1
اسرائیلی وزیر دفاع کا صیہونی فوج کو تہران پر حملے بڑھانے کا حکم،اسرائیلی وزیردفاع نے اپنے بیان میں کہاحملے ایرانی حکومت کو غیرمستحکم کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں اسرائیل کو ایران کے تمام حکومتی اداروں پر حملہ کرنا چاہیے۔اسرائیلی میڈیا کی جانب سےدعوی کیاگیا ہےکہ تہران پر آج ہونے والے حملے میں ایک اور ایٹمی سائنسدان مارا گیا،ایرانی وزارت صحت نے کہا ہےکہ اسرائیلی فوج نے تہران میں ایک اسپتال پر راکٹ حملہ کیا ہے۔
2
ٹانک میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر راکٹ حملہ،پولیس کے مطابق ٹانک میں صابر شاہ بابا زیارت کے قریب لقمان چیک پوسٹ پر نامعلوم دہشت گردوں نے راکٹ حملہ کیا، جس سے عمارت کو نقصان پہنچا تاہم جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، بھاری نفری نے پہنچ کر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔
3
ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دو ہزار چارجنگ اسٹیشنز قائم کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں الیکٹرک بسوں کیلئے2000 چارجنگ اسٹیشنز بنانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پرصوبہ بھرمیں ابتدائی طورپر 6 سو الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اخترزمان کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنرزکا ویڈیو لنک کےذریعے اجلاس ہوا،اجلاس میں چیف سیکرٹری نےتمام ڈپٹی کمشنرزکوچارجنگ اسٹیشنزاوربس ڈپو کیلئےموزوں جگہ کی نشاندہی کی ہدایت کردی گئی۔
4
حکومت کا 5 لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ،وزارت غذائی تحفظ نے واضح کیا ہے کہ ملک میں چینی کی قلت کا تاثر غلط ہے۔حکام کے مطابق چینی کی درآمد کا فیصلہ قیمتوں میں استحکام اور عوامی سہولت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ اضافی اسٹاک کی موجودگی قیمتوں میں توازن قائم رکھنے میں مدد دے گی۔وزارت غذائی تحفظ کے مطابق گزشتہ سیزن میں چینی کے وافر ذخائر کے باعث اس کی برآمد کی اجازت دی گئی تھی۔ وزارت نے عوامی ضروریات کے مطابق چینی کی دستیابی سے متعلق خدشات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔وزارت غذائی تحفظ نے واضح کیا ہے کہ زرعی اجناس کی خرید و فروخت مالی سال کے مطابق نہیں بکلہ سیزن کے مطابق ہوتی ہے۔ میڈیا میں زرعی منڈی کے حوالے سے بعض رپورٹس کو وزارت نے غلط اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
5
کروڑوں روپے کے ویزا فراڈ میں ملوث ملزم اسلام آباد سے گرفتار،ایف آئی اے نے کروڑوں روپے کے ویزا فراڈ میں ملوث ملزم کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا، ملزم بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لوگوں سے بھاری رقوم ہتھیا چکا ہے۔ایف آئی اے اسلام آباد زون نے کروڑوں روپے کے ویزا فراڈ میں ملوث ایجنٹ عرفان نذیر کو چھاپہ مار کارروائی میں گرفتار کرلیا۔ایف آئی اے ٹیم نے فراڈ کی شکایت ملنے کے بعد کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا، جس سے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔
6
نجکاری کمیشن ایک بار پھر قومی ایئرلائن کیلئے کسی غیر ملکی سرمایہ کار گروپ کی دلچسپی حاصل کرنے میں ناکام ہوگیا، ملک کا بڑا کاروباری گروپ بھی نجکاری کے اگلے مرحلے سے آؤٹ ہوگیا۔پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن کی نجکاری میں غیر ملکی سرمایہ کار گروپس نے عدم دلچسپی کا اظہار کردیا۔ پاکستان کا بڑا کاروباری گروپ اے کے ڈی بھی نجکاری سے آؤٹ ہوگیا۔رپورٹ کے مطابق آٹھ کنسورشیم درخواستوں میں سے 3 گروپس شارٹ لسٹنگ کے دوران باہر ہوئے، جن میں اے کے ڈی گروپ، سردار اشرف ڈی بلوچ کمپنی اور رفیق انجینئرنگ کمپنی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق نجکاری کمیشن نے پی آئی اے ملازمین کی ایئرلائن خریداری کی درخواست بھی مسترد کردی۔
7
پی ٹی اے کا تمام صارفین کو مفت 2 جی بی انٹرنیٹ اور 200 منٹ دینے کا اعلان،صارفین کو 24 گھنٹے کیلئے مفت انٹرنیٹ اور آن نیٹ منٹس فراہم کیے جائیں گے ، خواتین سم مالکان میں 200 اسمارٹ فونز تقسیم کیے جائیں گے، منتخب یونیورسٹیز میں 6 ماہ کیلئے مفت وائی فائی ہاٹ اسپاٹ قائم کیے جائیں گے۔شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے میرٹ پر طلباء میں 12 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیےہیں، پاکستان میں خواتین کی موبائل فون، انٹرنیٹ تک رسائی میں اضافہ ہوا ہے، ہم نے پاکستان میں کیش لیس اکانومی کو یقینی بنانا ہے، ہر شخص کی انٹرنیٹ تک رسائی ایک بنیادی ضرورت ہے، تعلیم ، صحت،روزگاز،کاروبارکیلئےموبائل فون،انٹرنیٹ انتہائی ضروری ہے۔