دنیا نیوز ہیڈلائنز 6بجے
1
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر سے آج رات 10بجے اہم ملاقات ہوگی۔ باوثوق ذرائع کے مطاب فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ڈونلڈ ٹرمپ کی ملاقات آج امریکا میں ایسٹرن وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے یعنی پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کے قریب ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے، ان کا یہ تاریخی دورہ پاک امریکہ تعلقات اور عالمی سطح پر پاکستان کی عسکری قیادت کی پہچان کی عکاسی کا مظہر ہے،یہ ملاقات علاقائی اور عالمی استحکام میں کلیدی شراکت دار کے طور پر پاکستان کی عسکری قیادت پر بڑھتے ہوئے اعتماد اور اہمیت کی نشاندہی کرتی ہے۔علاوہ ازیں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو کسی بھی بھارتی وفد سے پہلے وائٹ ہاؤس میں مدعو کرنا امریکی خارجہ پالیسی میں پاکستان کی سٹریٹجک ترجیح کا واضح اشارہ ہے، باوثوق ذرائع نے مزید بتایا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا دورہ امریکا اور صدر ٹرمپ سے ملاقات پاکستان کا جنوبی ایشیا میں کردار واضح کرتا ہے۔
2
امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا ہے کہ بہت ہوگیا، امریکا کو ایران کے خلاف نیتن یاہو کی غیرقانونی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ مشرقی وسطیٰ میں جنگ میں شرکت امریکا کی بڑی اور مہلک غلطی ہوگی، جنگ میں شامل ہونے کے بجائے امریکی صدر کو عالمی برادری کے ساتھ مل کر اسرائیل کو جارحیت سے روکنا ہوگا۔ اسرائیل نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی واضح خلاف ورزی کرکے ایران پر حملہ کردیا۔ اسرائیل کا حملہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کی سفارتی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا مترادف تھا۔ ہمارے انٹیلجنس نے کبھی یہ اشارہ نہیں دیا کہ ایران نے ایٹم بم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ایران میں موجودہ حکومت 1953 میں مغربی حکومتوں کے ایما پر ہونے والی بغاوت کے نتیجے میں سامنے آئی جب ایک منتخب حکومت کو گھر بھیج کر مطلق العنان بادشاہت کو موقع دیا گیا۔
3
اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت ایک لاکھ 40 ہزار گھر تکمیل کے قریب ہیں۔وزیرہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مالی سال 26-2025 کا تاریخی بجٹ پیش کیا گیا، وزیراعلیٰ ایک ایک روپے کو عوام کی امانت سمجھتی ہیں، مریم نواز خود کو عوام کے سامنے جوابدہ سمجھتی ہیں، وزیراعلیٰ کے نزدیک جزا اور سزا بہت اہمیت رکھتی ہے۔ ایک سال کے دوران 40 ہزار گھر بنائے گئے، جن لوگوں نے 50 لاکھ گھر بنانے تھے وہ 50 گھر بھی نہیں بنا سکے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے بجٹ میں صرف عوامی فلاح کو ترجیح دی ہے، جلاؤ گھیراؤ یا احتجاج کیلئے کوئی رقم مختص نہیں کی گئی۔ اہم محکموں کی فنڈنگ میں 3 سے 300 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے اور ہزاروں طلبہ کو لیپ ٹاپس فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان نسل کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا سکے، وزیراعلیٰ کی سیاست میں جوابدہی کا عنصر نمایاں ہے اور وہ عوام کے ہر پیسے کو امانت سمجھتی ہیں۔پنجاب کا ٹیکس فری بجٹ دیا گیا، نئے مالی سال کے بجٹ میں پنجاب کے عوام کیلئے خوشخبریاں ہیں، عام لوگوں کی زندگی کو آسان بنایا جا رہا ہے، اپنی چھت اپنا گھر سکیم کے تحت 50 ہزار گھروں کی تعمیر کا ہدف رواں ماہ مکمل ہو جائے گا۔ وزیرہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین
4
نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سی آر بی سی کینال چھوٹی پل گاؤں کیچ میں پیش آیا، جاں بحق ہونیوالوں کی شناخت شوکت وزیر اور عمر لیاز وزیر کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔
5
پنجاب میں بلدیاتی الیکشن سے متعلق اچھی خبرسامنے آئی ہے۔ذرائع پنجاب حکومت نے بلدیاتی الیکشن کےلئے رقم مختص کردی، بلدیاتی الیکشن 26-2025 میں ہونے کا امکان ہے، پنجاب حکومت بلدیاتی الیکشن سے متعلق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 5 ارب روپے مختص کر دیے گئے۔ جولائی تک بلدیات سے متعلق قانون سازی کا عمل میں مکمل کر لیا جائے گا، ہم چاہتے ہیں جتنی جلدی ہوسکے بلدیاتی الیکشن ہوں۔وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق
6
ایران کبھی سرنڈر نہیں کرے گا: ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای کا انتباہ،خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے سرکاری ٹی وی پر قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ امریکا کی کسی بھی فوجی کارروائی کے سنگین اور ناقابل تلافی نتائج ہوں گے،ہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کی اپیل کو قبول نہیں کریں گے۔یہ خامنہ ای کا جمعہ کے بعد پہلا باضابطہ ردعمل ہے، جب اسرائیل نے ایران پر بمباری شروع کی تھی اور انہوں نے سرکاری میڈیا پر نشر کی گئی ایک تقریر میں خطاب کیا تھاامن یا جنگ ایران پر مسلط نہیں کی جا سکتی‘، دانشمند لوگ جو ایران، ایرانی قوم اور اس کی تاریخ کو جانتے ہیں، وہ اس قوم سے دھمکی آمیز زبان میں کبھی بات نہیں کریں گے، کیوں کہ ایرانی قوم ہتھیار نہیں ڈالے گی، دشمن مسلم ممالک میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کررہاہے۔اسرائیل نے ایران پر حملہ کرکے سنگین غلطی کی ہے جس کی اسے سزا ملے گی۔
7
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ مزید کم ہوگئے۔بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 20 ڈالر کمی کیساتھ 3378 ڈالر ہوگئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار 245 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 925 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔قیمتوں میں کمی کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 3 لاکھ 59 ہزار 55 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 3 لاکھ 7 ہزار 831 روپے ہوگئی۔