وقت 1413 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔تربیلا ڈیم کی کل پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1550 فٹ ہے جبکہ اس کا ڈیڈ لیول 1402 فٹ ہے، ڈیم میں لگے 17 پیداواری یونٹس مجموعی طور پر 4888 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
11
سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کے تن پر خود کپڑا نہیں، انہوں نے عوام کو ریلیف کیا دینا ہے، یہاں نہ کوئی پوچھنے والا ہے اور نہ بتانے والا ہے۔ نوازشریف لندن جانے کیلئے وزیراعظم کا جہاز ایسے استعمال کررہے ہیں جیسے کوئی ٹیکسی ہے، سپیکر اورسینیٹ چیئرمین نے اپنی تنخواہوں بڑھا لی ہیں۔کبھی سنا ہے صوبے کی وزیراعلیٰ کو ایئر فورس کا جہاز مل جائے اور وہ بھی اس لیے کہ وزیراعلیٰ نے علاج کے لیے جنیوا جانا ہے، یہ لوگ اپنے ذاتی کاموں کے لیے خرچہ کر رہے ہیں فیصل آباد میں جس طرح سے ٹرائل چلایا جا رہا ہے، اس سے بہتر ہے آپ ٹرائل ملٹری کورٹس میں بھجوا دیں، ہائیکورٹ میں میری درخواست زیر التوا ہے، کبھی بھی پہلے ایسے مقدمات میں ٹرائل نہیں کیا گیا، اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی کے وکلاء اور فیملی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ عدالتیں اوپن نہیں ہیں، بدترین مارشل لا کے اندر بھی ایسے ٹرائل نہیں ہوئے، ایسے ٹرائل پندرہویں ، سولہویں صدر میں بادشادہ اپنے مخالفین پر کیا کرتے تھے، لوگ تین، تین سال سے جیلوں میں ہیں کوئی پرسان حال نہیں۔ بہت ہی دکھ کی بات ہے، پاکستان کا عدالتی نظام بیٹھ گیا ہے، ہم اندھیرے میں چل رہے ہیں، دیکھتے ہیں یہ اندھیرا کتنی دیر قائم رہتا ہے، ہم چاہتے ہیں پاکستان کی سیاست میں ٹھہراؤ آئے، اپوزیشن کا الائنس بنا کر بات چیت کا آغاز کرنا چاہیے۔اے ٹی سی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو
12
حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ امن کی بنیاد صرف انصاف پر ہو سکتی ہے، طاقت پر نہیں۔آج کی دنیا انصاف اور امن کی بات تو کرتی ہے، مگر جب غزہ، کشمیر یا فلسطین میں معصوموں پر بم برسائے گئے تو انسانیت کیوں خاموش رہی؟ آج اسرائیلی عوام انصاف مانگ رہی ہے تو کیا وہ چیخیں کسی کو یاد ہیں جو فلسطینی بچوں کی نعشوں سے بلند ہوئیں؟ کیا وہ مائیں یاد ہیں، جو اپنے بچوں کی نعشیں گود میں اٹھا کر رو رہی تھیں؟ جب انصاف کا ترازو جھک جائے، تو امن صرف ایک دھوکہ رہ جاتا ہے، اب وقت ہے کہ ہم صرف دیکھنے والے نہ رہیں بلکہ حق، سچ اور انسانیت کے ساتھ کھڑے ہوں۔خون کا رنگ سب کا ایک جیسا ہوتا ہے چاہے وہ کسی فلسطینی کا ہو یا کسی اسرائیلی کا، جب غزہ جل رہا تھا دنیا خاموش کیوں تھی، مظلوم کی چیخیں قوم اور مذہب نہیں دیکھتیں، صرف انصاف مانگتی ہیں، ہر ماں کا دکھ ایک جیسا، ہر آنکھ کا آنسو ایک جیسا ہوتا ہے۔
13
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پولی گرافک اور فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ سے متعلق پراسیکیوشن کی درخواست پر تین صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔عدالت نے قرار دیا کہ بانی پی ٹی آئی کو اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے مکمل اور منصفانہ مواقع دیئے گئے تاہم ان کی ضد اور مسلسل انکار کے باعث کوئی نتیجہ حاصل نہ ہو سکا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ ایک عام ملزم کو ایسے ٹیسٹ سے انکار کا موقع نہیں دیا جاتا جبکہ موجودہ ملزم (بانی پی ٹی آئی) نے نہ صرف ٹیسٹ کروانے سے انکار کیا بلکہ تفتیشی ٹیم سے ملاقات سے بھی گریز کیا، عدالت نے اظہار تعجب کیا کہ ایسی صورتحال میں تفتیش مکمل کیسے کی جا سکتی ہے؟فیصلے میں کہا گیا کہ عدالت کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ان ٹیسٹوں سے انکار کر کے ٹرائل سے بچنے کی کوشش کر رہے ہیں، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو ٹیسٹ کروانے کے لیے دو مواقع فراہم کیے تھے لیکن دونوں مرتبہ انہوں نے انکار کیا، اس بنیاد پر عدالت نے واضح کیا ہے کہ اب انہیں تیسرا موقع نہیں دیا جائے گا کیونکہ عدالت کو اس حوالے سے کوئی مثبت نتیجہ نکلنے کی امید نہیں ہے۔
14
جنگ نہیں چاہتے، پانی روکا گیا تو کوئی دوسرا آپشن نہیں ہوگا۔بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے فیصلے کو واپس لینا پڑے گا، بھارت کی پاکستان کا پانی روکنے کی دھمکی یو این چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔پانی روکنا ہمارے وجود کو خطرے میں ڈالنا ہے، پانی ہماری بقا ہے، اپنے حق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہو سکتے، پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کا ہاتھ ہے۔پاکستانی پارلیمانی وفد کے سربراہ بلاول بھٹو کی جرمن نشریاتی ادارے کو انٹرویو کے دوران گفتگو
