1
خامنہ ای کو مارنے کا منصوبہ بنایا لیکن موقع نہ ملا، اسرائیلی وزیر دفاع کا انکشاف،اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو نشانہ بنانے کا منصوبہ بنایا تھا، لیکن "آپریشنل موقع نہ ملنے” کی وجہ سے حملہ نہ ہو سکا۔اسرائیلی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا کہ خامنہ ای کو اپنے اوپر حملے کا خدشہ تھا، جس کے باعث وہ روپوش ہو گئے اور پاسداران انقلاب کے کمانڈرز سے رابطہ منقطع کر دیا۔اگر ایران نے اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع کیا تو اسرائیل دوبارہ حملہ کر سکتا ہے اور اس کے لیے انہیں امریکا سے گرین سگنل بھی حاصل ہے۔ تاہم ان کے مطابق ایران کے پاس جوہری تنصیبات کی بحالی کی صلاحیت فی الحال نظر نہیں آ رہی۔
2
مالی بحران: پاکستان ٹیم کی پرو ہاکی لیگ میں شرکت غیر یقینی کا شکار،انٹرنیشنل فیڈریشن کی دعوت پر پی ایچ ایف کو 27 جون تک ابتدائی جواب جمع کرانا ہے۔ گرین شرٹس کی شرکت کا حتمی فیصلہ مطلوبہ مالی وسائل کی دستیابی سے مشروط کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کوپرو لیگ میں شرکت کے لیے 50 کروڑ روپے سے زائد رقم درکار ہے جو نہ مل سکی تو پاکستان ایونٹ سے باہر ہو جائے گا، ساتھ پی ایچ ایف کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سخت تادیبی کارروائی، جرمانے اور پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
3
مودی سرکار کی پاکستان دشمن مہم بے نقاب، پہلگام فالس فلیگ اور بے بنیاد گرفتاریاں جاری،پہلگام فالس فلیگ، بے بنیاد گرفتاریاں، جھوٹے الزامات، مودی سرکار کی پاکستان دشمن مہم بے نقاب ہوگئی ہے۔ مودی سرکار کا اندرونی انتشار اور سیکیورٹی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کےلیے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔ٹھوس ثبوت اور شواہد کی عدم موجودگی کے باوجود پاکستان پر الزام تراشی جاری ہے۔ بھارت میں پہلگام فالس فلیگ کی بنیاد پر گرفتاریوں کا سلسلہ تاحال تھم نہ سکا۔ فالس فلیگ آپریشنز اور الزام تراشیاں مودی کا سیاسی ہتھیار بن چکی ہیں۔بے بنیاد الزامات اور بغیر کسی ثبوت کے آئے روز مودی کے زیرِ سرپرستی پولیس کے ہاتھوں نہتے عوام نشانے پر ہیں۔ حالیہ آپریشن سندور میں ہوئی ہزیمت چھپانے کےلیے مودی سرکار کی جانب سے بے گناہ شہریوں کی بلا ثبوت گرفتاریاں کی جارہی ہیں۔25 جون کو بھارتی نیول ہیڈکوارٹرز کے کلرک کو بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے پاکستان کےلیے جاسوسی میں ملوث ہونے پر گرفتار کرلیا گیا۔ بھارتی میڈیا ’’این ڈی ٹی وی‘‘ کے مطابق؛ ’’کلرک وشال یادو کی گرفتاری کے بعد انٹیلیجنس ونگ نے وجوہات ظاہر کرنے سے گریز کیا۔‘‘
4
غزہ میں قیامت: 24 گھنٹوں میں 72 فلسطینی شہید، امداد کے منتظر بھی نشانہ بنے۔رپورٹس کے مطابق شہید ہونے والے فلسطینیوں میں وہ افراد بھی شامل ہیں جو امدادی خوراک حاصل کرنے کے لیے قطاروں میں کھڑے تھے۔محصور غزہ میں اسرائیلی بمباری اور گولہ باری کا سلسلہ مسلسل جاری ہے، جہاں عام شہری خوراک، پانی اور طبی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے بار بار خبردار کیا ہے کہ امدادی قافلوں اور لائنوں پر حملے جنگی جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔
5
وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نے ملاقات کی اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔پاکستان میں تعینات امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے وفاقی دارالحکومت میں وزیر داخلہ محسن نقوی سےاہم ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی اور منشیات کی روک تھام کے حوالے سے اشتراک کار پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر علاقائی صورتحال خصوصاً پاک بھارت تناؤ، مشرق وسطیٰ کے حالات اور حالیہ ایران اسرائیل جنگ بندی کے تناظر میں پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر ایران اسرائیل جنگ بندی کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر معمولی قیادت، مؤثر کردار اور مخلصانہ کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔
6
