1
ایرانی وزیر خارجہ نے امریکی صدر کے آئندہ ہفتے مذاکرات کے دعوے کی تردید کردی۔ایران کے سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتےہوئے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ٹرمپ کے آئندہ ہفتے ایران سے مذاکرات کے دعوے کو مسترد کردیا۔واضح کردوں نئے مذاکرات شروع کرنے کے لیے کوئی معاہدہ، انتظام یا گفتگو نہیں ہوئی، مذاکرات شروع کرنے کے لیے کوئی منصوبہ طے نہیں کیا گیا ہے۔نیٹو سمٹ کے دوران صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ ایران اسرائیل تنازع اب ختم ہوچکا ہے، اب دونوں تھک چکے ہیں، دونوں جنگ کے خاتمے سے بہت مطمئن ہیں۔ ایرانی جوہری تنصیبات کی تباہی کےجائزے میں صرف اسرائیلی انٹیلی جنس پر انحصار نہیں کر رہے، ایران کے خلاف دباؤ کی پالیسی جاری رکھیں گے۔
2
کراچی سے جدہ جانیوالے طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی، ہنگامی لینڈنگ،ذرائع کے مطابق کراچی سےجدہ جانے والی سعودی ائیرلائن کے طیارے کے ٹیک آف کرنے کے چند منٹ بعد ہی کپتان کو طیارے میں تکنیکی خرابی محسوس ہوئی جس کے بعد طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کروائی گئی۔ذرائع کے مطابق پرواز کے کچھ دیر بعد ہی طیارے کے انجن میں آگ کی وارننگ آئی جس کے بعد ہنگامی لینڈنگ کیلئے اے ٹی سی نے رن وے کو خالی کرواکر طیارے کو لینڈ کرایا۔سعودی ائیرلائن کے طیارے کے معائنے کیلئے انجینئرنگ ٹیم کو طلب کرلیا گیا ہے۔
3
پاکستان ریلویز نے 16 مسافر ٹرینوں سے 30 بوگیاں کم کردیں۔محکمہ ریلویز کے نوٹی فیکشن کے مطابق ریلوے کو مسافر بوگیوں کی کمی کا سامنا ہے جس کی بنا پر ریلوے نے بولان میل سمیت 16 ٹرینوں سے 30 بوگیاں کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ریلوے حکام کے مطابق ان ٹرینوں میں خبیر میل، تیز گام ، ہزارہ ایکسپریس، عوام ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، ملت ایکسپریس، ذکریا ایکسپریس اور فرید ایکسپریس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ قراقرم ایکسپریس، سبک رفتار شاہ حسین ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، اسلام آباد ایکسپریس اور سکھر ایکسپریس بھی ان ٹرینوں میں شامل ہیں جن کی بوگیاں کم کی گئیں۔ محکمہ ریلویز نے کوئٹہ سے ہفتے میں 2 روز کراچی جانے والی بولان میل کو روزانہ کی بنیاد پر چلانے کے بجائے اس کی بھی 3 بوگیاں کم کرکے 12 سے 9 بوگیاں کردی ہیں۔
4
نیتن یاہو پر غزہ جنگ بندی اور مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی ختم کرنے کیلئے دباؤ میں اضافہ،ایران جنگ کے بعد امریکی صدر ٹرمپ، اسرائیلی اپوزیشن اور اسرائیلی عوام کی اکثریت کی طرف سے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو پر غزہ جنگ بندی ، مظلوم فلسطینیوں کی نسل کشی ختم کرنے اور 50 سے زائد اسرائیلی یرغمالیوں کو بازیاب کرانے کے لیے دباؤمیں اضافہ ہورہا ہے۔سیاسی افق پر نیتن یاہو کے خلاف حال ہی میں 7دنوں کے اندر اعتماد کا ووٹ لینے کا کہا گیا۔ ایک موقع پر نیتن یاہو کی دائیں بازو کی حکومت نے بمشکل ایک ووٹ سے اپنی بقا کو یقینی بنایا۔ آخری لمحات میں کٹڑ یہودی جماعتوں کا معاہدہ طے پا گیا، جو اس حکومت کا اہم حصہ ہیں۔ماہرین اور تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ معاہدہ نہ ہوتا، تو نیتن یاہو کو پارلیمان تحلیل اور نئے انتخابات کا اعلان کرنا پڑتا ۔ تاہم اسی دوران اسرائیل نے ایران پر حملے شروع کر دیے، جس سے نہ صرف اسرائیل کی داخلی سیاست بلکہ پورے خطے کی جغرافیائی سیاسی صورتحال میں ہلچل مچ گئی۔
5
وزیراعظم کو امریکی وزیرخارجہ کافون، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال، دونوں رہنماؤں کے درمیان مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیےکے مطابق وزیر اعظم نے پاک بھارت جنگ بندی میں امریکہ کےکلیدی کردار پر مارکو روبیو سے تشکر کا اظہار کیا۔اعلامیےکے مطابق وزیر اعظم اور امریکی وزیر خارجہ نے پاک امریکا تعلقات مزید مضبوط بنانےکے عزم کا اعادہ کیا اور تجارت کے شعبے میں قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
6
غزہ جنگ 2 ہفتوں میں ختم ہورہی ہے، 4 عرب ممالک غزہ کا انتظام سنبھالیں گے، اسرائیلی اخبار کا دعویٰ،اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو غزہ جنگ ختم کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ایران پر امریکی حملے کے بعد پیر کو ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں ٹرمپ اور نیتن یاہو غزہ جنگ بند کرنے پرمتفق ہوئے۔اسرائیلی میڈیا نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ غزہ میں موجود یرغمالیوں کو رہا اور حماس کی قیادت کوجلا وطن کیا جائے گا، جو فلسطینی غزہ چھوڑنا چاہیں گے ان کو دوسری ریاست پہنچایا جائے گا۔
7
دریائے سوات میں ایک ہی خاندان کے 18 افراد ڈوب گئے، 3 افراد ریسکیو، 5 کی لاشیں مل گئیں۔ریسکیو کے مطابق متاثرہ خاندان سیالکوٹ سے سوات سیر کے لیے آیا تھا جو دریا کے کنارے بیٹھا ناشتہ کررہا تھا تاہم اسی دوران بارش کی وجہ سے دریا میں تیز بہاؤ ہوا اور ایک ہی خاندان کے 18 افراد بہہ گئے۔ریسکیو حکام نے بتایا کہ 8 بجے کے قریب ان لوگوں کے ڈوبنے کی اطلاع ملی، بائی پاس پر مہمان آئے ہوئے تھے جو دریا کے کنارے بیٹھے تھے، ان لوگوں کو پانی کے ریلے کا علم نہیں تھا۔ریسکیو حکام کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور 3 افراد کو بچالیا گیا جب کہ 5 کی لاشیں مل گئی، اس کے علاوہ دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