1
ایران نے جنگ کے نویں روز میزائل حملوں کی اٹھارہویں لہر چلا دی جس سے اسرائیل پھر لرز اٹھا، ایران نے آج صبح میزائلوں سے اسرائیل کی اہم فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا جن میں اسرائیلی فوجی مراکز، فضائی اڈے، دفاعی صنعتیں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز شامل ہیں۔ اسرائیلی وزیر دفاع نے دعویٰ کیا کہ کہ ایران پر حملوں میں قدس فورس کے سربراہ سعید یزد مارے گئے ہیں، کاٹز کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے ایران میں ایک اپارٹمنٹ پر حملہ کیا جس میں قدس فورس کے سربراہ مارے گئے۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہےکہ ایران نے قدس فورس کے سربراہ کے حوالے سے کوئی تصدیق نہیں کی ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے اصفہان میں نیوکلیئر سائٹ کونشانہ بنایا تاہم اسرائیلی حملے کے نتیجے میں کسی خطرناک مواد کاکوئی اخراج نہیں ہورہا۔ایرانی میڈیا کے مطابق نیوکلیئر سائٹ کو ہونے والے نقصانات سے متعلق ابھی تک کوئی معلومات سامنے نہیں آئی ہیں۔اسرائیلی ایمبولینس سروس نے تصدیق کی کہ اب تک 27 افراد زخمی ہو چکے ہیں، جن میں سے 3 کی حالت تشویش ناک ہے۔
2
ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بند کرانے پرنوبل پرائز مانگ لیاامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روانڈا، کانگو، سربیا ، کوسوو کیلئے بھی نوبل پرائز دو، نوبل پرائز صرف لبرلز کو ملتا ہے، یہ لوگ مجھے نوبل انعام نہیں دیں گے۔ ایران سے بات کریں گے، دیکھتے ہیں کیا نتیجہ نکلتا ہے، مذاکرات سے پہلے سیز فائر چاہتا ہوں، رکنا بہت مشکل ہوگا، اسرائیل ٹھیک جا رہا ہے، ایران کم اچھا جا رہا ہے، ایران پر حملے کیلئے زیادہ سے زیادہ 2 ہفتے لوں گا۔ اسرائیل سے فضائی حملے روکنے کا کہنا مشکل ہے، اسرائیل کے پاس اتنی صلاحیت نہیں کہ وہ ایران کی جوہری صلاحیت ختم کر سکے۔ امریکی اثاثوں پرحملہ ہوا تو حملہ کرنے والوں کو بہت دکھ ہوگا، ایران میں زمینی فوج اتارنا آخری حل ہوگا۔
3
بھارت سے جنگ بندی: پاکستان کی ٹرمپ کو امن کا نوبل انعام دینے کی سفارش،ایکس پر اپنے بیان میں حکومت پاکستان کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی برادری نے حال ہی میں بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف بلااشتعال جارحیت کا مشاہدہ کیا جو پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی سنگین خلاف ورزی تھی اور جس کے نتییجے میں خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت معصوم جانوں کا نقصان ہوا۔حکومت پاکستان کے اعلامیہ کے مطابق خطے میں جنگ کے دوران صدر ٹرمپ نے دور اندیشی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام آباد اور نئی دہلی سے مؤثر رابطہ قائم کر کے کشیدگی کو کم کیا اور 10 مئی 2025 کو جنگ بندی کروا کر جنوبی ایشیا کو دو جوہری طاقتوں کے درمیان ایک ممکنہ بڑے تصادم سے بچا لیا، یہ جنگ بندی ان کے امن قائم کرنے میں کردار اور بات چیت کے ذریعے مسائل حل کرنے کا ثبوت ہے۔
4
پاکستان کا یو این سلامتی کونسل سے اسرائیلی جارحیت رکوانے کا مطالبہ،اقوام متحدہ میں پاکستان کے مندوب عاصم افتخار نے اسرائیل ایران جنگ پر سلامتی کونسل کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ سکیورٹی کونسل ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت اور غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتا ہے ، اسرائیل اور ایران تنازع کا پُرامن حل چاہتے ہیں، اسرائیلی جارحیت سے خطے کے امن کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ سکیورٹی کونسل ایران اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر کے لیے اپنا کردار ادا کرے، سفارت کاری کو ایک موقع اور دیا جائے ، فریقین فوری بات چیت کی طرف آئیں ، صورت حال قابو سے باہر ہونے سے پہلے امن کے قیام کو یقینی بنایا جائے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب
