عمرکوٹ (ای پی آئی ) سندھ کے ضلع عمرکوٹ کے نواحی علاقے روحل واہ کے قریب قدیمی قبرستان میں نامعلوم افراد کی جانب سے قبروں کی بے حرمتی ،متعدد قبریں مسمار کر دیں ، حفاظتی جھاڑیوں کو آگ لگا دی، حر جماعت کے سینکڑوں مریدین کا سخت احتجاجی مظاہرہ انتظامیہ سے فوری ایکشن کا مطالبہ۔
تفصیل کے مطابق عمر کوٹ کے نواحی علاقے میں قبروں کی بے حرمتی پر حر جماعت کے رہنماؤں نور محمد مہر، حسن مہر، محب منگریو، عارف مہر، حلیم مہر اور ودھن مہر نے کہا کہ یہ قبرستان کئی سالوں سے پیر پگارا کی زیارت کے لیے وقف ہے اور اس پر قبضہ کرنے کی کوشش ایک سوچی سمجھی سازش کا حصہ ہے
ان کا کہنا تھا کہ کچھ شرپسند عناصر سیاسی سرپرستی کے بل پر اس مقدس مقام پر قبضے کی ناپاک کوشش کر رہے ہیں، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا نور محمد مہر نے کہا کہ حر جماعت ایک پرامن مذہبی جماعت ہے جو ہمیشہ قانون اور ریاستی اداروں کا احترام کرتی آئی ہے، لیکن قبرستان کی بے حرمتی ہماری روحانی وابستگی پر حملہ ہے ہم انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے شرپسند عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور اس زیارتی زمین کو محفوظ بنایا جائے
دوسری جانب متنازعہ پلاٹ پر دعویدار منگریا برادری کے افراد نے ہاتھوں میں قرآن پاک اٹھا کر مؤقف دیا کہ ہم نے نہ کبھی قبرستان کو نقصان پہنچایا اور نہ ہی پگارا خاندان کے کسی مقام کو، اور ہم اس قسم کی سوچ کا تصور بھی نہیں کر سکتے واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی کی فضا قائم ہے، جب کہ انتظامیہ نے صورتِ حال کا جائزہ لیتے ہوئے فریقین سے رابطے شروع کر دیے ہیں