اسلام آباد (ای پی آئی) زرعی شعبے سے وابستہ ماہر سائنسدان و صدارتی ایوراڈ یافتہ چئیرمین پی اے آر سی ڈاکٹر غلام محمد علی ڈائریکٹراخلاق ملک کو ایف آئی اے نے گرفتارکرلیا ۔

ایف آئی اے نے چئیرمین ڈاکٹر غلام محمد علی اور ڈائریکٹر(اسٹیبلشمنٹ) اخلاق احمد ملک کو 13جولائی کو گرفتار کیاگیا ۔دونوں ملزمان کوریمانڈ کیلئے آج جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں پیش کیا جائے گا.

ایف آئی اے کی جانب سے دائر مقدمہ کے مطابق چئیرمین پی اے آر سی پر آڈٹ اعتراض تھا کہ انہوں نے اپنے ادارے میں بھرتیوں میں مروجہ طریقہ کار نظر انداز کیا ہے ۔

چئیرمین کی گرفتاری عین اسوقت سامنے آئی جب چند روز بعد انکی مدت ملازمت میں توسیع ہونے والی تھی

ذرائع کے مطابق وزارت فوڈ سیکیورٹی کے وزیر اور وفاقی سیکریٹری چئیرمین کو عہدے سے ہٹانے کے لئے سرگرم تھے۔ذاتی عناد پر چئیرمین کے خلاف متعدد پٹیشنز بھی دائر ہوئیں تاہم اسلام ہائی کورٹ نے انہیں عہدے پر بحال رکھا ۔

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے گذشتہ کل ہی مقدمہ درج کیا،اور چند گھنٹے بعد ہی چئیرمین کو گرفتار کرلیا ۔مقدمے میں چئیرمین سمیت پی اے آر سی کے 19 سائنسدان اور اعلی افسربھی نامزد ہیں ۔

مقدمہ کے مطابق چیئرمین اور دیگر ملزمان پر غیر قانونی بھرتیوں کے لئے مبینہ رشوت لینے کے الزامات بھی ہیں

ایف آئی اے نے پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل کے خلاف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے حکم پر تحقیقات مکمل کرتے ہو ئے مقدمہ درج کیا۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے زرعی شعبے سے وابستہ ماہر سائنسدان چئیرمین پی اے آر سی ڈاکٹر غلام محمد علی کو رواں سال ہی صدارتی ایوارڈ سے نوازا تھا.