1
بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، علی بخاری، شعیب شاہین بری: شاہ محمود کی ضمانت منظور، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ پر درج مقدمہ کا محفوظ فیصلہ جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے سنا دیا۔عدالت نے بیرسٹر گوہر ، عمر ایوب ، علی بخاری ، شعیب شاہین اور دیگر کو کراچی کمپنی مقدمہ سے بری کر دیا۔پی ٹی آئی رہنما عامرڈوگر، ملک رفیق اور عامر مغل کی بریت درخواستیں بھی منظور کر لی گئیں، عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف26 اپریل2024 کو احتجاج کیا گیا تھا۔احتجاج شعیب شاہین کے دفتر سے کراچی کمپنی تک کیا گیا تھا، قبل ازیں عدالت نے مقدمہ نمبر498 میں بھی بریت درخواستیں منظور کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مقدمات کی سماعت ہوئی، جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد خان نے تھانہ کراچی کمپنی میں درج دو مقدمات کی سماعت کی۔سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، عمر ایوب، علی بخاری، شعیب شاہین اور عامر ڈوگر عدالت میں پیش ہوئے، وکلاءِ صفائی نے تمام رہنماؤں کی جانب سے بریت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کر لیے جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا جو بعدازاں سنا دیا گیا۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی 9 مئی سے متعلق شادمان آتشزدگی کیس میں ضمانت منظور کر لی ہے۔یہ فیصلہ آج کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کی سماعت کے موقع پر جج منظر علی گل نے سنایا۔
2
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اگر اپوزیشن بدتمیزی کرے گی تو بدتمیزی سے جواب ملے گا۔پانچ سال میں پہلی مرتبہ بجٹ پر بات کرنے کا موقع ملا، تعلیم کے لیے 800ارب سے زیادہ رکھے گئے ہیں، ایک سال میں بانوے لاکھ لوگوں نے کلینک ان وہیل سے استفادہ کیا۔ حالیہ دور میں نئے ہسپتال بنے ہیں، مریم نواز نے مافیا گروپ کو ختم کیا جو گھر بیٹھے تنخواہیں لیتے تھے اس کا خاتمہ کیا ہے،انہوں نے کہا تھا وہ سب کی سی ایم ہیں۔ مریم نواز کا ترقیاتی ماڈل یہ ہے کہ مخالفین کی بھی گلیاں بن رہی ہیں، کسی ہونہار طالب علم جس کو سکالر شپ دیا یہ نہیں پوچھا گیا وہ کس جماعت کو سپورٹ کرتے ہیں۔ان سے شہر آباد نہ ہوئے مریم نواز دیہات آباد کر رہی ہیں،انہوں نے سید علی حیدر گیلانی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کارڈ ایک بھائی نے کل یہاں کھیلا، ایک پارٹی جس نے سو دن میں جنوبی پنجاب کا صوبہ بنانا تھا آج وہ بھی ہم سے صوبے کا پوچھتے ہیں۔ ایک وہ جماعت جو ساری زندگی اقتدار کے ایوانوں میں رہے وہ بھی ہمیں جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ہم سے پوچھتے ہیں، جنوبی پنجاب میں تونسہ کے لیے کھچی کینال مظفر گڑھ میں شرمپ فارمنگ شروع کی۔ لیہ میں پہلا میڈیکل کالج بنانا شروع کیا، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسنز بنایا ہے، چار چار میٹنگز ہر ہفتے صرف مہنگائی پر ہوتی ہیں، وزیراعلیٰ اون کرتی ہیں وہ آلو پیاز ٹماٹر کی قیمت کم کرائیں گی۔پنجاب اسمبلی اجلاس میں گفتگو
3
