اسلام آباد (محمداکرم عابد) پارلیمانی پبلک اکاؤنٹس کی خصوصی کمیٹی نے پی ٹی وی میں جعلی اسنادپربھرتی اور گھوسٹ ملازمین کی ایف آئی اے کو تحقیقات کی ہدایت کردی۔

80سے زائدمبینہ گھوسٹ ملازمین کی نشاندہی ان کی جانب سے حاضری کے لئے بائیومیٹرک نہ کرنے پر ہوئی ہے۔ گھوسٹ ملازمین ثابت ہوئے تو ان کی تنخواہوں کی ریکوری اور زمہ داران کا تعین ہوسکے گا ۔

کمیٹی اجلاس کنوینر معین عامر پیرزادہ کی صدارت میں منعقدہوا۔وزارت اطلاعات و نشریات سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیتے ہوئے بھرتیوں حسابات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

پیمرا کی جانب سے لائسنس فیس کی مد میں بقایاجات کی ریکوری نہ کئے جانے سے متعلق آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ17 ملین کی رقم رہتی ہے، حکام کا کہنا تھا کہ واجبات کی تصدیق کی ہے۔اس میں زیادہ تر کیبل آپریٹرز ہیں، ہم ریکور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، ارکان نے کہا کہ آڈٹ کی نشاندہی پراب تو یہ ریکوری ہوگی، پہلے سوئے تھے۔کمیٹی نے معاملے پر ایک اور ڈی اے سی کرنے کی ہدایت کردی۔پی ٹی وی کی جانب سے سرکاری رہائش گاہیں استعمال کرنے والے 94 ملازمین کو ہاوس الاونس بھی دیئے جانے کا انکشاف ہوا۔

آڈٹ رپورٹ کے مطابق2021.22 میں ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی ہاوس الاونس کی مد میں ادائیگی کی گئی، ان ملازمین کو سرکاری رہائش بھی ملی اور ہاوس الاونس بھی لے رہے تھے، کمیٹی نے جو الاونسز لینے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی، معین عامر پیرزادہ، خواجہ شیراز محمود نے کہا کہ یہ معاملہ تو اہمیت کا ہے، اس پر تو ایکشن ہونا چاہئے، جنہوں نے پیسے لئے ان سے ریکوری کریں۔ کمیٹی نے رقم کی ریکوری کا حکم دیتے ہوئے پیسے دینے والے افسران کے خلاف بھی کاروائی کی ہدایت کردی ۔

سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ زیادہ تر تو فوت ہوگئے ہوں گے یا پنشن پر ہوں گے ، ارکان نے استفسار کیا کہ کتنے لوگ ریٹائرڈ ہیں؟ حکام کے مطابق بیشتر ریٹائرڈ ہوکرچلے گئے۔کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ جن افسران نے رولز کی خلاف ورزی کی، ان پر ذمہ داری فکس کریں،پی ٹی وی میں جعلی ڈگریوں پر بھرتی ہونے والے ملازمین بارے بتایا گیا کہ انھیںبرطرف کر دیا گیا تھا،کمیٹی نے معاملہ ایف آئی اے کے سپرد کرنے کی ہدایت کردی۔27 سال بعد ملازمین کی ڈگریاں چیک کی گئیں۔

یادرہے کہ ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق پی ٹی وی میں 84 ایسے ملازمین تھے جن کی جانب سے بائیو میٹرک نہیں کی جارہی تھی ان کو نکال دیا گیا ہے تاہم بعض ارکان پارلیمان نے ان کے گھوسٹ ہونے کا شبہ ظاہرکیا ہے:۔پی ٹی وی میں 280 ملازمین کی ڈگریوں کی تصدیق بھی نہ ہوسکی ان کو بھی نکالاجارہا ہے ۔ معاملہ ایف آئی اے تک پہنچ گیا ہے۔