5
ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایک بار جارحیت بند ہو جائے تو اس کے بعد ایران ایک بار پھر مسئلے کے حل کے لیے سفارتکاری کو موقع دینے کے لیے تیار ہے۔جارحیت کرنے والے کا سنگین جرائم کا ارتکاب کرنے پر احتساب ہونا چاہئے، ایران کا جوہری پروگرام پُرامن مقاصد کے لیے ہے اور اس پر حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔عباس عراقچی نے صحافیوں کو بتایا کہ ایران اپنے دفاع کے جائز حق کا استعمال کرتا رہے گا، میں یہ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں پر مذاکرات نہیں ہوں گے۔اس سے قبل ملاقات میں شریک فرانس کے وزیرِ خارجہ ژان نوئل بارو نے میڈیا کو بتایا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ عسکری طور پر ایران کے جوہری مسئلے کا کوئی دیرپا حل نکل سکتا ہے۔ ہمیں امید ہے کہ ایران بشمول امریکہ سب کے ساتھ مذاکرات پر راضی ہوگا تاکہ بات چیت کے ذریعے کسی معاہدے پر پہنچا جائے۔جرمنی کے وزیرِ خارجہ جوہان وڈیفول نے بھی کہا کہ ان کا مقصد ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کو مزید بڑھنے سے روکا جائے اور مذاکرات میں پیش رفت ہو سکے۔یورپی کمیشن کی نائب صدر کاجا کلاس کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کسی کے لیے بھی فائدے مند نہیں اور اسی لیے ہمیں گفتگو جاری رکھنے کی ضرورت ہے۔
6
دفتر خارجہ نے بھارتی میڈیا کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے کہ پاکستان نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران جنگ بندی کی درخواست کی تھی۔ گزشتہ شب بھارتی میڈیا کی جانب سے کیے جانے والے دعوؤں کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہیں کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے بعد جنگ بندی کی درخواست کی۔ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اپنے انٹرویوز اور بیانات میں واضح کیا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جو ہمارے حقِ دفاع کا حصہ تھا۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید وضاحت کی کہ جنگ بندی کے عمل میں دوست ممالک خاص طور پر سعودی عرب اور امریکا نے کلیدی کردار ادا کیا، واقعات کی ترتیب واضح طور پر ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان نے نہ تو خود جنگ بندی کی پیشکش کی اور نہ کسی تیسرے فریق سے ایسا کرنے کو کہا، بلکہ 10 مئی 2025 کو صبح 8 بج کر 15 منٹ پر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار سے رابطہ کر کے اطلاع دی کہ بھارت جنگ بندی پر آمادہ ہے، بشرطیکہ پاکستان بھی تیار ہو۔ڈپٹی وزیراعظم نے پاکستان کی طرف سے اس پیشکش کو قبول کرنے کی تصدیق کی، بعد ازاں، صبح 9 بجے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بھی اسحاق ڈار سے رابطہ کیا اور بھارتی آمادگی کی بابت اسی نوعیت کی تصدیق اور جواب طلب کیا جیسا کہ امریکی وزیر خارجہ نے کیا تھا۔
7