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ 7 اور 10 مئی کو دنیا نے دیکھا پاکستانی تگڑی قوم ہے۔چند سال پہلے ایک اناڑی اس ملک کو دیوالیہ کر گیا تھا،77 سالوں میں پاکستان کے ساتھ ایسا نہیں ہوا جو ایک اناڑی اس ملک کے ساتھ کر گیا۔ہم نے ملک کو سنبھالا، سخت فیصلے کیے، ملک دیوالیہ کرنے کی سازش کو ناکام بنایا، آج پوری دنیا میں پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے چرچے نہیں ہیں، آج پوری دنیا میں اس بات کے چرچے ہیں کہ پاکستان نے دو سال میں ایک معجزہ کر دکھایا ہے۔ایک سیاسی جماعت سوشل میڈیا پہ کہتی تھی کہ پاکستان کا ستیاناس اور بیڑا غرق ہو گیا ہے، ایک سیاسی جماعت کا سوشل میڈیا دن رات پاکستان کے خلاف زہر اُگلتا تھا، پھر آپ نے7 اور 10 مئی کو دیکھا کہ پاکستانی قوم جتنی تگڑی قوم کوئی نہیں ہے۔آپ نے 10 مئی کو دیکھا کہ پاکستانی فوج سے چوکس کوئی فوج نہیں ہے، آپ نے 10 مئی کو دیکھا کہ پاکستان کے سپہ سالار سے زیادہ اہل اور بہادر سپہ سالار تاریخ میں نہیں آیا، سپہ سالار کی قیادت میں افواج پاکستان نے ہندوستان کو دن میں تارے دکھا دیے۔ بھارت کی چیخیں نکل گئیں، اس نے امریکہ سے اپیل کی کہ جنگ بند کراؤ، پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے تاریخی کامیابی دی ، بھارت منہ چھپاتا پھرتا ہے، مودی 30 سال سے پراپیگنڈا کرتا تھا کہ میں اس خطے کا تھانیدار ہوں۔ جب پاکستان کے ساتھ ہتھ پنجہ ہوا تو پتہ چلا یہ تھانے دار تو کیا محرر بھی نہیں ہے، ہماری کامیابی سے متاثر ہو کر ہمارے سپہ سالار کو امریکہ ظہرانے پر بلایا جاتا ہے، اس پر رونا اور چیخنا تو ہندوستان کو چاہیے۔اپنے آبائی حلقے میں ستھرا پنجاب ورکرز میں انعامی چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب
4
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں سے مسلم امہ کے جذبات مجروح ہوئے۔خیبر پختونخوا کے علاقے صوابی میں بار ایسوسی ایشن کی تقریب میں انجینئر امیر مقام نے نئی کابینہ سے حلف لیا اور انہیں مبارکباد دی۔وکلاء برادری نے ہر دور میں آئین، قانون اور جمہوریت کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے، میری تجویز ہے کہ بارایسوسی ایشنز کی صدارت کا دورانیہ کم از کم دو سال ہونا چاہیے تاکہ قیادت کو مؤثر انداز میں کام کا موقع ملے۔موجودہ حکومت نے بروقت فیصلے کرتے ہوئے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا ہے،اب معیشت میں بہتری آ رہی ہے، پاکستان میں اقتصادی استحکام واپس آ رہا ہے اور سرمایہ کاری کے دروازے کھلنے لگے ہیں، وزیراعظم اور ان کی ٹیم دن رات ملک کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے،فلسطین اور کشمیر میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت کرتا ہوں پوری امت مسلمہ کو متحد ہو کر مظلوموں کا ساتھ دینا ہوگا۔خیبر پختونخوا کے علاقے صوابی میں بار ایسوسی ایشن کی تقریب سے خطاب
5
فنانس بل میں سیلز ٹیکس فراڈ میں ملوث افراد کی گرفتاری سے متعلق ترامیم منظور، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی خزانہ نے ترامیم کو نیب قوانین کے مترادف قرار دیدیا۔چیئرمین ایف بی آر کے مطابق ایف بی آر کے پاس ملزمان کو رکھنے کیلئے اپنی حوالات موجود ہے، گرفتاری کے بعد دیگر محکموں کی حوالات بھی استعمال کر سکتے ہیں، ہمارے پاس اب بھی ایک دو ملزمان حوالات میں ہیں۔سید نوید قمر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس ہوا، ٹیکس فراڈ پر گرفتاری کیلئے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی تجویز من و عن تسلیم کر لی گئی۔منظوری کے بعد فنانس بل کے مطابق سیلز ٹیکس فراڈ کی انکوائری خفیہ نہیں ہوگی، سیلز ٹیکس فراڈ میں ملوث اگر انکوائری میں شامل ہوگیا تو گرفتار نہیں ہوگا، سیلز ٹیکس فراڈ کرنے والا بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کرے تو گرفتار ہو گا۔سیلز ٹیکس فراڈ میں ٹیکس کی رقم میں فوجری اور گڑبڑ شامل ہوگی، سیلز ٹیکس میں ٹیمپرنگ کرنا بھی سیلز ٹیکس فراڈ کے زمرے میں شامل ہوگا، ٹیکس انوائس میں فراڈ بھی سیلز ٹیکس فراڈ تصور ہوگا۔