1
سعودی عرب کا خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار پر وزیراعظم سے اظہارِ تشکر،وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی سطح پر تعاون کے امور زیر بحث آئے۔ملاقات کے دوران وزیراعظم نے حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کیلئے اپنے پرخلوص جذبات کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے 24 جون کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ہونے والی اپنی حالیہ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کے لئے سعودی عرب کی کوششوں کی بھرپور تحسین کی، انہوں نے بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے قیام میں سعودی عرب کے تعمیری کردار کو بھی سراہا، جسے انہوں نے خطے میں استحکام کیلئے ایک مثبت پیشرفت قرار دیا۔پاکستان نے جولائی کے مہینے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھال لی ہے اور انہوں نے اس دوران سعودی عرب کی حمایت سے اپنی قیادت کو مضبوطی سے آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
2
اسرائیل غزہ میں 60 روزہ جنگ بندی پر تیار ہوگیا، امریکی صدر کا دعویٰ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ 60 روز کے دوران جنگ کے خاتمے کیلئے تمام پارٹیز کے ساتھ مل کرکام کریں گے، میرے نمائندوں کی اسرائیلی حکام سے غزہ کی صورتحال پر آج طویل و نتیجہ خیز ملاقات ہوئی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا کہ امید ہے حماس اس معاہدے کو قبول کرے گی، اگر ایسا نہ ہوا تو صورتحال مزید خراب ہوتی چلی جائے گی۔
3
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ سانحہ سوات میں غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔بیرسٹر ڈاکٹر سیف حکومتی وفد کے ہمراہ سانحہ سوات سیلاب میں شہید ہونے والے مردان کے ایک ہی خاندان کے 3 افراد کے لواحقین کے گھر پہنچے، وفد نے غمزدہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے تعزیتی پیغام پہنچایا۔وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور پوری صوبائی حکومت لواحقین کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے، سانحہ سوات پر پوری قوم غمزدہ ہے اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، حکومت کی جانب سے اعلان کردہ معاوضہ جلد لواحقین کو فراہم کیا جائے گا۔
4
پاکستان نے اقوام متحدہ میں بھارت کا بھیانک چہرہ اور ناپاک عزائم بے نقاب کردیے۔بھارتی بیان کے جواب میں سیکنڈ سیکرٹری ربیعہ اعجاز نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جوابی بیان دیا جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے بھارتی مندوب کے ریمارکس کا جواب دینے پر مجبور ہونا پڑ رہا ہے، یہ ایک کلاسیکی مثال ہے جس میں مظلوم بننے کا دعویٰ اصل میں مظالم ڈھانے والا کرتا ہے۔ ایک ایسا ریاستی نظام جس نے نفرت کو بطور ہتھیار استعمال کیا، ہجوم کے تشدد کو معمول بنایا اور امتیازی سلوک کو اپنے ہی شہریوں اور مقبوضہ علاقوں کے لوگوں کے خلاف قانون کا حصہ بنا دیا اسے ذمہ داری برائے تحفظ پر کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں۔بی جے پی، آر ایس ایس کے تحت بھارت ایک اکثریتی آمریت میں تبدیل ہو چکا ہے جہاں تمام اقلیتیں، مسلمان، عیسائی اور دلت مسلسل خوف و جبر کے سائے تلے زندگی گزار رہے ہیں، لنچنگ پر خاموشی اختیار کی جاتی ہے، بلڈوزر اجتماعی سزا کا ذریعہ بن چکے ہیں، مساجد کو شہید کیا جاتا ہے اور شہریت کا حق مذہب کی بنیاد پر چھینا جاتا ہے۔یہ کسی عوام کی حفاظت نہیں بلکہ ان کا ریاستی سطح پر ظلم ہے، ایسا ظلم جو قانون کی آڑ میں کیا جاتا ہے، اقتدار اسے فخر سے پیش کرتا ہے اور پھر بھی، بھارتی وفد بین الاقوامی اصولوں کی بات کرتا ہے ، جب کہ بھارت نے نہ صرف اپنے ہی لوگوں بلکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بھی دبا رکھا ہے، خاموش کرا رکھا ہے اور بری طرح ناکام ہوا ہے۔
5
وزیراعظم سے عرفان صدیقی کی ملاقات، تعلیمی اداروں بارے گفتگو،محمد شہباز شریف نے کہاعلمی و ادب کے سر چشمے معاشرے کی روح ہوتے ہیں، معاشرے کو انتہا پسندی جیسے مرض سے پاک ہونا چاہئے، انتہا پسندی سے پاک معاشرے سے ہی ہمارا حقیقی مثبت امیج دنیا کے سامنے ابھرے گا۔اداروں کے نظم و نسق اور کارکردگی بہتر بنانے کیلئے جلد کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔وزیراعظم محمد شہبازشریف سے رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے بھی ملاقات کی، اعجاز الحق نے شہباز شریف کو بجٹ کی منظوری پر مبارکباد دی، ملاقات میں متعلقہ حلقوں کے امور پر گفتگو کی گئی۔
6