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شہید بی بی کا وژن آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، اس سے رہنمائی لے کر جمہوریت مضبوط کریں گے۔سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر جاری پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے ان کی قومی خدمات اور عظیم قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت، انسانی وقار اور خواتین کے حقوق کے لیے جو ناقابل فراموش جدوجہد کی وہ آج بھی تاریخ کا روشن باب ہے۔محترمہ بینظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف جرأت اور استقامت کے ساتھ مزاحمت کی اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے چلنے والی تحریکوں کی قیادت کی، وہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی تھیں، ان کا وژن، قربانیاں اور عوام سے گہری وابستگی پاکستان پیپلز پارٹی کی اجتماعی میراث ہیں۔شہید بی بی ہمیشہ خواتین کی سماجی اور معاشی خودمختاری کی علمبردار رہیں، وہ پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی آواز بن کر ابھریں اور ایک پرامن، خوشحال اور جمہوری پاکستان کی خواہاں تھیں، ان کی اصولی سیاست آج بھی ایک منصفانہ اور جمہوری معاشرے کے قیام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن سے رہنمائی لیتے ہوئے نہ صرف جمہوریت کو مستحکم کریں گے بلکہ ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنائیں گے۔
8
پنجاب بھر میں یکم تا دس محرم الحرام دفعہ 144 نافذ ہوگی۔محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس میں کوئی نئی اختراع نہیں ہو گی، مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیار اور آتش گیر مواد کی نمائش پر پابندی عائد ہے، عوامی جذبات، عقیدوں اور فرقوں کو بھڑکانے والے اشتعال انگیز نعروں اور اشاروں پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق کسی بھی ذرائع یا ڈیوائس سے فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو ہوا دینے والے بیانات اور تبصروں پر دفعہ 144 نافذ ہے، جلوس کے راستوں پر واقع مکانات یا دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچوں کی تعمیر پر پابندی ہے، جلوس کے راستوں میں موجود عمارتوں کی چھتوں پر پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا کچرا جمع کرنے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
9
رہنما پی ٹی آئی رؤف حسن نے کہا کہ جیل مینوئل کے مطابق بانی سےملاقات نہیں کرائی جارہی۔ عدالتی احکامات کے باوجود بانی سے ملاقات کیوں نہیں کرائی جاتی، بانی کے وکلا کو بھی ملاقات نہ ہونے سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔ بانی کی ہدایت کےمطابق ہی پارٹی آگے بڑھتی ہے، بجٹ کے حوالے سے بانی کی ہدایات بہت ضروری ہیں، وفاقی حکومت آج ملاقات کرا دے تو خیبرپختونخوا میں بھی بجٹ پاس ہو جائےگا۔ تحریک انصاف نے فیلڈ مارشل کی ملاقات سے متعلق کوئی سوال نہیں اٹھائے، جو بھی قدم ملک اور قوم کے مفاد میں ہوگا ساتھ دیں گے، فیلڈ مارشل کی ملاقات کے مثبت نتائج نکلتے ہیں تو ہم سپورٹ کریں گے۔
10
سینیٹ کا اجلاس 21 جون کو دوپہر 12:30 بجے طلب کرلیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ نے چار نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا، اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوگا سینیٹر سلیم مانڈوی والا فنانس بل 2025 پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کریں گے۔دوسری جانب آرٹیکل 73 کے تحت سینیٹ فنانس بل 2025 پر قومی اسمبلی کو سفارشات دے سکتی ہے جب کہ اجلاس کے دوران فنانس بل 2025 پر سفارشات کی منظوری کی قرارداد پیش ہوگی۔
11
