1
ملکی سیاسی میدان میں نئی انٹری؛ الیکشن کمیشن نے نئی جماعت رجسٹر کرلی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئی سیاسی جماعت ’’بہاولپور عوامی حقوق پارٹی‘‘کو باقاعدہ طور پر رجسٹر کر لیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ اس اندراج کے بعد ملک میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد بڑھ کر 167 ہو گئی ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں بہاولپور عوامی حقوق پارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات کو بھی تسلیم کر لیا گیا ہے، جس کے مطابق محمد سلمان مہتاب کو پارٹی کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔بہاولپور عوامی حقوق پارٹی کی رجسٹریشن سے جنوبی پنجاب، خصوصاً بہاولپور کے عوامی مسائل اور حقوق کے لیے ایک نئی سیاسی آواز سامنے آئی ہے، جو آئندہ عام انتخابات میں اپنا کردار ادا کرنے کی اہل ہو گئی ہے۔
2
امریکی انٹیلی جنس ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے اسرائیل کے حملوں کے بعد گزشتہ ماہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی تیاریاں کی تھیں۔ذرائع کے مطابق، ایران نے خلیج فارس میں بحری جہازوں پر بارودی سرنگیں لوڈ کی تھیں، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ آیا ان مائنز کو بعد میں جہازوں سے اتارا گیا یا نہیں۔امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ معلومات سیٹلائٹ تصاویر اور دیگر خفیہ ذرائع کے ذریعے حاصل کی گئیں۔اگر ایران یہ اقدام کرتا تو یہ عالمی سطح پر شدید کشیدگی پیدا کر سکتا تھا کیونکہ آبنائے ہرمز توانائی کی ترسیل کا سب سے اہم بحری راستہ ہے۔
3
ائیر چیف مارشل کا اسپیکر قومی اسمبلی کو جوابی خط،اپنے خط میں ائیر چیف مارشل نے کہا کہ بھارتی جارحیت کے خلاف قومی یکجہتی قائم کرنے کیلئے اسپیکر سردار ایاز صادق کا کردار قابل ستائش ہے، پارلیمانی قیادت کی جانب سے قومی اتحاد کے مظاہرے پر پاک فضائیہ شکر گزار ہے۔ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے لکھا کہ قومی اسمبلی کے معزز ارکان کی پاک فضائیہ کے حق میں یکجہتی قابلِ فخر ہے، دشمن کی جارحیت کے مؤثر جواب دینے پر پارلیمانی و قومی قیادت کی جانب سے خراج تحسین ناقابل فراموش ہے، پاک فضائیہ کی کامیابی ربِ کریم کی خاص عنایت اور قومی اتحاد و یکجہتی کا نتیجہ ہے۔ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ قومی اتحاد و یکجہتی نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا، قوم کی حمایت سے مسلح افواج ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کے دفاع کیلئے ہر لمحہ تیار ہے، پاک فضائیہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کو اپنی مقدس ذمہ داری سمجھتی ہے۔ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے قومی اہداف کی تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
4
ایشین یوتھ گرلز نیٹ بال چیمپیئن شپ؛ پاکستان فائنل میں پہنچ گیاسیمی فائنل میں پاکستان نے جاپان کو 39 کے مقابلے میں 64 گول سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔پاکستان فائنل کل مالدیپ اور چائنیز ٹائی پے کے میچ کی فاتح سے کھیلے گا۔
5
پی ایس ایل 10 میں ویور شپ کا نیا ریکارڈ، تعداد اربوں تک پہنچ گئی۔پاکستان سپر لیگ کی انتظامیہ پھر سے ایکشن میں آگئی، سی ای او سلمان نصیر کی زیر قیادت اسٹیک ہولڈرز سے لاہور میں ملاقات کی، جس میں فرنچائزز، اسپانسرز اور کمرشل پارٹنرز شریک ہوئے۔بورڈ نے پی ایس ایل کی 10 سالہ ترقی کا ڈیٹا پیش کیا، نویں اور دسویں ایڈیشن کے اعداد و شمار کا موازنہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں پیش کردہ شماریات کے مطابق پاکستان سپر لیگ روز بروز مقبولیت کی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے، نویں ایڈیشن کو پاکستان میں 455 ملین ناظرین میسر آئے جبکہ رواں برس منعقدہ 10 ویں ایڈیشن میں یہ تعداد بڑھ کر 3.4 بلین (3ارب 40کروڑ) تک پہنچی۔
6
ہائی کورٹ کی ماہِ جُون کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی ہے، جس کے مطابق قائم مقام چیف جسٹس مقدمات نمٹانے کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔جُون 2025ء کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ نے مجموعی طور پر 985 مقدمات نمٹائے۔ اس حوالے سے عدالت کی ماہ جون کی ججز کارکردگی رپورٹ یکم سے 30 جون 2025 کے عرصے پر مشتمل ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ جسٹس انعام امین منہاس 313 مقدمات نمٹا کر دیگر تمام ججز میں سرفہرست رہے۔رپورٹ کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس محمد اعظم خان نے بالترتیب 125، 125 مقدمات کے فیصلے سنائے اور دوسرے نمبر پر رہے جب کہ قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے ماہ جون میں 92 مقدمات نمٹائے اور اس طرح وہ تیسرے نمبر پر آئے۔جسٹس محمد آصف نے 67 کیسز نمٹائے جب کہ جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے 58 مقدمات کا فیصلہ کیا۔ اسی طرح جسٹس ارباب محمد طاہر نے 46، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے 45 اور جسٹس خادم حسین سومرو نے بھی 45 مقدمات نمٹائے۔مزید برآں جسٹس بابر ستار نے 41 جب کہ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے 28 مقدمات کے فیصلے کیے۔
7
امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے اعتراف کیا ہے کہ حالیہ امریکی فضائی حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام کو صرف 1 سے 2 سال تک پیچھے دھکیلا ہے۔یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کے برعکس ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکی حملوں نے ایران کے ایٹمی پروگرام کو "کئی دہائیوں” تک روک دیا ہے۔پینٹاگون کے ترجمان شان پارنیل نے ایک پریس بریفنگ میں بتایا: ’’ہم نے کم از کم ایک سے دو سال تک ان کے پروگرام کو بڑھنے سے روکا ہے۔‘‘’’ہماری انٹیلی جنس کے مطابق ایران کی کئی تنصیبات مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہیں۔‘‘22 جون کو امریکہ نے بی ٹو بمبار طیاروں کے ذریعے ایران کی تین بڑی جوہری تنصیبات پر حملے کیے تھے۔ ان حملوں میں بنکر بسٹر بم اور 20 سے زائد ٹام ہاک کروز میزائل استعمال کیے گئے۔اس کے باوجود امریکی خفیہ ادارے کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق یہ حملے پروگرام کو صرف چند مہینوں یا ایک سے دو سال پیچھے لے گئے ہیں۔امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگزیتھ کا کہنا ہے کہ فی الحال ایسا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ ایران نے افزودہ یورینیم کو ان حملوں سے قبل کسی اور مقام پر منتقل کیا ہو۔
8
راولپنڈی، جی ایچ کیو حملہ سمیت 9 مئی کے 12 کیسز کی سماعت آج ہو گی۔ان مقدمات میں جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) پر حملہ کیس بھی شامل ہے، تاہم یہ کیس کچہری سماعت کی بجائے عدالت میں سنا جائے گا۔ذرائع کے مطابق تمام مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کریں گے اور یہ سماعتیں راولپنڈی کی ضلع کچہری میں واقع انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوں گی۔عدالت کے اطراف سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔آج کی سماعت میں 9 مئی کے 11 مقدمات میں باقی رہ جانے والے ملزمان کو چالان کی نقول تقسیم کی جائیں گی۔عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چالان کی تقسیم کا پراسس مکمل کیا جائے گا، جس کے بعد باقاعدہ فردِ جرم عائد کرنے کے مراحل کی طرف پیش رفت متوقع ہے۔
9
ایئر چیف کا تاریخی دورہ امریکا، عسکری اور سیاسی قیادتوں سے ملاقاتیں، دفاعی تعاون پر اتفاق،یہ دورہ اہم علاقائی اور عالمی سلامتی کے مسائل سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی تعلقات کو استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق دورے کے دوران، ایئرچیف نے امریکہ کی اعلیٰ عسکری اور سیاسی قیادت سے کئی اہم ملاقاتیں کیں۔پینٹاگون میں، انھوں نے امریکی فضائیہ کی سیکرٹری برائے بین الاقوامی امورکیلی ایل سیبولٹ اور امریکی فضائیہ کے چیف آف سٹاف جنرل ڈیوڈ ڈبلیو ایلون سے ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ عسکری تعاون، باہمی امور، مشترکہ تربیت اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے لیے نئی راہیں استوار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستان اور امریکا کے مابین تاریخی اور کثیر الجہتی تعلقات بالخصوص دفاعی شعبوں میں تعاون پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے دونوں ممالک کی فضائیہ کے مابین عسکری تعاون اور تربیتی شعبوں میں پہلے سے موجود تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
10
سینیٹ کمیٹیوں میں توانائی بحران، تعمیراتی بدانتظامی اور مالی بے ضابطگیوں پر کڑی تنقید،سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کا اجلاس چیئرمین سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت ہوا، جس میں آئی پی پیز، گردشی قرض، لوڈشیڈنگ اور توانائی کے شعبے میں بے ضابطگیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ ارکان نے وفاقی وزیر توانائی کی اجلاس میں عدم موجودگی کو غیر سنجیدگی قرار دیتے ہوئے شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔دوسری جانب چیئرمین کمیٹی ناصر محمود کی زیر صدارت اجلاس میں سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ اگر فنڈز فراہم نہ کیے گئے تو اسلام آباد ماڈل جیل کی تعمیر رک سکتی ہے۔ حکام کے مطابق تاخیر اور مالی وسائل کی کمی کے باعث لاگت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔اجلاس میں پاک پی ڈبلیو ڈی کی مری میں زمین کے کیس سے متعلق بتایا گیا کہ وزارت ہاؤسنگ نے قانونی جنگ جیت لی ہے۔ اجلاس کے دوران 617 اسامیوں کی قبل از وقت بھرتیوں کا معاملہ بھی سامنے آیا، جس پر فنانس ڈویژن نے خبردار کیا کہ اس اقدام سے قومی خزانے پر اربوں روپے کا بوجھ پڑ سکتا ہے۔
11
جنوبی افریقہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمومبیمبو نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران، سربراہان نے پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ دونوں فضائی افواج کے مابین تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا،آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبیمبو کی آمد پر پاک فضائیہ کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔انہوں نے پاک فضائیہ کی جدید عسکری صلاحیتوں اور خود انحصاری کے زریعے اسے جدید خطوط پر استوار کرنے کے اپنے ویژن سے آگاہ کیا۔لیفٹیننٹ جنرل وائز مین سیمو مبیمبو نے پاک فضائیہ کی جانب سے شاندار مہمان نوازی پر ائیر چیف کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