سوات واقعہ: خیبرپختونخوا حکومت کا فلڈ فائٹنگ آلات خریدنے کا فیصلہ،ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے فلڈ فائٹنگ آلات خریدنے کا فیصلہ کیا ہے جن میں ڈرونز اور واٹر ریسکیو بوٹس شامل ہیں، سیلاب اور دیگر ایمرجنسی صورتحال میں اب ڈرونز کا استعمال کیا جائے گا، ڈرونز میں کئی سو کلو گرام وزن اُٹھانے کی صلاحیت ہوگی۔خیبرپختونخوا محکمہ ریلیف نے 30 قیمتیں ڈرونز خریدنے کیلئے تیاری مکمل کر لی، 10 ایچ 30 ٹرانسپورٹیشن ڈرونز خریدے جائیں گے جس میں 100 کلو گرام تک وزن اٹھانے کی صلاحیت ہوگی، 20 ایسے ٹرانسپورٹیشن ڈرونز خریدے جائیں گے جو 50 کلوگرام تک وزن اٹھا سکتے ہوں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرونز کی خریداری پر 406 ملین روپے کی لاگت آئے گی جس کیلئے وزیراعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو 331 ملین روپے کے فنڈز جاری کرنے کی ہدایات کر دی، ڈرونز اور بوٹس کی فی الفور خریداری کیلئے اقدامات مکمل کر لئے گئے۔
7
جون 2025 میں فتنہ الہندوستان کی جانب سے دہشتگردی کی 78 کارروائیاں کی گئیں جن میں 100 افراد جاں بحق اور 189 زخمی ہوئے۔دہشتگردی پر کام کرنے والے تھنک ٹینک کی رپورٹ کے مطابق جون میں سکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائیوں میں 71 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ 52 مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2025 کے پہلے چھ ماہ کے دوران ملک میں دہشتگردی کے 502 واقعات رپورٹ ہوئے جن میں 737 افراد جاں بحق اور 991 زخمی ہوئے، دہشتگردی کے ان واقعات میں زیادہ تر حملے سکیورٹی فورسز، عوامی مقامات اور اہم تنصیبات پر کیے گئے۔
8
ایف ایف ڈی 4 کانفرنس: وزیر خزانہ کا عالمی مالیاتی نظام میں انصاف اور شمولیت بڑھانے پر زور،دورہ سپین کے دوران وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایف ایف ڈی 4 کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کی اور عالمی مالیاتی نظام میں انصاف اور شمولیت بڑھانے بارے ضرورت پر زور دیا۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے خطاب میں کہا کہ عالمی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی فوری ضرورت ہے، ترقی پذیر ممالک قرض، ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہیں۔وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ نے کمپرومیسو دے سیویل اعلامیے کی تجاویز کو سراہا، اقوامِ متحدہ کے زیر نگرانی عالمی قرضہ نظام بارے اصلاحات تجویز کیں، وزیر خزانہ نے پاکستان کی معیشت کیلئے لئے گئے اقدامات کو اجاگر کیا۔سینیٹر اورنگزیب نے کہا کہ مؤثر اور منصفانہ مالی معاونت وقت کی اہم ضرورت ہے، پائیدار ترقی کے لیے شمولیتی اور منصفانہ عالمی نظام ناگزیر ہے۔
9
شہر قائد میں باپ نے نافرمان بیٹے کو قتل کر دیا۔واقعہ اورنگی ٹاؤن کے علاقے راجہ تنویر کالونی میں پیش آیا جہاں پر خاندانی جھگڑے نے ہولناک رخ اختیار کر لیا، باپ نے مبینہ طور پر نافرمانی پر بیٹے کو بیلچے کے وار سے قتل کر دیا۔واقعہ کی اطلاع پر فوری طور پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا، پولیس حکام کے مطابق مقتول کی شناخت 21 سالہ علی خان کے نام سے ہوئی ہے، جس کی لاش کو قانونی کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
10
نیپرا نے بجلی کی بنیادی قیمتوں میں اوسط ایک روپے 14 پیسے فی یونٹ کمی کا فیصلہ جاری کر دیا تاہم لائف لائن صارفین اس ریلیف سے محروم رہیں گے، فیصلہ نوٹیفکیشن کے لیے وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے نرخ 10 روپے 54 پیسے فی یونٹ جبکہ 101 سے 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 13 روپے 01 پیسہ فی یونٹ مقرر کیے گئے ہیں۔نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے 100 یونٹ پر 22 روپے 44 پیسے فی یونٹ، 101 سے 200 یونٹ پر 28 روپے 91 پیسے فی یونٹ جبکہ 201 سے 300 یونٹ پر 33 روپے 10 پیسے فی یونٹ نرخ مقرر کیے گئے ہیں، 300 یونٹ سے زائد استعمال کرنے والے ٹی او یو نان پروٹیکٹڈ صارفین 41 روپے 78 پیسے فی یونٹ ادا کریں گے۔
11
خیبر پختونخوا: ایکسائز ریونیو ہدف حاصل کرنے میں ناکام، مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف،2024-25 کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق محکمہ کو 5 ارب 69 کروڑ 20 لاکھ روپے کا ہدف دیا گیا تھا تاہم محکمے نے صرف 4 ارب 52 کروڑ 80 لاکھ روپے کی وصولی کی جس سے خزانے کو ایک ارب 16 کروڑ 30 لاکھ روپے کا نقصان ہوا۔رپورٹ کے مطابق پراپرٹی ٹیکس میں مقررہ ہدف سے 79 کروڑ 40 لاکھ روپے کم وصولی ہوئی جبکہ پروفیشنل ٹیکس میں 15 کروڑ 30 لاکھ روپے اور پروونشل ایکسائز ڈیوٹی میں ایک کروڑ 40 لاکھ روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔گاڑیوں کی ٹوکن فیس کا ہدف 95 کروڑ روپے تھا مگر صرف 70 کروڑ روپے جمع ہوسکے جس سے 24 کروڑ 80 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، رجسٹریشن فیس میں 51 لاکھ 90 ہزار روپے اور تمباکو ٹیکس سرچارج میں 2 کروڑ 20 لاکھ روپے کی کمی رپورٹ ہوئی۔آڈٹ رپورٹ میں کمزور مالیاتی نظام اور مالی بدعنوانیوں کو ان بے ضابطگیوں کی وجہ قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