1
کراچی: ڈی ایچ اے میں زلزلے کے جھٹکے، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 2.5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ زلزلے کا مرکز ڈی ایچ اے کے جنوب مشرق میں 15 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔ گزشتہ روز بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کی شدت 2.6 ریکارڈ کی گئی۔
2
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جاری سفارتی عمل کو اسرائیل نے جارحیت کے ذریعے سبوتاژ کیا ہے، اور اس سلسلے میں امریکہ کو واضح موقف اختیار کرنا چاہیے۔ہم مذاکرات کے عمل میں مصروف تھے کہ اچانک اسرائیلی جارحیت نے ہمیں حیران کر دیا۔ ہمیں یقین نہیں تھا کہ امریکہ کی حمایت سے ایسا حملہ کیا جائے گا۔یہ صیہونی ریاست ہے جس نے سفارتکاری کی راہ میں رکاوٹ ڈالی ہے، اور اب یہ امریکہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ جارحیت کے خلاف دوٹوک موقف اختیار کرے۔ایرانی ترجمان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی حملوں کوغیر قانونی اور ناقابلِ جواز جارحیت قرار دے۔
3
سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر پشاور میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں کی مؤثر کارروائی میں 4 ہندوستانی حمایت یافتہ خوارج مارے گئے، جن میں خارجی حارث اور خارجی بصیر بھی شامل ہیں۔ شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس بیسڈ ایک اور آپریشن کے نتیجے میں مزید ایک خارجی مارا گیا۔آپریشنزکے دوران ہلاک خوارج سے اسلحہ، گولیاں اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا، یہ ہلاک خوارج دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں کسی بھی ممکنہ ہندوستانی سپانسرڈ خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلئیرنس آپریشن بھی کیا گیا، سیکورٹی فورسز ملک سے ہندوستانی سپانسرڈ دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
4
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کی تعمیر میں اہم سنگ میل حاصل کر لیاپاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ یونٹ 5 (سی-5) کی تعمیر میں ایک اہم سنگ میل حاصل کر لیا ہے۔ پاک چین دوستی کا درخشاں باب قرار دیے جانے والے ملک کے اس سب سے بڑے اور جدید ترین نیوکلیئر پاور پلانٹ کا سنگ بنیاد وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے 14 جولائی 2023 کو رکھا تھا- یہ منصوبہ تعمیر کے باقاعدہ مرحلے میں داخل ہو گیا ہے- اس سلسلے میں جنرل منیجر چشمہ نیوکلیئر پاور کمپلیکس انجینئر حبیب الرحمن نے نیوکلیئر پاور کو توانائی کا کاربن فری اور با کفایت ذریعہ قرار دیتے ہوئے ملک کی انرجی سکیورٹی کے حوالے غیر معمولی اہم قرار دیا ہے۔ملک کے سب سے بڑے اور جدید ترین نیوکلیئر پاور پلانٹ سی-5 کے اضافے سے جس کی تکمیل 2030 تک متوقع ہے قومی گرڈ میں مزید 1200 میگاواٹ کاربن فری اور سستی بیس لوڈ بجلی کا اضافہ ہو گا جس سے گرڈ میں جوہری توانائی کا حصہ 4700 میگاواٹ سے زائد ہو جائے گا۔
5
وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال نے دورہ کوئٹہ کے دوران انسدادِ پولیو سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جہاں قومی و صوبائی کوآرڈینیٹرز نے وزیر صحت کو پولیو کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بلوچستان سے رواں سال اب تک پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ وزیراعظم کی قیادت میں پولیو کے خلاف بھرپور اقدامات جاری ہیں اور رہیں گے۔وفاقی و صوبائی حکومتیں پولیو کے خاتمے کے لیے متحد ہیں، ہر قسم کے منفی رجحانات کو مسترد کریں اور بچوں کی ویکسینیشن یقینی بنائیں۔ پولیو کے خلاف پوری قوم کو متحد ہونا ہوگا۔پولیو ورکرز ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ قوم پولیو ورکرز کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے جبکہ علماء، اساتذہ اور بزرگ پولیو مہم میں بھرپور ساتھ دیں۔ پولیو لاعلاج ہے، جبکہ کینسر کا علاج موجود ہے۔
6
وفاقی بجٹ پر اہم سیاسی موڑ؛ پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی کو بڑی پیشکش کردی۔پاکستان تحریک انصاف نے مالی سال 2025-26 کے وفاقی بجٹ کی منظوری روکنے کی حکمت عملی کے تحت پیپلز پارٹی کو بجٹ ووٹنگ میں حصہ نہ لینے کی باضابطہ پیشکش کر دی ہے۔اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اسد قیصر نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجا پرویز اشرف سے اہم ملاقات کی، جس میں اپوزیشن کی ممکنہ مشترکہ حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر راجا پرویز اشرف نے اسد قیصر کو یقین دہانی کرائی کہ وہ پی ٹی آئی کی اس پیشکش کو پارٹی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بلاول بھٹو آج پارلیمنٹ آ رہے ہیں اور ان سے اس معاملے پر مشاورت کی جائے گی۔
7
راولپنڈی؛ گھر کے باہر بیٹھے نوجوانوں پر پولیس اہلکاروں کا تشدد، راولپنڈی کے تھانہ بنی کے علاقے میں تھانہ وارث خان پولیس اہلکاروں کی پولیسں گردی، پولیس وردیوں اور سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں نے گھر و دفتر کے باہر بیٹھے نوجوانوں پر دھاوا بول دیا۔سادہ کپڑوں میں ملبوس پولیسں اہلکار نوجوانوں کو کچھ کہہ کر اٹھاتا ہے اور کرسیوں کو اٹھا کر پھینکنا شروع کر دیتا ہے، دیگر موٹر سائیکلوں پر باوردی پولیس اہلکار بھی پہنچتے ہیں اور نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بناتے اور دھکے دیتے ہیں۔فوٹیج میں باوردی پولیس اہلکاروں کو بڑھ بڑھ کر نوجوان کو تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ پولیس اہلکار ایک نوجوان کو دھکا دیکر پیچھے دھکیلتے اور ایک نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنا کر اٹھا کر موٹر سائیکل پر بٹھانے کی کوشش کی جاتی ہے، نوجوان کو زبردستی موٹر سائیکل پر بٹھایا جاتا ہے جس پر باوردی پولیس اہلکار دوبارہ اسکو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔سنگین صورتحال پر نوجوانوں کے لواحقین تھانہ وارث خان پہنچے تو پولیس نے اس قسم کے واقع اور نوجوان کو تھانے لانے سے ہی انکار کر دیا۔ اہلیان علاقہ بڑی تعداد میں تھانے جمع ہوئے اور سی سی ٹی وی موجود ہونے کا بتایا تو پولیس عملہ گھبرا گیا۔جس گھر پر پولیس گردی کی گئی وہاں کے رہائشی راجا طلحہٰ نے پولیس کو پولیس عملے کے خلاف درخواست دی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تو معاملہ سلجھانے کے لیے پولیس نے شہری کو چھوڑ کر منت سماجت شروع کر دی۔راجا طلحہٰ نے کہا کہ ہمیں نہ کچھ بتایا گیا اور نہ کوئی شکایت تھی، سخت زیادتی کی گئی لہٰذا سی پی او راولپنڈی انصاف دیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایس پی راول محمد حسیب انکوائری کر رہے ہیں۔