15
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 8 فروری کو ہونے والی پرتشدد ریلی اور ریاست مخالف نعرے بازی کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما عالیہ حمزہ، انتظار پنجوتھہ اور فلک ناز بلوچ کی عبوری ضمانتوں کی توثیق کر دی۔لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج عرفان حیدر نے درخواست ضمانتوں پر محفوظ شدہ فیصلہ سنایا، پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے ایڈووکیٹ زبیر خالد عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ ان کے مؤکلین بے قصور ہیں اور انہیں جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا ہے۔سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے درخواست ضمانتوں پر کارروائی ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی تاہم عدالت نے فریقین کے دلائل اور ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد تینوں ملزمان کی عبوری ضمانتوں کو کنفرم کر دیا۔
16
آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کر دیا گیا، ایونٹ کا افتتاحی میچ 30 ستمبر کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔ویمن ون ڈے ورلڈ کپ میں پاک بھارت میچز ہائبرڈ ماڈل کے مطابق رکھے گئے ہیں، پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچز کولمبو میں کھیلے گی، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 5 اکتوبر کو کولمبو میں مد مقابل ہوں گی۔شیڈول کے مطابق 29 اکتوبر کو پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچی تو میچ کولمبو میں ہو گا، ایونٹ کا فائنل پاکستانی ٹیم کی جیت سے مشروط ہے جس کا میچ بنگلورو یا کولمبو میں ہو گا۔ورلڈ کپ ویمنز کے 14 میچز کی میزبانی بنگلورو، اندور، گوہاٹی اور کولمبو کریں گے، پاکستانی ویمنز ٹیم اپنا پہلا میچ بنگلا دیش کے خلاف 2 اکتوبر کو کولمبو میں کھیلے گی۔
17
ٹرمپ انتظامیہ کا مزید 36 ممالک پر سفری پابندی لگانے کا منصوبہ،اسی ماہ ٹرمپ انتظامیہ 12 ممالک کے شہریوں پر امریکا داخلے پر پابندی عائد کر چکی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ایک خفیہ کیبل کے ذریعے بتایا گیا ہے کہ یہ ممکنہ اقدام صدر ٹرمپ کی غیر قانونی امیگریشن کے خلاف مہم کا اگلا مرحلہ ہو گا۔رپورٹ کے مطابق اس نئی پالیسی کے تحت جن ممالک کو پابندیوں کا سامنا ہو سکتا ہے ان میں 25 افریقی ممالک شامل ہیں، جن میں امریکا کے قریبی اتحادی مصر اور جیبوتی بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کیریبین، وسطی ایشیا اور بحرالکاہل کے جزائر بھی ممکنہ طور پر متاثر ہوں گے۔ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے جاری کی گئی یادداشت میں کہا گیا ہے کہ متعدد ممالک کے شہریوں کی بڑی تعداد ایسی ہے جو ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود امریکا میں مقیم ہے جبکہ بعض شہریوں کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ امریکا مخالف سرگرمیوں میں ملوث رہے ہیں۔محکمہ خارجہ کی جانب سے یادداشت، جس پر وزیر خارجہ مارکو روبیو کے دستخط ہیں، میں واضح کیا گیا ہے کہ پابندی کی زد میں آنے والے ممالک کو 60 دن کی مہلت دی گئی ہے تاکہ وہ امریکی شرائط کو پورا کریں اور غیر قانونی امیگریشن پر قابو پائیں۔
18
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت زون میں آغاز،کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے آغاز پر سٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے، 700 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 22 ہزار 903 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔
19
خیبرپختونخوا: ایک سال کے دوران قرضوں میں 43 ارب سے زائد کا اضافہ،محکمہ خزانہ کے مطابق مالی سال کے آغاز پر قرضہ 679 ارب 54 کروڑ روپے تھا، سب سے زیادہ قرضہ ایشیائی ترقیاتی بینک کا ہے جو 323 ارب 63 کروڑ روپے بنتا ہے، آئی ڈی اے سے لیے گئے قرضے 307 ارب روپے ہیں جبکہ باقی دیگر عالمی مالیاتی اداروں سے حاصل کیے گئے۔رواں مالی سال میں حکومت نے 30 ارب 70 کروڑ روپے کا قرضہ واپس کیا، اصل تخمینے کے مطابق 67 ارب روپے کی ادائیگی متوقع تھی جس میں40 ارب روپے اصل زر، 27 ارب روپے مارک اپ شامل تھے۔نظر ثانی شدہ تخمینہ کے مطابق صرف 55 ارب روپے کی ادائیگی ہوئی جس میں 35 ارب روپے اصل زر، 20 ارب روپے مارک اپ شامل ہیں جبکہ اگلے مالی سال کے لیے 65 ارب روپے کی ادائیگی کا منصوبہ ہے جس میں 40 ارب اصل زر اور 25 ارب مارک اپ شامل ہے۔