ایران کی عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے سربراہ کے خلاف اقوام متحدہ میں شکایت درج، ایران کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سیکیورٹی کونسل کے صدر کو گروسی کیخلاف شکایت درج کرائی گئی۔ایرانی مندوب نے ایران کے نیوکلیئر پروگرام سے متعلق مؤقف پر گروسی کی خاموشی پر اعتراض اٹھایا کہ آئی اے ای اے کے سربراہ نے ایرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی مذمت نہیں کی۔ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ نے بھی گروسی کیخلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا، انہوں نے کہا کہ ایرانی نیوکلیئر تنصیب اراک پر حملے کا عالمی ادارے نے مؤثر ردعمل نہیں دیا ہے۔ایرانی مندوب امیر سعید ایروانی نے سلامتی کونسل کو رافیل گروسی کے خلاف خط لکھا ہے جس میں رافیل گروسی پر جانبداری کا بھی الزام عائد کیا گیا۔قبل ازیں سربراہ عالمی جوہری توانائی ایجنسی گروسی نے کہا کہ ایجنسی صورتحال کا قریبی جائزہ لے رہی ہے، انسپکٹرز ایران میں موجود ہیں، جب ممکن ہوا نیوکلیئر تنصیبات کا دورہ کریں گے۔
12
برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ کا تہران سے سفارتی عملہ واپس بلانے کا فیصلہ،سوئٹزرلینڈ نے بھی تہران میں اپناسفارتخانہ عارضی طور پربندکرنےکا اعلان کردیا جب کہ برطانیہ نے بھی ایران سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلالیا ہے۔جرمنی نے اسرائیل سے 64 شہریوں کو نکال لیا، اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات نے بھی ایران سے اپنے شہریوں کا انخلا مکمل کر نے کا اعلان کیا ہے۔
13
صوابی: موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے 2 اہلکار شہید کر دیئے۔پولیس حکام کے مطابق دونوں پولیس اہلکار ہوٹل میں کھانا کھا رہے تھے، نامعلوم افراد نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے دونوں اہلکار موقع پر شہید ہوگئے، شہید اہلکاروں میں زاہد اور جمال الدین شامل ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام موقع پر پہنچ گئے، نامعلوم ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے، پولیس نے ملزموں کو پکڑنے کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدیں۔
14
شیرا کوٹ میں مبینہ پولیس مقابلہ، خطرناک ڈکیت گینگ کا سرغنہ مارا گیا۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ سی سی ڈی اے وی ایل ایس اقبال ٹاؤن کا خطرناک ڈکیت گینگ کے خلاف آپریشن جاری رہا، پولیس مقابلے کے دوران ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت علی رضا کے نام سے ہوئی، ملزم پولیس کو لاہور سمیت پنجاب بھر میں وہیکلز چھیننے اور چوری، ڈکیتی، نقب زنی سمیت 80 سے زائد سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔ترجمان پولیس کے مطابق اقبال ٹاؤن پولیس ٹیم نے خفیہ اطلاع پر تھانہ شیراکوٹ کی حدود میں ناکہ لگا رکھا تھا، ملزموں نے پولیس پارٹی کو ناکہ پر دیکھتے ہی فائرنگ شروع کر دی، مقابلے کے دوران ایک ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے موقع پر ہلاک ہو گیا۔
15
شوگر مافیا بے لگام، لاہور میں چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک جا پہنچی۔لاہور شہر میں ہول سیل اور پرچون مارکیٹ میں چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک جا پہنچی جبکہ انتظامی اقدامات کارآمد ثابت نہ ہو سکے۔ذرائع کے مطابق ہول سیل مارکیٹ میں 50 کلو کا چینی کا تھیلا 8800 روپے میں فروخت ہو رہا ہے جو فی کلو قیمت 176 روپے بنتی ہے، شوگر ملز سے چینی 168 سے 169 روپے فی کلو کے نرخ پر فراہم کی جا رہی ہے لیکن یہ کمی صارفین تک نہیں پہنچ رہی۔چند ہفتے قبل تک پرچون مارکیٹ میں چینی 175 روپے فی کلو میں دستیاب تھی تاہم اب قیمت میں 5 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے، اس کے باوجود ضلعی انتظامیہ صرف پرچون دکانوں پر چھاپے مارنے اور ریٹ لسٹ چیک کرنے تک محدود ہے جبکہ اصل مسئلہ ہول سیل مارکیٹ میں قیمتوں کے تعین پر کوئی خاص توجہ نہ دینا ہے۔


