1
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کو کہا کہ آپ ہمیں دھمکی دے رہے ہیں، اس پر وزیر مملکت داخلہ نے جواب دیا کہ دھمکی تو آپ دے رہی ہیں۔خرم نواز کی صدارت میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس ہوا جس میں شاذیہ مری کی جانب سے سی ڈی اے ترمیمی بل پیش کیا گیا۔وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری بھی کمیٹی اجلاس میں موجود تھے، شازیہ مری نے کہا کہ پانچ اجلاس کے بعد آج یہ بل ایجنڈے میں شامل کیا گیا ہے۔اجلاس میں آئین کی سپریمیسی کے معاملے پر ارکان کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا، وزارت قانون نے کہا کہ سب پہلے آئین سپریم ہے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ دوبارہ یہ بات دہرائیں سننے میں اچھا لگ رہا ہے۔ اہلکار وزارت قانون نے کہا کہ آپ جو کہنا چاہ رہے ہیں میں سمجھ گیا ہوں۔زرتاج گل نے کہا کہ نہیں ہم سمجھنا چاہ رہے ہیں، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ جو نہیں سمجھتے ان کو سمجھا دیا جائے گا۔اجلاس میں وزرات قانون کے افسر کے معاملے پر ارکان نے ایک دوسرے پر تنقید کی، شازیہ مری نے کہا کہ میں اس افسر کے خلاف تحریک استحقاق لاؤں گی، طلال چوہدری نے کہا کہ آپ تحریک لائیں میں خود اس کا سامنا کرونگا۔شازیہ مری نے کہا کہ آپ ہمیں دھمکی دے رہے ہیں، طلال چوہدری نے جواب دیا کہ دھمکی تو آپ دے رہی ہیں۔
2
خیبرپختونخوا میں 14 جولائی سے پولیو مہم کا آغاز،نیشنل ای او سی کے مطابق کوہستان اپر، کوہستان لوئر اور کولائی پالس میں بھی پولیو مہم کا آغاز ہوگا۔ خصوصی پولیو مہم کے دوران 1 لاکھ 58 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔نیشنل ای او سی کے جاری کردہ بیان کے مطابق ہائی رسک یونین کونسلز پر خصوصی توجہ کے ساتھ مؤثر حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے. والدین سے اپیل ہے کہ ہر بار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں.مزید برآں پولیو سمیت دیگر بیماریوں سے بچاؤ کے لیے حفاظتی ٹیکہ جات بھی مکمل کروائیں۔ پولیو ویکسین بچوں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔ادارے کا یہ بھی کہنا تھا کہ کمیونٹی سے اپیل ہے کہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔
3
خیبر پختونخوا میں دیرینہ دشمنی خونریز تصادم میں تبدیل ہو گئی اور فائرنگ کے نتیجے میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔پولیس حکام کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل پہاڑپور کے علاقے رحمانی خیل میں دیرینہ دشمنی ایک بار پھر خونریز تصادم میں بدل گئی، جہاں دو مخالف گروپوں کے درمیان رات 3 بجے کے قریب شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک گروپ کے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔واقعہ تھانہ پنیالہ کی حدود میں پیش آیا، جہاں دشمنی کی بنا پر دونوں گروپ آمنے سامنے آ گئے اور فائرنگ شروع ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں نعمت اللہ، محمد سلیم اور زاہد شامل ہیں، جن کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ حالات کو قابو میں رکھنے کے لیے سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جب کہ فریقین کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
4
دریائے سندھ میں بھکر کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب، فلڈ وارننگ جاری،محکمہ آبپاشی کے مطابق چشمہ بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 83 ہزار 656 کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 62 ہزار 456 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ایس ای انہار بھکر کے مطابق سپر بند کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اور فلڈ کیمپوں میں عملہ ہمہ وقت تعینات ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر بھکر محمد اشرف نے بتایا کہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں دریائے سندھ کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ٹیمیں اور فلڈ کنٹرول سیل مکمل طور پر الرٹ ہیں، جبکہ فلڈ وارننگ بھی جاری کر دی گئی ہے۔ڈی سی بھکر نے کچہ اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر عوام کو محتاط رہنے اور غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
5
صدر ٹرمپ کی پیوٹن پر سخت تنقید، روس پر مزید پابندیوں کا عندیہ دے دیاٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ وہ ماسکو کے خلاف مزید سخت اقتصادی پابندیوں پر بھی غور کر رہے ہیں۔وائٹ ہاؤس میں کابینہ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے روس-یوکرین جنگ میں ہونے والے انسانی جانوں کے نقصان پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ میں پیوٹن سے خوش نہیں ہوں کیونکہ روسی اور یوکرینی فوجی ہزاروں کی تعداد میں مارے جا رہے ہیں، اور روسی صدر کی جانب سے بہت خوش اخلاقی دکھائی جاتی ہے لیکن وہ صرف دکھاوے پر مبنی ہوتی ہےصدر ٹرمپ نے روس کے خلاف سینیٹ میں زیر غور ایک سخت پابندیوں کے بل کی حمایت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ میں اس بل پر سنجیدگی سے غور کر رہا ہوں۔