اسلام آباد ( ای پی آئی)وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی پروفیسر احسن اقبال کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ نہیں بلکہ اعزازی شیلڈدیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

اسلامک ورلڈ ایجوکیشن، سائنٹیفک، کلچرل آرگنائزیشن، آئیسیسکو (ICESCO) نے وضاحت جاری کی ہے کہ پاکستانی میڈیا میں چند روز قبل یہ رپورٹس شائع ہوئی ہیں کہ آئیسیسکو نے مراکومیں وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی ڈاکٹر احسن اقبال کولائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈسے نوازا ہے ۔

آئیسیسکو نے پریس ریلیز کے ذریعے وضاحت کی ہے کہ رپورٹس کے ذریعے آنے والی معلومات درست نہیں ہے کیونکہ آئیسیسکو کے پاس ایسا کوئی ایوارڈ ہی نہیں ہے اور نہ ہی اس ادارے نے ایساکوئی ایوارڈ دیا ہے۔

آئیسیسکو کے مطابق وائس چانسلرز کاچھٹا فورم آئیسیسکو کے ہیڈکوارٹر میں ہوا،جس میں اعلی تعلیم کے فروغ میں ان کی خدمات کے اعتراف میں ایک اعزازی شیلڈ احسن اقبال کودی دی گئی۔
آئیسیسکو نے میڈیا سے کہا ہےکہ اس قسم کی خبروں کی تصدیق کرلیا کریں۔

یاد رہے کہ پاکستانی میڈیا میں یہ خبریں 23جون کو چلیں کہ احسن اقبال کو آئیسیسکوکی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔۔جس پر 24جون کو آئیسیسکو نے اپنی آفیشل ویب سائیٹ پر وضاحت جاری کی تھی۔

پاکستانی میڈیا میں شائع خبروں میں کہا گیا تھا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو مراکش میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نواز دیا گیا۔

احسن اقبال کو مراکش کے دارالحکومت رباط میں اسلامک ورلڈ ایجوکیشنل، سائنٹیفک اور کلچرل آرگنائزیشن کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے اوروفاقی وزیر احسن اقبال کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ اسلامی ممالک یونیورسٹیز کے چھٹے وائس چانسلرز فورم کے اجلاس میں دیا گیا ہے۔