ترکی کا ایف-35 پروگرام میں دوبارہ شمولیت کا ارادہ، ایردوان کا ٹرمپ سے رابطہ،نیٹو اجلاس سے واپسی پر طیارے میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ایردوان نے کہا کہ اس معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے گفتگو ہوئی ہے اور انہیں مثبت پیش رفت کی امید ہے۔ترک صدر نے کہا، "ہم نے کبھی ایف-35 پروگرام سے دستبرداری اختیار نہیں کی۔ اب ہم دوبارہ شراکت کے لیے امریکی حکام سے بات چیت کر رہے ہیں، اور تکنیکی سطح پر مذاکرات بھی شروع ہو چکے ہیں۔”2020 میں ترکی کو اس پروگرام سے اس وقت خارج کر دیا گیا تھا جب اس نے روس سے ایس-400 فضائی دفاعی نظام خریدا تھا، جس پر امریکا نے پابندیاں عائد کیں۔ ترکی اس فیصلے کو مسلسل "ناانصافی” قرار دیتا رہا ہے اور یا تو پروگرام میں شمولیت یا مالی ازالے کا مطالبہ کرتا رہا ہے۔
7
سیزفائر کے بعد ایران پر امریکی اقتصادی پابندیوں کے خاتمے اور اربوں ڈالر امداد ملنے کا امکان،صدر ٹرمپ نے ہیگ میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ ہم ایران سے ملاقات کرنے جا رہے ہیں، ہوسکتا ہے ہم کوئی معاہدہ بھی کرلیں، کچھ پتہ نہیں اگر کوئی دستاویز مل جائے تو برا نہیں ہوگا۔امریکی میڈیا کے مطابق یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب حال ہی میں امریکی فوج نے ایرانی جوہری تنصیبات پر ایک بڑی کارروائی کی، جسے پینٹاگون نے کامیاب آپریشن قرار دیا۔ اس کے بعد ایران سے سفارتی رابطے تیز ہو چکے ہیں۔امریکی مشرقِ وسطیٰ ایلچی، اسٹیو وٹکاف نے اس ہفتے کہا کہ ایران کے ساتھ ان کے ابتدائی روابط حوصلہ افزا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ہم پرامید ہیں کہ ایک طویل مدتی امن معاہدہ ہو سکتا ہے جو ایران کو دوبارہ عالمی برادری میں جگہ دے۔
8
کسٹم، ان لینڈ ریونیو افسروں کی ترقی کیلیے بورڈ کا اجلاس کل ہوگاذرائع کے مطابق ان لینڈ ریونیو سروس کے 5 اور پاکستان کسٹمز سروس کے 2 افسروں کو گریڈ 22میں ترقی دینے پر غور کیا جائے گا،عدالتی حکم امتناعی کے باعث ایف بی آر افسران کو پچھلے ہائی پاورڈ سلیکشن بورڈ میں ترقی نہیں دی گئی تھی۔
9
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (IAEA) کے ساتھ معاہدے کی معطلی اب ایران پر لازم ہو چکی ہے کیونکہ شوریٰ نگہبان نے پارلیمنٹ سے منظور شدہ بل کی توثیق کر دی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ ایران کا IAEA کے ساتھ تعاون اب ایک نئی شکل اختیار کرے گا اور اس میں بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ایرانی پارلیمنٹ نے حالیہ دنوں ایک بل منظور کیا تھا جس کے تحت IAEA کے ساتھ تعاون کو محدود یا معطل کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ اب شوریٰ نگہبان نے اس بل کو قانونی حیثیت دے دی ہے، جس کے بعد ایرانی حکومت پر اس پر عمل درآمد لازم ہو چکا ہے۔
10
حکومت سندھ کا بڑی تعداد میں ای وی اور ہائبرڈ بسیں لانے کا فیصلہ،سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں ریڈ لائن اور یلو لائن بی آر ٹی کے جاری تعمیری کام کی موجودہ صورتحال اور پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن کو دونوں منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے، یلو لائن منصوبے کے مختلف پیکجز پر بھی تعمیری سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
11
پنجاب بھر میں یکم تا 10 محرم الحرام دفعہ 144 نافذ، ڈبل سواری سمیت کئی پابندیاں،ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، جو یکم محرم الحرام سے 10 محرم الحرام یعنی 27 جون سے 6 جولائی 2025 تک نافذ العمل رہے گی۔محکمہ داخلہ نے دفعہ 144 کے تحت صوبے بھر میں 7مختلف نوعیت کی پابندیاں عائد کی ہیں، جن کا مقصد عوامی تحفظ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو یقینی بنانا ہے۔اس ضمن میں جاری نوٹیفکیشن کے مطابق محرم الحرام کے دوران صرف اجازت یافتہ جلوسوں اور مجالس کی اجازت ہوگی۔ مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر کسی بھی قسم کے ہتھیار، آتش گیر مواد، یا ان کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی۔


